• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت خارجہ ڈاکٹر عافیہ کی فیملی کو امریکا کا ویزہ دلوائے، اسلام آباد ہائیکورٹ کی ہدایت

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان کی عدالت نے امریکی جیل میں قید پاکستانی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی سے متعلق کیس میں وزارت خارجہ کو ڈاکٹر عافیہ کی فیملی کو امریکی ویزا کی فراہمی کیلئے اقدامات کی ہدایت دیتے ہوئے سماعت ایک ماہ تک کے لئیے ملتوی کر دی ۔جمعہ کو عدالت عالیہ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان نے سماعت کی ۔سماعت کے دوران وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر یو ایس اے راحیل محسن عدالت میں پیش ہوئے عافیہ صدیقی کے حوالے سے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی۔ دوران سماعت جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے استفسار کیا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی سے کوئی رابطہ ہوا؟ جس پر درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ نہیں ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ درخواست گزار نے کہا کہ ڈاکٹرعافیہ صدیقی اس وقت فیڈرل میڈیکل سینٹر ٹیکساس میں ہیں، اس پر جسٹس سردار اعجازاسحاق نے پوچھا کہ قونصل جنرل نے درخواست گزار یا انکے خاندان سے کوئی رابطہ کیا ہے؟نمائندہ وزارت خارجہ نے عدالت کو بتایا کہ ڈاکٹرعافیہ سے رابطہ کیا مگر انہوں نے رابطہ منقطع کردیا، جیل انتظامیہ نے بتایا کہ عافیہ صدیقی فیملی سے کوئی رابطہ نہیں کرنا چاہ رہیں۔ سماعت کے دوران ڈاکٹر عافیہ کی بہن فوزیہ صدیقی نے عدالت میں بیان دیاکہ میرے بھائی کو ہمیشہ کہا گیا کہ عافیہ صدیقی وفات پاچکی ہیں۔ فوزیہ صدیقی کے بیان پر عدالت نے ان سے سوال کیا کہ کیا آپ خود امریکا جاکر ان کو دیکھنا چاہیں گی؟ اس پر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ میں جانا چاہتی ہوں مگر سفارتخانے کو میری حفاظت کا انتظام کرنا ہوگا، ایسا نہ ہوکہ میں وہاں جاؤں اور مجھے بھی گرفتارکرکے جیل میں ڈال دیاجائے۔
اہم خبریں سے مزید