• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

2 بھارتی خواتین 109 جانوروں کی اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار

تھائی حکام نے دو بھارتی خواتین کو بینکاک ایئرپورٹ پر گرفتار کرکے جانوروں کی اسمگلنگ کی مبینہ کوشش کو ناکام بنا دیا۔

نیشنل پارکس، وائلڈ لائف اور پلانٹ کنزرویشن کے محکمے کا کہنا ہے کہ سامان کی چیکنگ کے دوران دو سوٹ کیس کو شبہے کی بنیاد پر چیک کیا گیا تو اس میں سے 109 زندہ جانور برآمد کئے گئے۔

ان میں دو سفید پورکیپائن، دو آرماڈیلو، 35 کچھوے، 50 چھپکلی اور 20 سانپ شامل تھے۔

تھائی حکام کا کہنا ہے کہ یہ سوٹ کیس کو دو بھارتی خواتین نتھیا راج اور ذکیہ ابراہیم کے قبضے سے برآمد کیا گیا جو چنئی جانے والی پرواز سے بھارت فرار ہونے والی تھیں۔

ان کو گرفتار کرکے اسمگلنگ کی مبینہ کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔

حکام کے مطابق ان کے خلاف وائلڈ لائف کنزرویشن اینڈ پروٹیکشن ایکٹ 2019، اینیمل ڈیزیز ایکٹ 2015 اور کسٹم ایکٹ 2017 کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

تاہم حکام نے یہ واضح نہیں کیا کہ ملزمان ان جانوروں کے ساتھ کیا کرنے والی تھیں لیکن سی این این کی ایک رپورٹ کے مطابق طویل عرصے سے اس خطے میں جانوروں کی اسمگلنگ ایک سنگین مسئلہ ہے۔

اس سے قبل بنکاک سے چنئی پہچنے والے ایک مسافر سے ایئرپورٹ پر کسٹم حکام نے ایک ماہ کا تیندوے کا بچہ برآمد کرکے گرفتار کر لیا تھا۔ جبکہ گزشتہ ماہ بھی چنئی ایئرپورٹ پر نایاب نسل کے بندورں کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنا کر دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا تھا۔

جنگلی حیات کی تجارت کی نگرانی کرنے والی ایجنسی TRAFFIC کی رواں سال کی رپورٹ کے مطابق 2011 اور 2020 کے درمیان 18 بھارتی ایئرپورٹس پر، 140 قبضوں سے 70 ہزار سے زائد مقامی اور غیر ملکی جنگلی جانور تحویل میں لیے گئے ہیں۔ 

بین الاقوامی خبریں سے مزید