• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترین گروپ نے عثمان بزدار سے باضابطہ راستے الگ کرلیے


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جہانگیر ترین گروپ نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اپنے راستے باضابطہ الگ کرلیے ہیں۔

لاہور میں ترین گروپ کا اہم اجلاس عون چوہدری کی رہائشگاہ پر ہوا، جس میں عون چوہدری نے اجلاس کے شرکاء کو وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کے رابطے سے آگاہ کیا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں ممکنہ تبدیلی کی صورت میں ترین گروپ وزیراعلیٰ کےلیے اپنے امیدوار کے نام کا فیصلہ کرے گا۔

اجلاس کے بعد نعمان لنگڑیال نے میڈیا کو بریفنگ دی اور کہا کہ وفاق نے رابطہ ضرور کیا ہے مگر بات مائنس عثمان بزدار پر ہی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین ویڈیو لنگ کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے، ارکان نے انہیں سیاسی رابطوں پر اعتماد میں لیا۔

نعمان لنگڑیال نے کہا کہ گروپ کے تمام فیصلوں کا اختیار جہانگیر ترین کے سپرد کردیا ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ 3 گھنٹے طویل مشاورت کی ہے، دیگر سیاسی جماعتوں نے بھی گروپ سے رابطہ کیا ہے۔

نعمان لنگڑیال نے مزید کہا کہ علیم خان حال ہی میں گروپ میں شامل ہوئے ہیں تو انہیں بتادیا گیا ہے کہ جو فیصلے جہانگیر ترین کریں گے، وہ انہیں ماننا پڑیں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وزیراعلی پنجاب علیم خان ہوں گے یا نہیں یہ فیصلہ جہانگیر ترین کریں گے اور ہم سب کو فیصلہ منظور ہوگا۔

جہانگیر ترین گروپ کا یہ بھی کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں ہمارے وزرا کے نہ بیٹھنے کا بات قبل از وقت ہے، سیاسی صورت حال دیکھ کر فیصلہ کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید