• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے گھر کے باہر ٹائیگر فورس کے کارکن کی فائرنگ، 1 شخص زخمی

اسکرین گریب
اسکرین گریب

سابق وزیرِ اعظم عمران خان کے گھر (بنی گالہ) کی سیکیورٹی پر مامور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنوں نے مقامی شخص کو زخمی کر دیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ سڑک پر تلخ کلامی کے باعث گزشتہ شام پیش آیا تھا، کار سوار مثل خان اور عارف مروت کی ولید عباسی سے تلخ کلامی ہوئی تھی، جس کے بعد مثل خان نے گاڑی سے نکل کر ولید عباسی پر فائرنگ کر دی تھی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ آٹو میٹک اسلحے سے کی گئی، گولی ولید عباسی کی ٹانگ پر لگی، فائرنگ کرنے کے بعد ملزمان گاڑی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے گھر لے گئے، پولیس کے پہنچنے کے بعد ملزمان کو باہر نہ آنے دینے پر پھرپور مزاحمت کی گئی۔

پولیس نفری آنے کے بعد ملزم مثل خان کو گاڑی اور اسلحے سمیت گرفتار کر لیا گیا، واقعے کی ایف آئی آر ولید عباسی کے ماموں زاد بھائی کی مدعیت میں تھانہ بنی گالہ میں درج کی گئی ہے، مقدمہ ٹائیگر فورس کے انچارج کرنل (ر) عاصم اور علی امین گنڈاپور سمیت 6 افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق پھوپھا حفیظ اور کزن ولید کی گاڑی کو ٹائیگر فورس کے چار لوگوں نے روکا تھا، ایک شخص کے پاس کلاشنکوف، ایک کے ہاتھ میں پستول اور 2 کے پاس ڈنڈے تھے، ملزمان نے کہا کہ ہم عمران خان کی ٹائیگر فورس ہیں، گاڑی پیچھےکرو ورنہ جان سے مار دیں گے۔

ایف آئی آر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اچانک ملزمان نے فائرنگ کر دی، میرا کزن ولید پاؤں پر گولی لگنے سے زخمی ہوگیا، کلاشنکوف سے فائرنگ مثل خان نے کی اور پستول سے عارف مروت نے فائرنگ کی، تمام افراد کا تعلق ٹائیگر فورس سے ہے اور ان کا انچارج کرنل ریٹائرڈ عاصم ہے، واقعہ ٹائیگر فورس کے انچارج کرنل ریٹائرڈ عاصم کی ایماء پر پیش آیا۔

قومی خبریں سے مزید