• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تینوں ناراض PTI دھڑوں کو متحد کرنے کیلئے کمیٹی قائم

حکمراں جماعت پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے تینوں ناراض دھڑوں کو متحد کرنے کے لیے 3 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ کمیٹی میں جہانگیر ترین گروپ کی نمائندگی عون چوہدری کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی تینوں دھڑوں کو متحد کرنے اور مشترکہ لائحہ عمل پر غور کرے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے مختلف رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطے بھی کیے گئے ہیں۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ ناراض دھڑوں نے مشترکہ پاور گروپ بنانے پر کام بھی شروع کر دیا ہے۔

تینوں PTI دھڑوں میں باہمی رابطے

اس سے قبل پنجاب میں حکومت سازی کے معاملے پر پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے ناراض دھڑوں کے درمیان باہمی رابطے ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چھینہ گروپ، علیم خان گروپ اور جہانگیر ترین گروپ کے رہنماؤں نے ایک دوسرے سے رابطہ کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ تحریکِ انصاف کے تینوں دھڑوں کے سینئر رہنماؤں کے درمیان غیر رسمی مشاورت ہوئی۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب پر مشاورت

ذرائع نے بتایا تھا کہ تینوں دھڑوں نے اس بات پر مشاورت کی کہ پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے لیے کس کی حمایت کی جائے۔

ذرائع کے مطابق تمام گروپس کے درمیان آپس میں مزید مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق بھی ہوا۔

تینوں گروپس کی ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوشش

ذرائع نے مزید بتایا کہ رابطے کے دوران تینوں دھڑوں نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے لیے مشترکہ فیصلہ کرنے پر ایک دوسرے کو قائل کرنے کی کوشش بھی کی۔

ذرائع کے مطابق پسِ پردہ رابطوں کے ذریعے آج مزید اہم مشاورت بھی کی گئی جس کے نتیجے میں یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید