• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواہش ہے، مزید پاکستانی خواتین مِکسڈ مارشل آرٹس فائٹر بنیں

’’یہ سچ ہے کہ پاکستان میں لڑکیاں مشکل کھیلوں کا انتخاب کم کرتی ہیں یا انہیں صنفِ نازک سمجھ کرسخت کام کی اجازت نہیں دی جاتی ، لیکن میرا مشاہدہ ہے کہ گلگت بلتستان میں پاکستان کے دوسرے شہروں کی نسبت خواتین کو زیادہ آزادی میسّر ہے۔ اب چاہے وہ کھیلوں کا شعبہ ہو، تعلیم یا دست کاری ،یہاں کے لوگ اپنی خواتین کو ہر شعبے میں آگے لاتے اور اُن کی خُوب حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ میرے بابانے بھی مجھے اِک اِک قدم پر سپورٹ کیا، بھائیوں نے تربیت دی، تب ہی آج مَیں یہ کام یابیاں اپنے نام کر پارہی ہوں۔

 پاکستان کی پہلی بین الاقوامی مِکسڈ مارشل آرٹس فائٹر، انیتا کریم سے دل چسپ بات چیت

جہاں تک مِکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے)کا تعلق ہے، تو بتاتی چلوں کہ اس کھیل کا شمار دنیا کے سخت ترین کھیلوں میں ہوتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نہ صرف خواتین، بلکہ مرد بھی اس کھیل کا چناؤ کم ہی کرتے ہیں۔پاکستان میں اس کھیل کی ابتدا میرے بھائیوں نے کی اورمجھے خوشی ہے کہ اب نہ صرف لڑکے، بلکہ لڑکیاں بھی اس کھیل میں دل چسپی لے رہی ہیں۔‘‘یہ خیالات ہیں، پاکستان کی پہلی بین الاقوامی مِکسڈ مارشل آرٹس فائٹر، انیتا کریم کے، جو چاہتی ہیں کہ پاکستان کی ہر لڑکی سیلف ڈیفینس کی تربیت لازمی لے ۔ گزشتہ دنوں ہم نے انیتا سے بذریعہ کال سوال و جواب کا ایک سیشن کیا( وہ آج کل تھائی لینڈ میں ہیں)، جس میں انہوں نے اپنے بچپن سے ایم ایم اے فائٹر بننے تک کے سفر سے متعلق تفصیلاً گفتگو کی، احوال نذرِقارئین ہے۔

’’خاندان، ابتدائی تعلیم و تربیت ،والدین، بھائیوں سے متعلق کچھ بتائیں؟‘‘ ہمارا پہلا سوال تھا۔ جواباً انیتا کچھ یوں گویا ہوئیں،’’ میرا تعلق پاکستان کے حسین و جمیل، بے حد خُوب صُور ت ،سخت جان، با ہمّت لوگوں کے علاقے وادیِ ہنزہ، گلگت بلتستان سے ہے۔بابا پرائیویٹ ملازمت کرتے ہیں ، جب کہ امّی گھریلو خاتون ہیں۔ مَیں تین بھائیوں کی اکلوتی بہن ہوں۔

یہ بھی بتاتی چلوں کہ میرے تینوں بھائی(احتشام کریم، سلطان کریم، عُلمی کریم) بھی مکسڈ مارشل آرٹس فائٹرز ہیں اور مَیں نے اس کھیل کی تربیت احتشام اور سلطان بھیّا سے حاصل کی ہے۔ ہمارے خاندان میں کوئی گھر ایسا نہیں ،جہاں کوئی بلیک بیلٹ نہ ہو۔ اس حوالے سے مَیں خود کو خوش قسمت ترین سمجھتی ہوں کہ ہمارے یہاں لڑکوں، لڑکیوں کو بلاتخصیص مارشل آرٹس سیکھنے کی ترغیب دی جاتی ہے، بالخصوص لڑکیوں کو تو سیلف ڈیفینس کے طور پر ضرور مارشل آرٹس یا تائی کوانڈو وغیرہ سکھایا جاتا ہے۔ جہاں تک بات ہے، تعلیم کی تو مَیں نے میٹرک، انٹر ہنزہ سے کیا۔ 

حریف کھلاڑی پر مکّے برساتے ہوئے
حریف کھلاڑی پر مکّے برساتے ہوئے

بعد ازاں، گریجویشن کے لیے اسلام آباد منتقل ہوگئی اور انہی دِنوںاپنے بھیّا سے مِکسڈ مارشل آرٹس کی تربیت لینی شروع کی۔ مَیں بچپن ہی سے پڑھائی میں بہت اچھی تھی اور میرا پسندیدہ مضمون ریاضی تھا، لیکن تعلیم سے بھی زیادہ اچھی اسپورٹس میں تھی۔ یعنی اسکول کے دنوں ہی سے میرا دل پڑھائی سے زیادہ مختلف کھیلوں میں لگتا تھا۔ وقت کے ساتھ یہ شوق بڑھتا گیا اور جب یونی وَرسٹی میں داخلہ ہوا اور مَیں نے مِکسڈ مارشل آرٹس کی تربیت کا آغاز کیا، تو رفتہ رفتہ مجھے احساس ہوا کہ مَیں پڑھائی یا کھیل میں سے کسی ایک ہی پر بھرپور توجّہ دے سکتی ہوں، سو، مَیں نے فی الحال پڑھائی سے بریک لے کر تمام تر توجّہ اپنے جنون، مِکسڈ مارشل آرٹس پر مرکوز کر رکھی ہے۔ ‘‘ ’’بچپن کیسا تھا، کیا بننا چاہتی تھیں؟ کوئی ایسی شرارت، جو آج بھی لبوں پہ مسکراہٹ بکھیر دیتی ہو؟‘‘ اگلا سوا ل سُن کر انیتا ایک شرارتی سا قہقہہ بلند کرتے ہوئے بولیں، ’’بچپن کے بارے میں تو نہ ہی پوچھیں کہ مَیں بے حد شرارتی اور پُھرتیلی سی تھی۔ اور ایک دل چسپ بات بتاؤں ، مَیں لڑکیوں والے نہیں، لڑکوں کے گیمز کھیلتی تھی۔ 

لڑکوں کا شاید ہی کوئی کھیل ایسا ہو ، جو مَیں نے نہیں کھیلا۔ اس کی ایک وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ میری کوئی بہن نہیں ہے، شروع سے بھائیوں کے ساتھ پلی بڑھی، کھیلی کُودی ، تو مجھےاُنہی کے کھیلوں میں دل چسپی رہی۔ مجھے یاد ہے کہ جب میری سہیلیوں کی لڑائی ہوجاتی یا اسکول میں کوئی لڑکا انہیں تنگ کرتا، تو وہ اپنے گھر شکایت کرنے کے بجائے میرے پاس آتیں اور پھر مَیں اکیلی ان لڑکوں کی خُوب پٹائی کرتی اور اگر کبھی کسی کے والدین میری شکایت لے کر گھر آتے، تو میرے بابا ہمیشہ میرا ہی ساتھ دیتےاور کہتے ’’ہم کیا کر سکتے ہیں، غلط بات تو آپ ہی کے بیٹے نے کی ، اس میں ہماری انیتا کی کیا غلطی ۔‘‘’’ایتھلیٹ بننے کا خیال کیسے آیا؟‘‘ہمارا اگلا سوال تھا۔ ’’مَیں نے ایسے ماحول میں پرورش پائی ہے، جہاں بچّوں کو ابتدائی عُمر سے سیلف ڈیفینس کی تربیت دی جاتی ہے۔

پھر جب بھائیوں کو اس کھیل کی تربیت حاصل کرتے ، نام کماتے دیکھا، تو مجھے بھی ایتھلیٹ بننے کا شوق ہوا۔ یہاں یہ بتا نا بھی ضروری ہے کہ مَیں بچپن میں تائی کوانڈو کرتی تھی، پھر جیسے جیسے پڑھائی سخت ہوتی گئی، کھیلوں سے متعلق سرگرمیاں کم ہوتے ہوتے ختم ہو گئیں۔ انٹر کے بعد جب مَیں اسلام آباد گئی، تو بھیّا کے جِم ،’’فائٹ فورٹریس ‘‘میں، جو پاکستان میں ایم ایم اے کے پہلے تربیتی مراکز میں سے ایک ہے، مِکسڈ مارشل آرٹس کی تربیت لینی شروع کی، تو ایسا لگا، جیسے بچپن کے شوق کو ایک راہ مل گئی۔ ویسے ایک بات بتاتی چلوں کہ مَیں بچپن میں کبھی ڈاکٹر تو کبھی انجینئر بننے کےخواب بھی دیکھتی تھی۔ دَرحقیقت، مَیں زندگی میں کچھ منفرد کرنا چاہتی تھی، کوئی ایسا کام ،جس سے میرا، میرے مُلک، علاقے اور والدین کا نام روشن ہو۔ لوگ میرے گھر والوں کو میرے نام سے پہچانیں، مَیں ہمیشہ ہی سے اپنے والدین اور بھائیوں کا سر فخر سے بلند کرنا چاہتی تھی۔‘‘

’’پاکستان میں عموماً مارشل آرٹس جیسے مشکل کھیل کو مَردوں کا کھیل تصوّرکیا جاتا ہے، تو آپ نے اس کا انتخاب کیوں کیا؟‘‘ ہمارا اگلا سوال تھا۔ ’’ہمارے یہاں ایک عام تاثر ہے کہ یہ صرف مَردوں کا کھیل ہے، جب کہ ایسا نہیں ہے، اس میں لڑکیاں بھی آگےآسکتی، نام بنا سکتی ہیں۔ جب مَیں نےاس کی تربیت لینا شروع کی تھی، تو لوگوں نے کہا کہ’’ یہ لڑکی ہے، اسے اتنے سخت کھیل کی تربیت کیوں دے رہے ہو ،‘‘ لیکن میرے بھیّا نےکہا ’’لوگوں کی باتوں پر نہیں، اپنی تربیت پر دھیان دو‘‘ اور مَیں نے بھی ویسا ہی کیا اور اب یہ حال ہے کہ ہمارے علاقے میں کئی لڑکیاں اس کھیل میں کیریئر بنانے کی خواہش مند ہیں۔ 

میرے بھائیوں کے جِم میں بھی کئی لڑکیوں نے داخلہ لیا ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ پاکستان میں یہ کھیل فروغ پا رہا ہے۔‘‘ ’’جب گھر والوں کو مِکسڈ مارشل آرٹس کو بطور کیریئر چُننے سے متعلق بتایا، تو ان کا کیا ردّ عمل تھا؟‘‘ ہم نے پوچھا، تو انیتا کا جواب تھا۔’’ مَیں خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ جب مَیں نے گھر میں بتایا کہ مَیں اس کھیل کو بطور کیریئر اپنانا چاہتی ہوں، تو میرے والد نے مجھے سب سے زیادہ سپورٹ کیا۔ ہاں، کچھ لوگوں نے مخالفت ضرور کی کہ اُن کا خیال تھا کہ لڑکی ہے اور اس کھیل میں بہت چوٹیں لگتی ہیں۔ لیکن میرے گھروالوں نےمیرا ساتھ دیا۔ 

فتح کے بعد اپنے بھائی عُلمی کریم کے ساتھ
فتح کے بعد اپنے بھائی عُلمی کریم کے ساتھ 

شروع میں مجھے بہت چوٹیں بھی لگیں، درد بھی بہت ہوتا تھا، لیکن اب حریف سے مکّے، گھونسے کھانے کے بعد بھی دردکا احساس نہیں ہوتا۔‘‘’’وہ کون سی حریف کھلاڑی ہے، جس کے مکّے کی شدّت آج بھی یاد ہے؟‘‘ہم نے تجسّس سے پوچھا، مگر انیتا نے مسکراتے ہوئے جواب دیا،’’جب آپ بچپن سے تین بھائیوں کے ساتھ پلی بڑھی ہوں، انہی سے تربیت حاصل کی ہو، اپنے مُلک میں خواتین ایم ایم اے فائٹر نہ ہونے کے سبب بھائیوں کے ساتھ فائٹس کی مشق کی ہو، تو پھر کیسے ممکن ہے کہ کسی حریف خاتون کے مکّے کی شدّت محسوس ہو۔یعنی، بین الاقوامی سطح پر پانچ فائٹس میں متعدّد مکّے کھانے کے بعد بھی اگر مجھے کسی کا مکّا یاد ہے، تو وہ میرے علمی بھیّا کا مکّا ہے۔‘‘

’’زندگی کی پہلی فائٹ کب لڑی اور کب جیتی؟‘‘ہمارا اگلا سوال تھا، جس کا جواب تھا۔ ’’ویسے تو مَیں نے زندگی کی پہلی فائٹ پاکستان ہی میں لڑی تھی، لیکن وہ جو جِٹسو کا مقابلہ تھا، جس میں جیتنے کے فوراً بعد مجھے بین الاقوامی ایونٹ میں حصّہ لینےکا موقع مل گیا۔ یہاں یہ بھی بتاتی چلوں کہ پاکستان میں میرا مقابلہ کسی خاتون فائٹر سے نہیں ہوا تھاکہ جس وقت مَیں نے مِکسڈ مارشل آرٹس کی شروعات کی تھی، اُس وقت یہاں خواتین میں اس کھیل کی طرف آنے کا رجحان نہیں تھا۔تو مَیں بین الاقوامی مقابلوں میں بغیر کسی تجربےاورگراؤنڈ فائٹ کے رِنگ میں اُتری ۔ 

پہلی فائٹ سنگاپور میں ’’وَن واریئر ‘‘ایونٹ میں لڑی، جہاں پہلی ہی مرتبہ خاتون حریف کا سامناکیا۔ اُس فائٹ میں مجھے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن اسی چیمپئن شِپ کے اگلے میچ میں ، مَیں نے اپنی حریف کھلاڑی کو شکست دے کراپنی زندگی کے دوسرے میچ میں پہلی کام یابی حاصل کرلی ۔ ‘‘’’ شکست کا سامنا کیسے کرتی ہیں، اُس وقت ذہن میں کون سی باتیں گردش کر رہی ہوتی ہیں؟ ‘‘ہم نے پوچھا۔ جواباً انیتا کا کہنا تھا ،’’میرا شمار اُن لوگوں، اُن کھلاڑیوں میں ہوتا ہے ،جنہیں ہرایا تو جا سکتا ہے، لیکن حوصلے پسپا نہیں کیے جا سکتے، تو مَیں کسی بھی ہار کوسر پہ سوار نہیں کرتی، بلکہ یہ سوچتی ہوں کہ مَیں نے وہ کون سی غلطیاں کیں، جن کی وجہ سے یہ مقابلہ یا میچ ہاری۔مَیںدل برداشتہ ہونے والوں میں سے نہیں۔ ہمیشہ مثبت سوچ کے ساتھ فائٹ اور نتائج قبول کرتی ہوں۔

ہر شکست کا سامنا یہ سوچ کر کرتی ہوں کہ اگلی بار مجھے ان غلطیوں کو نہیں دُہرانا ،اپنے تجربے سے سبق سیکھنا ہے۔‘‘ ’’کبھی آپ پر تنقید ہوئی، تنقید کا سامنا کیسے کرتی ہیں؟‘‘ہمارے سوال پر انیتا کا جواب تھا،’’جب مَیں نے اس کھیل کا آغاز کیا، تو مجھ پر خصوصاً ڈریس کے حوالے سے، جو اس کھیل کا یونی فارم ہے، بہت تنقید ہوئی۔ لوگ کہتے تھے ’’دیکھو ذرا ، پاکستانی لڑکی شارٹس پہن کر رِنگ میں اُتر رہی ہے۔ ایم ایم اے کے ایسے یونی فارم کی وجہ یہ ہے کہ وہ اس طرح جائزہ لیتے ہیں کہ ایک کھلاڑی نے دوسرے کو کتنا مارا، لو، مڈِل کِکس ، مکّے کتنے مارے پھر اسی بنیاد پر پوائنٹس دیئے جاتے ہیں۔ لیکن ہم یہ باتیں ہر کسی کو نہیں سمجھا سکتے، ہم صرف اپنی بہترین کارکردگی اور محنت سے سے لوگوں کو خاموش کروا سکتے ہیں۔ سو، میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، پہلے جو لوگ مجھ پر تنقید کرتے تھے ،آج وہی میری تعریف کرتے نہیں تھکتے۔‘‘

’’کسی پریشانی، تناؤ میں مُوڈ کیسے ٹھیک کرتی ہیں، کس سے بات کرتی ہیں؟‘‘ ہم نے پوچھا، تو انیتا بولیں ’’مَیں اپنے علمی بھیّا سے بہت قریب ہوں۔جب بھی پریشان ہوتی ہو ں ، مُوڈ خراب ہو یا کوئی بات مجھے تنگ کرے، تو ان سے شیئر کرتی ہوں ۔ چاہے بات اچھی ہو یا بُری ،میری کوئی غلطی ہو یا کم زوری، بھیّا سے شیئر کیے بغیر نہیں رہ پاتی۔ مَیں باتیں دل میں رکھ کر ، خود کوایک خول میں بند کرنے والوں میں سے نہیں۔ پھر میرے بھیّا ہی ہر مشکل، پریشانی کا حل تجویز کرتے ہیں کہ وہ صرف میرے بھائی ہی نہیں، دوست اور گائیڈ بھی ہیں۔‘‘ ’’آپ کا آئیڈیل کون ہے؟‘‘ ہم نے پوچھا، تو انیتا نے بتایا۔ ’’میرے بھیا، علمی کریم اور مَیں خود اپنی آئیڈیل ہوں۔‘‘ ’’مِکسڈ مارشل آرٹس کی تربیت سے متعلق کچھ بتائیں، کہاں سے لی، کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟‘‘ ہم نے ایک اور سوال کیا، تو انیتا بولیں،’’جیسا کہ مَیں نے بتایا کہ میرے تینوں بھائی بھی ایم ایم اے فائٹرز ہیں، تو 2016ء میں علمی بھیّا ایک فائٹ جیت کر آئے تھے، توانہیں دیکھ کر ہی مجھےاس کا شوق ہوا اور مَیں نے اس کی بنیادی تربیت بھی اپنے بھائیوں ہی سے لی۔

اب مزید ٹریننگ تھائی لینڈ سے لے رہی ہوں۔ ویسے تو دنیا کا کوئی کام بھی آسان نہیں ہوتا کہ ہر کام ، ہر کھیل محنت ،وقت اور لگن کا متقاضی ہے ، لیکن مِکسڈ مارشل آرٹس نہایت سخت گیم ہے، جس میں محنت بھی زیادہ کرنی پڑتی ہے اور مار بھی کھانی پڑتی ہے۔شروعات میں مجھے بھی بہت سی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا، لیکن اب سب آسان لگتا ہے ،شاید عادت ہوگئی ہے۔‘‘ ’’پاکستان میں مِکسڈ مارشل آرٹس کی تربیت کے کتنے مراکز ہیں، کیا یہاں تسلّی بخش تربیت فراہم کی جاتی ہے؟‘‘ ہمارا اگلا سوال تھااور انیتا کا جواب تھا،’’پاکستان میں اب کئی علاقوں، کئی شہروں میں اس کے جِمز بن گئے ہیں، جہاں بہترین تربیت دی جا رہی ہے۔ اس بار پہلی مرتبہ گلگت بلتستان اور اسلام آباد وغیرہ میں بھی فائٹس کا اہتمام کیا گیا، چیمپئن شِپس ہوئیں، جن میں لڑکیوں نے بھی حصّہ لیا، جو خوش آیند بات ہے۔‘‘ ’’کیا آپ بھی پاکستان میں ایم ایم اے کی تربیت دیتی ہیں؟‘‘ہم نے پوچھا، تو انیتا گویا ہوئیں۔

’’مَیں گزشتہ سال نومبر سے اپنے بھائی، علمی کریم کے ساتھ تھائی لینڈ میں ہوں، لیکن جب پاکستان میں تھی، تو بھائیوں کے جِم میں خود تربیت حاصل کرنے کے ساتھ لڑکیوں کو بھی تربیت دے رہی تھی۔‘‘ ’’پاکستان میں مِکسڈ مارشل آرٹس کا مستقبل کیا دیکھتی ہیں؟‘‘ہم نے پوچھا، تو انیتا بولیں۔ ’’ویسے تو اب یہ کھیل پاکستان میں تیزی سے فروغ پا رہا ہے اور مجھے امید ہے کہ پاکستانی اس کھیل میں بھی اپنا لوہا منوائیں گے، لیکن فی ا لحال پاکستان میں ایم ایم اے اس طرح عام نہیں، جیسے دیگر کھیل ہیں۔‘‘

ہم نے انیتا سے اُن کے روز مرّہ معمولات سے متعلق سوال کیا، تو انہوں نے بتایا۔’’ہم لوگ صبح چھے بجے اُٹھتے ہیں، پھر تربیت کے لیے رِنگ جاتے ہیں، اس کے بعد ساڑھے آٹھ بجے کلاس ہوتی ہے، جہاں سے ہم ساڑھے دس بجےتک فری ہو جاتے ہیں۔ پھر ناشتا کر کے تھوڑی دیر کے لیے فری ٹائم ملتا ہے۔ اس کے بعد ایک بار پھر کلاسزکا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، جو وقفے وقفے سے رات ساڑھے آٹھ بجے تک جاری رہتا ہے، جس کے بعد ہم مکمل طور پر فارغ ہوجاتے ہیں۔ ‘‘’’ وہ کیا سوچ ، عادات اور عوامل ہیں، جو ایک کھلاڑی کو بہترین ایتھلیٹ بناتے ہیں؟‘‘ ہم نے اگلا سوال داغا، تو انیتا مُسکرائیں۔’’نظم و ضبط ، سچّی لگن اور محنت سے کوئی بھی کھلاڑی کام یاب ہو سکتا ہے۔‘‘’’آپ پاکستان کی پہلی خاتون ایم ایم اے فائٹر ہیں، اس حوالے سے کچھ کہنا چاہیں گی؟‘‘

ہم نے پوچھا۔ انیتا بولیں،’’ انتظار کر رہی ہوں کہ پاکستان سے اور بھی خواتین آئیں، جو بین الاقوامی سطح پر میرا ساتھ دیں، میرے ساتھ کھڑی ہوں، جنہیں مَیں اپنی ساتھی کہہ سکوں۔‘‘’’رِنگ میں اُترتے وقت ذہن میں کیا جذبات، خیالات ہوتے ہیں؟‘‘ہم نے ایک اور سوال کیا۔ اور ان کا جواب تھا۔ ’’رِنگ میں اُترتی ہوں ،تو سارا دھیان حریف اور جیت پر ہوتا ہےکہ اس کے علاوہ کچھ اور سوچنے کی مہلت ہی نہیں ملتی، کیوں کہ اتنی دیر میں سامنے سے مکّا پڑ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ رِنگ میں اُترنے کے بعد ہم زیادہ کچھ نہیں سوچتے، بس فائٹ اور حریف پر توجّہ مرکوز رکھتے ہیں۔‘‘ ’’اب تک کتنی فائٹس جیت چُکی ہیں، کون کون سے ٹائٹلز اپنے نام کیے؟‘‘

ہم نے پوچھا۔ ’’اس کھیل میں ٹائٹل نہیں ہوتا ، صرف فائٹس ہوتی ہیں ۔(انیتا بتا رہی تھیں)پانچ، پانچ منٹ کے تین راؤنڈز ہوتے ہیں، جو تین روز تک چلتے ہیں۔ مَیں اب تک پانچ فائٹس کر چُکی ہوں، جن میں سے تین جیتی اور دو ہاری ہوں۔‘‘’’ تھائی لینڈ میں جاری ٹورنامنٹ کے حوالے سے کچھ بتائیں؟‘‘ ہم نے مزید جاننا چاہا۔ ’’مَیں اِس وقت جس چیمپئن شِپ میں شریک ہوں، وہ لمپینی اسٹڈیم ،تھائی لینڈ میں ہورہی ہے، یہ تھائی لینڈ کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے،(انیتا نے ہماری معلومات میں اضافہ کیا) جہاں بہت کم لوگوں کو فائٹ کا موقع ملتا ہے کہ یہاں دنیا کے بہترین ایم ایم اے فائٹرز فائٹ کرتے ہیں۔‘‘’’ جب آپ کی وجہ سے بیرونِ مُلک پاکستان کا نام لیا جاتا ہے، سبز ہلالی پرچم کو عزّت ملتی ہے، تو کیا جذبات ہوتے ہیں؟‘‘ 

ہم نے پھر پوچھا، تو انیتا کی آواز بھرّا گئی۔ ’’اس سوال کا جواب مَیں کیا ، کوئی بھی ایتھلیٹ الفاظ میں نہیں دے سکتا کہ وہ احساست ہی کچھ اور ہوتے ہیں ، جب آپ کی وجہ سے پردیسی سر زمین پر آپ کے مُلک کا نام روشن ہو۔ بس وہ لمحات، جذبات ناقابلِ بیان ہیں۔‘‘ ’’عام طور پر دیکھا گیا ہے کہ ہمارے ہاں جب کسی کھلاڑی کو شہرت ملنے لگتی ہے، تو اس کی پرفارمینس خراب ہو جاتی ہے، اس کی کیا وجہ ہے؟‘‘ہم نے پوچھا، تو انیتا کا جواب تھا۔ ’’باقی کھلاڑیوں کا تو مجھے نہیں پتا، لیکن میں اپنے بارے میں ضرور بتا سکتی ہوں کہ ہر فائٹ، ہر جیت کے بعد بھائی مجھے یہی کہتے ہیں کہ اس جیت کو سر پر سوار نہیں کرنا، اگلی فائٹ کے بارے میں سوچو، تمہیں اپنے مُلک و قوم کا نام مزید روشن کرنا ہے۔ 

اس لیے مَیں بہتر سے بہترین کی جستجو میں لگی رہتی ہوں۔ ‘‘ ’’ شہرت نے آپ کی زندگی پر کیا اثرات مرتّب کیے؟‘‘ہم نے جاننا چاہا، تو انیتا گویا ہوئیں۔ ’’اللہ کا بے حد شُکر ہے کہ پورا پاکستان مجھے سپورٹ کر رہا ہے، میری کام یابیوں پر خوش ہے، لیکن مَیں چاہتی ہوں کہ جو سپورٹ مجھے مل رہی ہے، وہی سپورٹ اس مُلک کی ہر عورت، ہر لڑکی کو ملے، ہماری خواتین بہت باصلاحیّت ہیں، اگران کی حوصلہ افزائی کی جائے، تو وہ پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کر سکتی ہیں۔‘’’جو لڑکیاں اس فیلڈ میں آنا چاہتی ہیں، اُنہیں کیا پیغام دینا چاہیں گی؟‘‘ 

ہمارا آخری سوال تھا، اور انیتا کا جواب تھا کہ ’’میرا پیغا م صرف ایم ایم اے فائٹر بننے کی خواہش مند لڑکیوں ہی کے لیے نہیں، پاکستان کی ہر لڑکی کے لیے ہے کہ سیلف ڈیفینس کی تربیت ضرور حاصل کریں اور جو لڑکیاں اس فیلڈ میں آنا چاہتی ہیں، انہیں چاہیے کہ سخت ترین تربیت اور مشقّت کے لیے تیار رہیں۔ آج کل پاکستان کے قریباً ہر شہر میں ایم ایم اے کی تربیت دی جا رہی ہے، تو پوری محنت سے تربیت حاصل کریں اور اپنی منزل کے حصول کے لیے جی جان سے مشق کرتی رہیں۔ یاد رکھیں، مِکسڈ مارشل آرٹس فائٹر بننا آسان نہیں کہ یہ ایک پُرخطرکھیل ہے، تو آپ نےکسی بھی مرحلے پر ہار نہیں ماننی اور آگے کی جانب قدم بڑھاتے رہنا ہے۔‘‘

سنڈے میگزین سے مزید