کہتے ہیں، کسی بھی مُلک کی تعمیر و ترقّی میں کھیلوں کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے کہ یہ کھیل، فنونِ لطیفہ ہی ہیں، جو نوجوانوں کو چُست درست، منظّم، وقت کا پابند بناتے، اُن کی قوّتِ ارادی مضبوط کرتے ہیں اور انہیں کم وقت، مشکل حالات میں فیصلہ لینے کے گُر سکھاتے ہیں۔ لیکن ہماری بد قسمتی کہہ لیجیے کہ دیگر شعبوں کی طرح ہمارے مُلک میں شعبۂ کھیل بھی انتہائی دگرگوں حالات سے دوچاراوروسائل کی کمی کا شکار ہے۔ یہ شعبہ کبھی سیاست کی نذر ہوجاتا ہے، تو کبھی لالچ اور ’’پرچی‘‘ سسٹم کی۔ ہمارے ہاں اسپورٹس کا شعبہ یا ان کی تنظیموں کی سرپرستی اس سطح پر کبھی کی ہی نہیں گئی، جیسے دیگر ممالک میں کی جاتی ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ ہمیں مغربی ممالک کی ترقّی، شان و شوکت تو نظر آتی ہے، لیکن کبھی اس حوالے سے غور و فکر نہیں کرتےکہ آخر ان کی ترقّی کا راز کیا ہے۔
یہ نہیں سوچتے کہ وہ قومیں صرف روبوٹ بنی، دن رات کاموں میں مشغول نہیں رہتیں، بلکہ کھیلوں کے میدان بھی آباد رکھتی ہیں۔ اپنی نسلِ نو کے مزاج، دل چسپی، قابلیت کے مطابق اسے آگے بڑھنے، پھلنے پھولنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔ جبھی وہ اقوام آج صرف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، تعلیم و ہنر ہی پر نہیں، کھیلوں کے میدانوں پر بھی راج کر رہی ہیں۔ ایسا نہیں ہے کہ ہمارے مُلک میں قابلیت، محنتی نوجوانوں یا کھیلوں میں دل چسپی لینے والوںکی کمی ہےکہ پاکستان کی تاریخ کھیلوں کے سنہری دَور سے بَھری پڑی ہے۔ ایک وقت تھا جب پاکستان بیک وقت کرکٹ، ہاکی، اسکواش اور اسنوکر کا عالمی چیمپئن تھا۔ خاص طور پر 70ء سے 90ء کی دہائی میں توپاکستان نے مختلف کھیلوں میں گراں قدر کام یابیاں حاصل کیں۔
ہماری ہاکی اور اسکواش ٹیمز کم از کم تین عشروں تک ناقابلِ تسخیر رہیں، پاکستانی کھلاڑیوں نے غیر معمولی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر اپنا نام اور پاکستانی پرچم بلند رکھا۔ یہ وہ دَور تھا، جب کھیلوں میں کمرشلائزیشن اور گلیمر شامل نہیں تھا، یہ وہ دَور تھا جب کھلاڑی پیسا بنانے کے لیے نہیں، مُلک کا نام روشن کرنے اور جھنڈا بلند کرنے کے لیے کھیلتے تھے اور یہی وہ دَور تھا کہ جب ہمارے کھیلوں کا شعبہ پسند، نا پسند، رشوت خوری، اقربا پروری جیسے عفریت سے پاک تھا۔ پھر آہستہ آہستہ وہ سنہری دَور، دولت، شہرت، گلیمر کی بھینٹ چڑھ کر ماضی کی بس ایک یاد بن گیا اور قومی کھیل سمیت دیگر تمام کھیلوں میں ہم پیچھے ہی جاتے گئے۔ البتہ سارا دھیان کرکٹ پر مرکوز کرلیا، جیسے اس کے سوا اور کوئی کھیل دنیا میں کھیلے ہی نہیں جاتے اور اب تو اس میں بھی کوئی خاصی کارکردگی نظر نہیں آتی۔
کھیلوں ہی کی بات کریں، تو ہمارے ہاں ایسے بے شمار کھلاڑی ہیں، جو وسائل نہ ہونے کے با وجود اپنی مدد آپ کے تحت مختلف کھیل سیکھتے اور پھر بین الاقوامی سطح پر ان میں حصّہ بھی لیتے ہیں، ان میں سے جو تمغہ یا اعزاز جیتنے میں کام یاب ہوجائے، اسے میڈیا کوریج بھی دی جاتی ہے اور سہولتیں دینے کے نام نہاد وعدے بھی کیے جاتے ہیں، جو کم ہی وفا ہوتےہیں۔ اس کے با وجودوطن کی محبّت میں گرفتار، اس مُلک کے باسی اپنے تئیں مُلک کا نام روشن کرنے میں کوشاں ہیں۔ ایسے ہی کھلاڑیوں میں ایک نام ’’مصطفیٰ علی‘‘ کا بھی ہے، جو پہلے پاکستانی ریسلر ہیں، جنہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں حصّہ لیا اور کام یابی بھی حاصل کی۔
پاکستانی نژاد امریکی ریسلر مصطفیٰ علی ڈبلیو ڈبلیو ای کے ریسلنگ پروگرام ’’205 لائیو‘‘ کا حصّہ ہیں، جس میں ان کے مقابلے نشر ہوتے رہتے ہیں، اسی طرح وہ پہلے پاکستانی ہیں جنہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کے فلیگ شِپ شو ’’را‘‘ میں مقابلہ کرنے کا موقع ملا۔ اس مقابلے میں مصطفیٰ کی ٹیم میں ٹی جے پارکِنز اور جیک گالیر شامل تھے اور ان کا مقابلہ ڈریو گولاک، ٹونی نیس اور آریہ دیواری سے ہوا۔ پہلے ہی میچ میں مصطفیٰ علی نے را میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس سے ان کے پرستاربہت خوش ہوئے، جب کہ بعد میں ایک شو کے آغاز میں انہوں نے اسرائیلی نژاد ریسلر، نوم ڈار کو شکست دے کر بھی پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔
واضح رہے، ڈبلیو ڈبلیو ای، انٹرٹینمنٹ کی دنیا کا ایک ایسا پروگرام ہے، جسے دنیا بھر میں وسیع پیمانے پر دیکھا اور پسند کیا جاتا ہے۔ لیکن اس بات میں بھی کوئی دورائے نہیں ہو سکتی کہ جب تک کسی کھیل میں مُلک کی نمایندگی نہ ہو، تب تک اُس مُلک یا قوم کے عوام کی اس کھیل میں دل چسپی پیدا نہیں ہوتی، کھیل عوام کو وہ مزہ یا تفریح فراہم نہیں کرپاتا، جو اپنی قومی ٹیم یا پلیئر کی موجودگی میں آتا ہے۔ ایسا ہی کچھ حال دنیا کے مشہور ترین کھیل ڈبلیو ڈبلیو ای کا بھی تھا، جس میں کچھ سا ل پہلے تک کوئی ایسا پلیئر موجود نہیں تھا، جو وہاں سبز ہلالی پرچم لہراتا، مگر 2016ء کے آخر میں بالآخر مصطفیٰ علی کی وجہ سے ڈبلیو ڈبلیو ای میں پاکستان کی نمایندگی بھی ہو ہی گئی۔
مصطفیٰ علی کا تعلق پاکستان کے شہر کراچی سے ہے۔ یہ پاکستانی نژاد امریکی ایتھلیٹ ہیں۔ رِنگ میں اُترتے ہی،وہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے پہلے ریسلر بن گئے، جنہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای میں شمولیت اختیار کی۔ مصطفیٰ علی کا حقیقی نام عدیل عالم اور ان کےوالدکا تعلق پاکستان کے شہر کراچی ہے۔ مشرقی روایات کے حامل اس خاندان نے تلاشِ معاش میں 80ء کی دہائی میں پاکستان سے امریکا ہجرت کی اور مصطفیٰ علی نے اپنی ابتدائی اور اعلیٰ تعلیم امریکا ہی سے حاصل کی۔ ان کے دو بڑے بھائی بھی ہیں۔ زیادہ تر لڑکوں کی طرح مصطفیٰ کو بھی بچپن ہی سے ریسلنگ دیکھنے اور کھیلنے کا بہت شوق تھا۔
مگر مصطفیٰ کے گھر والوں کو ان کے اس کھیل کو بطور پیشہ اپنانے پر اعتراض تھا۔ یہی وجہ تھی کہ مصطفیٰ نے کالج کی تعلیم مکمل کرنے کے بعد شکاگو پولیس میں ملازمت کے لیے درخواست دے دی۔ چوں کہ وہ جسمانی طور پر فٹ تھے، لہٰذا انہوں نے شکاگو پولیس میں بھرتی ہونے کے تمام ٹیسٹ بآسانی پاس کر لیے اور یوں بطور سارجنٹ شکاگو پولیس میں بھرتی ہوگئے۔ مگر ان کی ریسلر بننے کی خواہش بدستور زندہ تھی، بعد ازاں اپنے اسی شوق کی تکمیل کے لیے مصطفیٰ علی نے 2003ء میں انڈی پینڈنٹ سرکٹ میں اپنی قسمت آزمائی کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے ڈریم ویو ریسلنگ سمیت کئی انڈی پینڈنٹ سرکٹس میں کام کیا، جہاں یہ اپنی خداداد صلاحیتوں سے ڈریم ویو آلٹرنیٹیو چیمپئن (Dreamwave alternative champion)اور ڈریم ویو ہیوی ویٹ چیمپئن(Dreamwave heavy weight champion) بھی بنے۔
اس کے ساتھ ساتھ مصطفیٰ دیگر کئی پروموشنز میں بھی نظر آئے، جن میں’’آل امریکن ریسلنگ، فری لانس ریسلنگ ‘‘قابلِ ذکر ہیں۔ مصطفیٰ کے آئیڈیل ریسلرز میں بریٹ ہارٹ، ایڈی گوریرو، رے مسٹیریو، دی ہارڈی بوائز اور کرس وغیرہ شامل ہیں۔ انڈی پینڈنٹ سرکٹ میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد مصطفیٰ کا اگلاخواب ڈبلیو ڈبلیو ای تھا، جو بلا شبہ اپنی رعنائیوں، فین فالوِنگ، شہرت، چکا چوند کے باعث سب سے زیادہ مقبول ترین پلیٹ فارم ہے۔ 2016ء میں مصطفیٰ علی کی قسمت نے پلٹا کھایا اوروہ ڈبلیوڈبلیو ای کی کروز ویو چیمپئن شِپ میں خوش قسمتی سے تب منتخب ہو ئے، جب ویزا مسائل کی وجہ سے ایک برازیلوی ریسلر زومبی ایونٹ میں شرکت نہ کر سکے۔
ڈبلیو ڈبلیو ای نے زومبی کی جگہ مصطفیٰ علی کو موقع دینے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح مصطفیٰ علی کو ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلی بار حصّہ لینے کا موقع تو مل گیا، لیکن ان کی بدقسمتی کہہ لیجیے کہ وہ اپنا سو فی صد نہ دے سکے اورانہیں پہلے ہی راؤنڈ میں لینس ڈونارڈو نے ہرا کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ یوں ڈبلیو ڈبلیو ای میں ان کی زندگی کا پہلا میچ یا راؤنڈ کچھ اچھا ثابت نہ ہوسکا۔ لیکن وہ اس ہار پر دل برداشتہ نہ ہوئے اور محنت جاری رکھی۔ اسی سال اگست میں مصطفیٰ علی پھر ایک فائٹ کا حصّہ بنے، جہاں انہیں دوبارہ شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بعد ازاں 2016ء کے اواخر میں مختصر مقابلوں کے بعد انہیں ڈبلیو ڈبلیو ای کے پروگرامز میں شرکت کا موقع دیا گیا، جن میں کروز وے ڈویژن اور را قابلِ ذکر ہیں۔
پھر 2017ء میں مصطفیٰ علی کو مزید میچز میں شرکت کے مواقع فراہم کیے گئے۔ ان کے رِنگ نیمز میں مصطفیٰ علی کے علاوہ آلٹو اور پرنس مصطفیٰ مشہور ہیں۔ نجی زندگی کی بات کریں، تو مصطفیٰ شادی شُدہ اور تین بچّوں (دو بیٹیوں، ایک بیٹے) کے باپ ہیں۔ یاد رہے، جب مصطفیٰ کو ڈبلیو ڈبلیو ای میں شمولیت کا موقع دیا گیا تھا، تو وہ رِنگ کے لیے نیا نام نہیں تھے کہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک امریکا بھر میں مقابلوں میں شرکت کر رہے تھے۔ یہاں یہ امر بھی قابلِ ذکر ہے کہ جب مصطفیٰ رِنگ مین اترتے یا فائٹ کرتے تھے، تو وہ ماسک لگائے رکھتے تھے تاکہ کوئی انہیں پہچان نہ سکے کہ وہ ایک پولیس افسر ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران مصطفیٰ علی کا کہنا تھا کہ ’’ڈبلیو ڈبلیو ای میں لڑنا میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، یہ وہ خواب ہے، جسے دیکھتے دیکھتے مَیں بڑا ہوا ہوں، اس کے لیے مَیں کئی برسوں سے کوشش کررہا تھا۔ اسی خواب کی تکمیل کے لیے میری ہڈیاں ٹوٹیں، متعدّد تقریبات، فیملی فنکشنز کی قربانی دی۔ ڈبلیو ڈبلیو ای کے رِنگ میں کھڑے ہونے کی خوشی اور اس لمحے کے جذبات بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں۔‘‘ ان کا کہناتھاکہ ’’مجھے مسلمان اور پاکستانی ہونے پر فخر ہے اور مَیں چاہتا ہوں کہ امریکا مجھے قبول کرے۔ مَیں اس حقیقت پر روشنی ڈالنا چاہتا ہوں کہ ہم سب ایک ہیں۔‘‘
یہاں قابلِ توجّہ پہلو یہ ہے کہ مصطفیٰ علی تو امریکا میں مقیم تھے،توشاید اسی لیےانہیں اپنے خواب پورےکرنےکا موقع میسّر آگیا۔ لیکن اگر وہ پاکستان میں ہوتے، تو کیا واقعی اس مقام تک پہنچ پاتے،کیا ہمارے مُلک کے دیگر کھلاڑی یا پہلوان کسی بین الاقوامی کھلاڑی سے کم ہیں؟ ہر گز نہیں۔لیکن محض سہولتوں، وسائل کی کم یابی، فقدان انہیں آگے نہیں بڑھنے دیتا۔ پڑوسی مُلک بھارت ہی کو دیکھ لیں جہاں ’’کھیلو انڈیا‘‘ کے نام سے کھیلوں کے فروغ کا قومی پروگرام جاری ہے، جس میں ہائی اسکولز تک کے طلبہ کے لیے کھیلوں میں حصّہ لینا لازمی ہے۔
یہی نہیں، گیمز میں نمایاں کارگردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ کو حکومت کی جانب سے وظائف بھی دئیے جاتےہیں، ان کی تربیت کی جاتی ہے، تاکہ وہ مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر قومی نمایندگی کرسکیں۔ ویسے کچھ برس قبل پاکستان میں بھی ریسلنگ کے مقابلے منعقد کیے گئے تھے، جن میں معروف ریسلرز، ٹائنی آئرن اور ویڈ بیریٹ سمیت19غیر مُلکی ریسلرز نے شرکت کی تھی۔ یاد رہے،وطنِ عزیز میں سجنے والے انٹرنیشنل ریسلنگ میلے میں غیر ملکی مرد ریسلرز کے ساتھ ساتھ 4 غیر ملکی خواتین ریسلرز بھی ایکشن میں نظر آئی تھیں۔اس حوالے سے عوام کا کہنا تھا کہ ’’پاکستان میں پروفیشنل ریسلنگ مقابلے مُلک میں ریسلنگ کی ترقّی کی جانب بڑا قدم ہے۔‘‘
جب کہ بین الاقوامی ریسلرز کا کہنا تھا کہ’’ہمیں یہاں آکر بہت مزہ آیا، پاکستان ایک محفوظ مُلک ہے اور ہم مستقبل میں بھی ایسے مقابلوں میں حصّہ لینے کے لیے پُر امید ہیں۔‘‘فی الحال ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ایک صحت مند اور فعال معاشرے کی تشکیل کےلیے کھیلوں کو اپنی ترجیحات میں شامل کرے، اس کےلیے فنڈز مختص کیے جائیں اور وہ پیسا حقیقتاً کھیلوں کے فروغ ہی پر لگے، کرپشن کی نذر نہ ہوجائے۔ اسی طرح نوجوانوں کےلیے کھیلوں کے میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنے چاہئیں، تاکہ وہ اپنے شوق اور دل چسپی کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں میں حصّہ لے سکیں اور باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئیں۔