• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’جی بابا! مَیں بالکل خیریت سے ہوں۔ بس آپ دُعا کریں کہ آپ کا بیٹا اس وَردی اور اپنے بابا کے نام کی لاج رکھ سکے۔ جس جرأت سے میرے بابا 1965ء میں لڑے تھے، جس دلیری سے چاچو 1971ء میں دشمن کا سامنا کرتے ہوئے شہید ہوئے، آپ کا جبران بھی اسی وَراثت کو آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ اور پھر آپ ہی تو کہتے ہیں ناں کہ مرنا تو ایک دن سب کو ہے، لیکن شہادت قسمت والوں ہی کو نصیب ہوتی ہے، تو مَیں بھی شہیدکی موت مرنا چاہتا ہوں۔‘‘ کیپٹن جبران نے اپنے بابا سے کہا’’ویل ڈَن مائی بوائے، مجھے تم سے یہی اُمید ہے، لیکن بیٹا یہ بتاؤ کہ چُھٹّی کی درخواست دے دی یا نہیں؟ 

بہن کی منگنی تو تمہارے بغیر کردی تھی، لیکن کیپٹن صاحب! شادی میں آپ کی موجودگی لازمی ہے، ورنہ آپ کی چھوٹی آپ سے کبھی بات نہیں کرے گی۔‘‘ کرنل احمد نے بیٹے سے کہا۔ ’’ارے بابا،آپ حکم کریں، تو ابھی آجاتا ہوں…‘‘ ابھی کیپٹن جبران اپنےوالد سےفون پر بات ہی کر رہے تھے کہ وائر لیس پر پیغام آیا کہ چھاؤنی کے قریب چند دہشت گردوں نےحملہ کردیا ہے اور وہ بات ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔اُن کی پلاٹون نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے، دہشت گردتو جہنّم واصل کردئیے، مگر فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن جبران کے سینے میں آٹھ گولیاں لگیں اور وہ موقعے ہی پرشہید ہو گئے۔ وہ بیٹا،جس کے والدین اور بہن بھائی اس کی واپسی کے منتظر تھے، وہ جسے بہن کو ڈھیروں دُعاؤں کے ساتھ رخصت کرنا تھا، شادی سے ایک ماہ پہلے گھر تو پہنچ گیا، لیکن سبز ہلالی پرچم میں ملبوس۔

کہنے کو تو یہ صرف ایک کہانی ہے، لیکن حقیقت سےکچھ مختلف بھی نہیں۔ شاید ہی کوئی ایسا فوجی ہو، جس نے اس پاک سر زمین کی حفاظت کے لیےاپنی فیملی لائف قربان نہ کی ہوکہ یہی تو ہمارے بہادر سپاہیوں کی شان ہے کہ موسم کی سختیاں جھیلنے، سخت حالات کا سامنا کرنے کے با وجود بحری، برّی اور فضائی حدود کی حفاظت یقینی بنارہے ہیں۔ افواجِ پاکستان کی ہمّت، بہادری، جرأت، شجاعت کی یہ داستانیں آج کی نہیں، برسوں پرانی ہیں کہ جذبۂ شہادت، دلیری، پروفیشنلزم تو انہیں وَراثت میں ملتا ہے۔ اور دشمن یاد رکھے کہ صرف افواجِ پاکستان ہی نہیں، اس مُلک کا بچّہ بچّہ اپنی مادرِ گیتی کے دفاع کے لیے ہر لحظہ تیار ہے۔

اسی لیےچھے ستمبر، یومِ دفاعِ پاکستان صرف افواجِ پاکستان ہی نہیں، پوری پاکستانی قوم کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے کہ عوام کسی بھی فوج کا’’ سپورٹ سسٹم ‘‘ ہوتے ہیں۔ دنیا یہ نہیں جانتی کہ ہماری افواج کی اصل طاقت جدید اسلحہ، سخت تربیت ہی نہیں، پاکستانی عوام اور افواج کے لیے ان کی بے لوث محبّت اوراَن گنت دُعائیں بھی ہیں۔ یومِ دفاعِ پاکستان ، صرف شہیدوں ہی کو یاد کرنے کا دن نہیں، بلکہ عوام کی فوج کے لیے بے لوث محبتوں کو بھی خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے، اُس عوام کو، جس کی دُعائیں ہر وقت اپنے جوانوں کے ساتھ سائے کی طرح رہتی ہیں۔ ’’ محاذِ جنگ ، حالتِ جنگ میں فوجیوں کے کیا جذبات و احساسات ہوتے ہیں اور جنگِ ستمبر میں عوام کے کیا جذبات تھے؟‘‘ جاننے کے لیے ہم نے مُلک کی چند معروف شخصیات اور مختلف جنگوں میں حصّہ لینے والے کچھ فوجیوں سے بات چیت کی، جس کی تفصیل نذرِ قارئین ہے۔

روزنامہ جنگ کے سابق گروپ ایڈیٹر، معروف صحافی،نام وَر ادیب و شاعر، محمود شام نے جنگِ ستمبر کی یادیں تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ’’مَیں اُن دِنوں لاہور میں تھا، جو اس جنگ کے بعد’’ شہرِ ستمبر‘‘ کہلایا۔ اُس وقت کشمیر میں پہلے ہی سے جنگِ آزادی جاری تھی اور بھارت کی جانب سے مسلسل دھمکیاں دی جا رہی تھیں کہ ’’ہم اپنی پسند کا محاذ کھولیں گے‘‘لیکن ساتھ ہی یہ بھی کہا جاتا کہ ’’وہ بین الاقوامی سرحد کی خلاف ورزی کریں گے، نہ اُسے پار۔‘‘خیر، تو جب چھے ستمبر کی صبح قریباً نو، ساڑھے نو بجے مَیں دفتر جانے کے لیے نکلا، تو اُس وقت ریڈیو سےخبریں آنا شروع ہو گئی تھیں کہ ’’بھارت نے لاہور پر حملہ کردیا ہے اور کچھ اندر بھی گُھس آئے ہیں۔‘‘ 

اُس کے بعد 11 بجے صدر ایّوب خان کی تقریر نشر کی گئی، جس میں انہوں نے بتایا کہ ’’ہم حالتِ جنگ میں ہیں۔ ‘‘ ویسے ایک بات تو یہ بھی ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات نے کہیں نہ کہیں ہمیں ذہنی طور پر تیار تو کر ہی دیا تھا کہ جنگ ہو سکتی ہے۔ اس لیےجنگ کی خبر سے عوام شاک میں آئے ، نہ گھبرائے۔ اُن دنوں ہر ایک اپنے اپنے محاذ پر سرگرم تھا اور معمولاتِ زندگی بھی جاری و ساری رہے۔ اب جہاں تک بات ہے، جنگ کے دِنوں میں کام کس طرح ہوتا تھا، تو مَیں اُن دنوں ایک اُردو اخبار کا میگزین ایڈیٹر تھا، تو جیسے ہی طبلِ جنگ بجا، سب سے پہلے تمام اخبارات نے اپنے میگزین سیکشنز بند کر دئیےکہ کاغذ مشرقی پاکستان سے آتا تھا ، جو اُن حالات میں آنا ممکن نہ تھا۔ 

اُس وقت ہر ایک صحافی کی یہی آرزو تھی کہ کسی طرح بارڈر پہ جاکے رپورٹنگ کا موقع ملے، لیکن یہ ممکن نہیں تھا کہ رپورٹنگ کے تمام معاملات انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کے ذریعے ہورہے تھے۔ اور، کشمیر کی صورتِ حال کے پیشِ نظر وار رپورٹنگ کے تمام انتظامات بھی آئی ایس پی آرکے ماتحت تھے۔ جیسے آج وار رپورٹنگ کے لیے سیکیویٹی کلیئرینس ہوتی ہے، ویسے ہی تب بھی ہوتی تھی، تو آئی ایس پی آر نے تمام اخبارات سے وار رپورٹرز کے نام مانگےتھے، لہٰذا تمام رپورٹرز کی ڈیوٹیز پہلے ہی لگ چُکی تھیں۔

مَیں چوں کہ رپورٹر نہیں تھا، تو مجھے رپورٹنگ کے لیے بھی نہیں بھیجا گیا، لیکن جنگِ ستمبر میں ہر پاکستانی کی طرح میرا جذبہ بھی بہت بلند تھا۔ سو، اپنے ایک ساتھی صحافی کے ساتھ رپورٹنگ کی غرض سے قصور پہنچ گیا کہ سُنا تھا کہ پاک فوج نے کھیم کرن فتح کرلیا ہے، لیکن قصور میں ہمیں فوج نے روک لیا اور کہا ’’ صرف آئی ایس پی آر کے ذریعے ہی وار رپورٹنگ یا آگے جانے کی جازت مل سکتی ہے۔‘‘ہم آگے تو نہیں جا سکے، لیکن قصور ،گردو نواح اور راستے میں جو بھی حالات دیکھے، انہیں فیچرز کے ذریعے قلم بند کیا۔ قارئین کو بتاتا چلوں کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں، اخبارات کے دفاتر میں کبھی کام نہیں رُکتا، تو جنگ کے دنوں میں، بلیک آؤٹ کے بعد ہمارے دفتر کو توتالا لگا دیا جاتاتھا، لیکن اندر عملہ کام میں مصروف ہوتا۔ 

اسی طرح مجھے یاد ہے کہ بلیک آؤٹ کے بعد مَیں اپنے گھر کی چھت پر بیٹھ کر ریڈیو سُنتا تھا۔ خصوصاً معروف براڈ کاسٹر،شکیل احمد کے خبریں پڑھنے کا انداز تو فراموش ہی نہیں کیا جا سکتا۔ نیز، اُس زمانے میں خندقیں کھودی گئیں کہ اگر زیادہ خطرہ ہوتو وہاں چُھپ جائیں، لیکن پاکستانی عوام، بالخصوص زندہ دلانِ لاہور کا جذبہ اتنا بلند تھا کہ سائرن بجتے ہی گھروں میں بند ہونے کے بجائے چَھتوں پر چڑھ جاتے اور نعرۂ تکبیر کی صدائیں بلند کرتے۔ اُس زمانے میں ریڈیو پاکستان، لاہور نے اسٹیشن کے باہر ایک لیٹر باکس لگا دیا تھاتاکہ شاعر اُس میں اپنا کلام ڈال دیں۔ 

مَیں اُن دنوں صحافت اور شاعری میں نیا نیا داخل ہوا تھا، تو مَیں نے اپنے تین نغمے اُس لیٹر باکس میں ڈالے اورپھر کسی سفارش کے بغیر ہی وہ نغمے منتخب بھی کرلیے گئے۔ میرا ایک نغمہ’’؎ اے ہوا کے راہیو …بادلوں کے ساتھیو …پرفشاں مجاہدو…‘‘ سلیم رضااور ایک منیر حُسین نے گایا۔ پھر جب کراچی سے رئیس امروہوی نے ’’ خطّۂ لاہور، تیرے جاں نثاروں کو سلام‘‘ لکھا، تو لاہور والوں نے بہت فخر اور خوشی محسوس کی کہ ہمیں کراچی والوں نے سلام بھیجا ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ جنگِ ستمبر ہماری تاریخ میں اس قدر اہمیت کی حامل ہےکہ اُس کے بارے میں لکھا گیا ’’ 14 اگست 1947 ءکو مُلک بنا تھا اور ستمبر 1965ءکو قوم ۔‘‘

معروف میزبان، سیاسی و تعلیمی رہنما، خوش بخت شجاعت اپنے منفرد شُستہ و شائستہ انداز میں کچھ یوں گویا ہوئیں کہ ’’1965ء وہ دَور تھا، جب پاکستان میں نیا نیا ٹیلی وژن متعارف ہوا تھا اورقریباً ہر شخص ہی شام میں کام کاج سے فارغ ہو کر ٹی وی کے سامنے بیٹھ جاتا تھا۔ پھر اچانک ایک دن ٹی وی پر جنگ کی خبر نشر ہوئی اور بلیک آؤٹ کر دیا گیا۔ ایک اہم بات یہ کہ اُس وقت تک ہم بلیک آؤٹ کلچر سے بالکل ناواقف تھے۔ نہ صرف ٹی وی، بلکہ ریڈیو کے ذریعے بھی جنگ اور بلیک آؤٹ کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔ 

اُس زمانے میں ریڈیو اس قدر اہمیت کا حامل تھا، جو اہمیت آج چینلز کوبھی حاصل نہیں۔ ایّوب خان مُلک کے صدر تھے، تو جیسے ہی اعلانِ جنگ ہوا، تو انہوں نے قوم سے پُر جوش خطاب میں کہا ’’بھارت نے رات کے اندھیرے میں ہم پر حملہ کیااور شب خون مارا ہے، لیکن وہ ابھی یہ نہیں جانتا کہ اُس نے کس قوم کو للکارا ہے۔‘‘ تو اُن کے یہ خون گرما دینے والے الفاظ عوام کے دِلوں، ذہنوں پر ثبت ہوگئے۔ قوم کا بچّہ بچّہ محاذ پر جانے کے لیے بے چین، بے قرار نظر آتا تھا۔ لوگ ساری ساری رات ریڈیو سُنتے، باخبر رہتے۔ اُسی دوران یہ آگاہی بھی فراہم کی جانے لگی کہ سائرن بجنے کے بعد گھروں سے باہر نہ نکلیں، خود کو بچائیں، سنبھالیں، محفوط مقام پر رہیں، سیڑھیوں کے نیچے بیٹھ جائیں۔

لیکن، آپ کو یہ سُن کر یقیناً حیرت ہوگی کہ سائرن بجتے ہی بجائے اس کےکہ خوف و ہراس پھیلتا، لوگ گھروں میں دبک کر بیٹھ جاتے، پاکستانی قوم کا بچّہ بچّہ گھروں سے باہر نکل آتا۔ یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ جیسے ہی سائرن بجتا، ہر گلی، محلّہ ، سڑکیںتاریکی میں ڈُوب جاتیں، لیکن لوگوں میں جوش و جذبہ، جنون، وطن پرستی اِس عروج پر تھی کہ اُس گھپ اندھیرے میں بھی عوام گھروں سے باہر نکل کر ’’نعرۂ تکبیر، اللہ اکبر‘‘ کی صدائیں بلند کرتے۔ یہاں یہ بات بھی دل چسپی سے خالی نہیں ہوگی کہ ایک طرف تو ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت پر مامور تھیں، تو دوسری جانب ہر شعبۂ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے بھی اپنے اپنے طور پر مُلک کی خدمت میں مصروف تھے۔ 

جیسے اُس زمانے میں شیر دل سپاہیوں کوخراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شعراء نے کمال شاعری کی، موسیقاروں نے بے مثال دُھنیں ترتیب دیں اورمیڈم نور جہاں، مہدی حسن ، امانت علی، عنایت حُسین بھٹی، سلیم رضا، نسیم بیگم، تاج ملتانی، مسعود رانا اور شہناز بیگم وغیرہ نے اپنی آواز کے جادو سے ہمیشہ کے لیے امر کردیا۔ اُس وقت جو قومی نغمے گائے گئے، اُن کی مثال نہیں ملتی۔ نیز، ریڈیو پاکستان سے شکیل احمد خبریں پڑھتے تھے، تو اُن کے اندازِ بیاں کےبھی کیا ہی کہنے۔ وہ جب اپنی گرج دار آواز اور جوشیلے اور جان دار انداز میں بتاتے کہ آج ہمارے فوجیوں نے دشمن کو کیسے چت کیا، اُن کے کتنے جہاز مار گرائے، تو عوام کی خوشی دیدنی ہوتی۔

اُس وقت عوام کا اپنے فوجیوں سے جو ایک والہانہ عقیدت ومحبّت اور عزّت واحترام کا رشتہ تھا، وہ الفاظ میں بیان ہی نہیں کیا جا سکتا۔ یقین کریں، ایسا لگتا کہ سرحد پر کھڑے ہر ایک سپاہی کے ساتھ ہمارا دل دھڑکتا ہے۔وطن کا ایک ایک سپاہی عوام کے دلوں میں بستا تھااور پاک وطن کا ایک ایک بچّہ بچّہ، بوڑھا، جو ان پاک افواج کے لیے دُعاگو تھا اور، یہ بات افواجِ پاکستان کو بھی پتا تھی، وہ جانتے تھے کہ وہ جس مُلک کی زمینی، فضائی اور آبی سرحدوں کی حفاظت کے لیے چاق چوبند کھڑے ہیں، اُس مُلک کے عوام کی دُعائیں ہر لمحہ اُن کے ساتھ ہیں۔

مجھے یاد ہے کہ مَیں 1965ء میں ریڈیو پاکستان سے ’’فوجی بھائیوں کے لیے‘‘ کے نام سے ایک پروگرام کیا کرتی تھی، جو روزانہ شام چھے بجے نشر ہوتا، توجب جنگ چِھڑی تو اس پروگرام کی اہمیت کئی گنا بڑھ گئی۔ ہمیں یہ یقین تھا کہ ہمارے الفاظ، جذبات سرحدوں پر سُنے جا رہے ہیں اور ہمیں اپنے فوجیوں کے حوصلے بڑھانے ہیں، تو ہمارا اور پاک فوج کا آواز کا ایک رابطہ بن گیا تھا، جو بے انتہا خُوب صُورت رابطہ تھا۔ ایک دن مَیں پروگرام کرنے جا رہی تھی ، اُس وقت کراچی ریڈیو اسٹیشن جامع کلاتھ کی طرف تھا، تو مَیں ابھی بندر روڈ کی طرف پہنچی ہی تھی کہ سائرن بج گیا، جس کے بعد تمام گاڑیاں ایک طرف کھڑی کردی گئیں اور سب لوگوں نے محفوظ مقامات میں پناہ لینی شروع کردی، اتنے میں ہم نے دیکھا کہ فضا میں بھارتی طیّارے آگے آگے اور اُن کے پیچھے ہمارے شاہین محوِ پرواز تھے۔

اُف، وہ منظر… آج بھی یاد کرتی ہوں تو رونگٹے کھڑے ہوجاتے اور آنکھیں فخر سے جگمگا اُٹھتی ہیں کہ کس طرح دشمن ہمارے شاہینوں کے آگے بے بس نظر آرہا تھا۔ خیر، تو اُس موقعے پر پناہ لیتے لوگ سب چھوڑ کر سڑکوں پر نکل آئے اور ’’اللہ اکبر، اللہ اکبر‘‘ ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے بلند کرنے لگے۔ وہ بہت عجیب ، بڑے حیران کُن سترہ دن تھے، جن کی وجہ سے ہماری قوم متّحد ہوئی اور فوج پر اس کا یقین بہت بڑھ گیا۔ نسلِ نو کو یہ جان کر یقیناً حیرت ہوگی کہ جنگ کے باوجود یہاں کاروبارِ حیات معطّل نہیں ہوا، تعلیمی سرگرمیاں بھی جاری و ساری تھیں اور دیگر اُمورِ زندگی بھی۔ 

اسکولز میں اسمبلی کے بعدپاکستان اور افواجِ پاکستان کے لیے با قاعدہ دُعائیں مانگی جاتی تھیں۔ شعراء نے ایسے اشعار لکھے،کمپوزرز نے ایسی ایسی دُھنیں ترتیب دیں، جو شاید وہ خود بھی کبھی دوبارہ نہیں بناسکے۔ اُن حالات کی سب سے اچھی بات یہ تھی کہ اُس وقت ہماری افواج، سیاست دان، حکومت، اپوزیشن، عوام سب ایک پیج پرتھےاور ہر ایک لب پر مُلک کی سلامتی، بقا اور کام یابی کی دُعائیں تھیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ جس طرح تحریکِ پاکستان کے دوران علّامہ اقبال، مولاناحسرت موہانی، الطاف حُسین حالیؔ کی شاعری، مولانا ابوالکلام آزاد، مولانا محمّد علی جوہر، مولانا شوکت علی، سید عطااللہ شاہ بخاری وغیرہ کے مضامین ، الفاظ نے قوم کو متّحد کیا، اپنے حق کے لیے آواز اُٹھانے پر مجبور کیا، تو کچھ ایسا ہی کردار 1965ء میں بننے والے نغموں نےبھی ادا کیا۔ 

میڈم نور جہاںنے مجھے خود بتایا کہ اُن دِنوں ایک ایک گھنٹے میں ملّی نغمے تیارہوتے تھے، شاعر، کمپوزر، گلوکار سب ساتھ بیٹھے ہوتے اور بیک وقت سارا کام ہوتا۔ شاید کسی کو یقین نہ آئے ،لیکن جنگ کے دِنوں میں رات کے وقت ایک محفل کا سا سماں ہوتا، محلّے کے لوگ بلیک آؤٹ ہونے سے پہلے اپنے اپنے کاموں سے فارغ ہو کر ایک گھر میں جمع ہوجاتے ، چائے کا دَور چلتا، تو ریڈیو پہ خبریں سُنی جاتیں اور ساتھ ہی دُعائیں بھی مانگی جاتی تھیں۔ ایسے میں کبھی سائرن کی آواز آتی، تو کبھی شیلنگ، گھن گرج کی آوازیں ، لیکن مجال ہے کہ کوئی خوف وہراس پھیلتا۔ اُلٹا سب ہنسی خوشی جوشیلے نعروں کے ساتھ وہ وقت گزارتےتھے۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے کہ ’’مومن وہ ہے ،جسے نہ خوف ہوگا اور نہ حُزن ہوگا‘‘تو اُس وقت پوری قوم میں مومنین کی صفات بیدار ہو چُکی تھیں۔ یہ سو فی صد حقیقت ہے کہ 1965ء کی جنگ، دراصل ایک جنگ نہیں، قومی اتّحاد کی علامت بن گئی تھی۔‘‘

آرمرڈ انفینٹری ، فرسٹ فرنٹیئر فورس سے تعلق رکھنے والے، سابق کور کمانڈر لاہور، لیفٹیننٹ جنرل (ر)معین الدّین حیدر (ہلالِ امتیاز، ملٹری) نے جنگِ ستمبر کی یادیں تازہ کرتے ہوئےانتہائی پُرجوش انداز میں بتایا کہ ’’گوکہ جنگ ستمبر میں شروع ہوئی تھی، لیکن ہم فروری، مارچ سے چھاؤنیوں سے نکل کر محاذِ جنگ پر پہنچ چُکے تھےکہ سال کے آغاز پر ’’رَن آف کچھ‘‘ پر بھی ایک لڑائی ہو چُکی تھی اور کشمیر میں بھی ٹینشن تھی، تو ہم (فوج)ذہنی طور پرجنگ کے لیے تیار تھے۔ جب بھارت کے حملےکی خبر آئی ، تو مجھےاُس وقت رائیونڈ کے پاس ایک محاذ پر بھیج دیا گیا۔

اُس جنگ سے متعلق میری پہلی یاد، صدر ایّوب خان کی لہو گرما دینے والی تقریر ہے، جسے مَیں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ جیپ میں رکھے ٹرانزیسٹر پر سُنا تھا۔ وہ کوئی معمولی تقریر نہیں تھی کہ اس نے ہم سب کے قلب و روح پر اثر کیا تھا۔جس سے ہمارے جذبے دُگنے ہو گئے تھے۔ خیر، تو ہمیں پہلا ٹاسک رائیونڈ کے مقام پر کھیم کرن فتح کرنے کا دیا گیا۔ یعنی سات ستمبر 1965ء کو کھیم کرن فتح کرنے ،جو ہراول دستہ گیا، تھا ،اس میں ،مَیں بھی شامل تھا اور اللہ کی مدد سے ہم فتح یاب ہوئے۔ یہاں ایک بات کا ذکر ضروری ہے کہ اُس زمانے میں جو گیت لکھے ، نغمے گائے گئے، اُنہوں نے بھی فوجیوں کا مورال بلند کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

اس حوالے سے ایک دل چسپ بات بتاؤں کہ ’’میرے ڈھول سپاہیا، تینوں ربّ دیاں رکھاں، اے خطّۂ لاہور تیرے جاں نثاروں کو سلام اوراپنی جاں نذر کروں ‘‘ یہ نغمے مَیں نے کھیم کرن کے مقام پر سُنے تھے، تو ذرا سوچیں کہ محاذِ جنگ پر، جب محافظِ وطن اپنی قوم کا سلام سُنے، اُسے یہ معلوم ہوکہ وہ اکیلا نہیں، اُس کے پیچھے پوری قوم کھڑی ، اُس کی جرأتوں کو سلام پیش کر رہی ہے، اُس کے لیے دُعا گو ہے، تو جذبۂ جہاد کو کس قدر تقویت پہنچی ہوگی۔

یہاں مَیں اس بات کا ذکر بے حدضروری سمجھتا ہوں کہ کسی بھی فوج کی سب سے بڑی طاقت اس کے عوام اور ان کی سپورٹ ہوتا ہے۔یاد رکھیں، فوج ہمیشہ عوام کے بَل بوتے پر لڑتی ہے اور 1965ء میں ہماری قوم کا جذبہ دیدنی تھا۔ اُن دِنوں گاؤں، دیہات سے لوگ آتے اور کہتے کہ ’’ہمارے لائق کوئی کام بتائیں، ہم کوئی مورچہ، کوئی خندق کھود دیں۔‘‘جب ہمارے زخمی اسپتالوں میں پہنچتے ، تو خون عطیہ کرنے والوں کی قطاریں لگ جاتیںاور اسی وجہ سے جنگِ ستمبر میں قوم نے خون عطیہ کرنے کا ریکارڈ بھی قائم کیا ۔ ‘‘

ستارۂ جرأت، ستارۂ بسالت اورستارۂ امتیاز (ملٹری)کے حامل، 15اسکواڈرن سے تعلق رکھنے والے، ایئرکموڈور(ر) امتیاز بھٹّی نے جنگِ ستمبر کے تجربات شیئر کرتے ہوئے بتایا ’’یکم ستمبر 1965ء کو سرگودھا ایئربیس کو ایئر ڈیفینس الرٹ مشن سونپا گیا تھا۔ مَیں اس وقت سرگودھا میں نمبر 15 اسکواڈرن میں فلائٹ لیفٹیننٹ تھا۔

گوکہ مَیں ایک شفٹ میں اپنی ڈیوٹی مکمل کرچُکا تھا، لیکن اس کے باوجود دوسری شفٹ میں ڈیوٹی جاری رکھنے کی اجازت مانگی۔جب مَیں مِشن پر گیا، تو اسکواڈرن لیڈر سرفراز رفیق میرے ساتھ تھے۔ پرواز کے دوران ہمیں سکسیر کے مقام پر ریڈار میں سیال کوٹ -چھمب کی طرف جانے کی ہدایت ملی۔ وہاں پہنچنے کے بعد ہم نے دشمن کے حملہ آور ہونے والے جہاز کی تلاش شروع کی۔اسی اثنا مجھے بھارت کے دو ویمپائرز طیارے نیچی اُڑان کرتے نظر آئے، تو مَیں نے فوراً ہی اسکواڈرن لیڈر، سرفراز رفیق کو اطلاع دی، جو پھراُن دونوں طیاروں کے تعاقب میں لگ گئے۔ 

صورتِ حال کے پیشِ نظر مَیں نے روایتی وِنگ مین کے طور پر اُڑان بھرنے کے بجائے دُور ہٹ کر مزید بھارتی طیارے دیکھنا ضروری سمجھا۔ اسی دوران دو اور ویمپائر طیارےاسکواڈرن لیڈر سرفرازرفیق کو ٹارگٹ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ مَیں نے سر کو دشمن بریک کرنے کے لیے بلایا اور خود پیچھے آنے والے دیگر دو طیاروں کو سنبھال لیا۔ میرا شمار پاک فضائیہ کے ان پہلے دو ہوا بازوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے فضائی گشت میں چھمب کے علاقے میں پاک آرمی پر حملہ کرنے والے دشمن طیاروں کو روکا۔ واضح رہے، یہ 65ء کا پہلا فضائی مقابلہ تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ بھارتی فضائیہ ہم سے طاقت اور تعداد میں کئی گُنا بڑی تھی، لیکن ہماری غیر معمولی جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت نے بالآخر اسے پسپا کیا۔ ‘‘

کرنل(ر) عمر کرمانی اپنی با رعب آواز میں یوں گویا ہوئے کہ ’’ ستمبر 1965ء میں جنگ ہوئی، تو مَیں انٹر کا طالبِ علم تھا،جب مجھے پتا چلا کہ بھارت نے بزدلوں کی طرح ہم پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا ہے، تومیرا دل چاہا کہ محاذ پر چلا جاؤں، اپنے فوجیوں کے شانہ بشانہ کھڑا رہوں اور اُن کے ساتھ مُلک کا دفا ع کروں ۔ گوکہ مَیں اُس وقت جنگ لڑنے نہیں جا سکتا تھا، لیکن مَیں نے سوِل ڈیفینس کی تربیت ضرورحاصل کی۔ خیر، جب مَیں نے بی اے کا امتحان دیا، تواخبار میں ایک اشتہار دیکھا کہ فوج میں بھرتیاں ہو رہی ہیں۔ تو مَیں نے اپنے والد سے کہا ’’آپ کیا کہتے ہیں کہ مجھے فوج میں جانا چاہیے؟‘‘ 

تو انہوں نے کہا کہ ’’بڑے شوق سے جاؤ، بلکہ مجھے تو بہت خوشی ہوگی کہ میرا بیٹا اس مُلک کی خدمت کرے۔‘‘ اس طرح مَیں نےپانچویں گریجویشن کورس میں پاکستان ملٹری اکیڈمی جوائن کرلی۔ یہاں یہ بھی بتاتا چلوں کہ مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میجر شبّیر شریف شہید (نشانِ حیدر) پاکستان ملٹری اکیڈمی میں میرے انسٹرکٹر تھے۔ مَیں نے 19 اپریل 1970ء کو فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ میرے کمانڈنگ آفیسر، عثمان حمید جعفری تھے اور مَیں اسٹاف آفیسر تھا۔ 1971ء کی جنگ میں ہمیں ایک ٹیکری ،فتح کرنے کا ٹاسک دیا گیاتھا، جوگجرات کے سامنے بھارت کا علاقہ ہوا کرتا تھا۔

ہماری کمپنی کو بھارت کےعلاقے (گیگیاں، منڈیالا، بھوسا اور نیورالا) حاصل کرنے کی ذمّے داری دی گئی اور ہم اُنہیں حاصل کرنے میں کام یاب رہے۔ جس وقت ہم وہاں پہنچے، تو بھارتیوں کے وہم و گمان میں بھی نہ تھا کہ ہم اس قدر جلدی اور آسانی سے وہاں پہنچ جائیں گے۔ لیکن جب منوّرتوی(دریا) کی مشرقی جانب حملہ کرنے گئے، تو ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ در حقیقت ہمیں منور توی سے متصل ٹیکری پر قبضے کا ٹاسک دیا گیا تھا، جس کا دفاع بھارت کا ’’ 111 گُرکھا ‘‘کر رہا تھا،جن کے ہاتھوں ہمیں شکست ہوئی، کئی جوانوں سمیت ہمارے سی او بھی شہید ہو گئے۔ 

لیکن ہم نے ہمّت نہیں ہاری۔ہم جب اپنے کیمپ واپس پہنچے اور ہمیں اگلے روز دوبارہ منور ٹیکری پر حملے کا کہا گیا، تو سیکنڈ اِن کمانڈ نے مجھ سے کہا ’’اسٹاف آفیسر، کرمانی ! حملے سے متعلق آپ کا کیا خیال ہے؟‘‘ تو مَیں نے کہا’’سر! آرمی میں ’’نو‘‘ کی گنجایش نہیں ہوتی۔ اگلی صبح ہم دوبارہ حملہ کریں گے اوراس بار کام یاب بھی ہوں گے۔ ‘‘خیر، ہم نے صبح منور ٹیکری پر قبضےکے لیے دوبارہ حملہ کیا، تو ہم مائن فیلڈ میں داخل ہوگئے۔ 

اُس وقت مجھے اپنے استاد، میجر شبّیر شریف کی ایک سیکھ یاد آئی کہ ’’اگر کبھی تم بِنا کسی انتظامی بندوبست کے ،مائن فیلڈ میں داخل ہوجاؤ ، تو اس سے بچنے کا صرف ایک ہی حل ہے کہ ہدف کی طرف جتنا تیز بھاگ سکتے ہو، بھاگو۔‘‘ بس، مَیں نے باقی ساتھیوں سے بھی یہی کہا اور سب نےہدف کی طرف دَوڑ لگا دی۔ ہمارا ہدف ٹیکری تھی، جہاں بنکرز سے گُرکھے ہم پر مسلسل فائرنگ بھی کر رہے تھے۔ خیر، مَیں ٹیکری پر سب سے پہلے پہنچنے میں کام یاب ہوا، جہاں مجھے اپنے پیچھے ایک پٹھان لڑکا اور ایک چھوٹی سی مسجد نظر آئی، تو مَیں نے اُس لڑکے سے کہا کہ’’ اذان دینی آتی ہے؟‘‘

اُس نے کہا ’’جی جناب‘‘ تو مَیں نے اُس سے کہا ’’اذان دو‘‘تو جیسے ہی اُس نے اذان دینی شروع کی، تو گُرکھے سمجھے کہ پاکستان آرمی نے ہمیں گھیر لیا اور ٹیکری پر قبضہ کرلیا ہے، جبھی یہاں اذان دی جا رہی ہے، تو وہ سب خوف کے عالم میں وہاں سے بھاگ کھڑے ہوئے، پھر سی او نے ہمارے ایک ساتھی، کرنل (ر) غفّار سے کہا کہ ان کا پیچھا کرو، جتنوں کو مار سکتے ہو، مار دو۔‘‘لہٰذا وہ ان کے پیچھے اپنی فورس لے کر گئے، دریائے توی کے کنارے تک ان کا پیچھا بھی کیا اور ان کی دفاعی پوزیشن ’’بوڑھے جال‘‘ پر قبضہ بھی کرلیا۔اس طرح اللہ تعالیٰ نے ہمیں فتح یاب کیا۔ یہ یادیں، شیئر کرنے کا بنیادی مقصد اس مُلک کے بچّوں کو بتانا ہےکہ محاذِ جنگ پرفوجی کس قدر مشکل حالات کا سامنا کرتے ہیں، لیکن اپنے فرائض سے منہ نہیں موڑتے۔‘‘

مادرِ وطن کی حفاظت کے لیے سر، دھڑکی بازی لگانے والے کرنل (ر) سیّد افتخار حُسین نے 1959ء میں فوج میں کمیشن حاصل کیا۔ وہ 71ء کی جنگ میں قیدی بھی بنائے گئے۔ بعدازاں، دو، ڈھائی سال بعد جنیوا کنویشن کے تحت رہا کردیے گئے۔ انہوں نے محاذِ جنگ پر فوجیوں کےاحساسات و جذبات سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ ’’کہتے ہیں’’فوجی بڑا سخت دل، سخت جان ہوتا ہے۔‘‘ بلا شبہ، ایسا ہی ہے، لیکن یقین کریں کہ جس وقت میدانِ جنگ میں اپنا کوئی ساتھی شہید یا زخمی ہو، تو ایسا لگتا ہے کہ کسی نے دل چیر کے رکھ دیا ہے۔

اس قدر تکلیف شاید اپنے زخم نہیں دیتے، جتنی ساتھی کی شہادت دیتی ہے۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ شہید اپنے ربّ کا مہمان ہوتا ہے، اس کا رتبہ اللہ کے ہاں بہت اعلیٰ و ارفع ہے، لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ جانے والے کا غم تا عُمر رہتا ہے، جب یاد آجائے، تو سخت سے سخت جان فوجی کی آنکھیں بھی نم ہوجاتی ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارا زیادہ تر وقت گھر والوں سے دُور کبھی ٹریننگ ، پوسٹنگز، تو کبھی محاذِجنگ پر گزرتا ہے، کبھی کبھارری موٹ ایریا زمیںبھی پوسٹنگ ہوجاتی ہے، جہاں فیملی رہ ہی نہیں سکتی، تو ہم فوجی ہی ایک دوسرے کے ساتھی بن جاتے ہیں۔

جب مَیں کیپٹن تھا، تو مجھے سوِل سروسز آف پاکستان(سی ایس پی) میں ملازمت آفر ہوئی تھی، مگر مَیں نے یہ کہہ کر انکار کردیا تھا کہ ’’ میرے کاندھے پہ چمکتے یہ تین ستارے، آسمان کے ہزاروں ستاروں سے بہتر ہیں۔ میری خاکی، وَردی میری پہچان، میرا فخر ہے۔ جب مَیں تن پہ وَردی سجائے، اپنے گاؤں، گوجر خان جاتا ہوں، تو لوگ مجھے جس طرح چمکتی آنکھوں سے دیکھتے، مائیں، بہنیں میری بلائیں لیتی ہیں، سول سروس میں چلا جاؤں گاتو مجھے کون پہچانے گا، یہ محبّتیں، یہ عقیدتیں کہاں میرا مقدّر بنیں گی۔ ‘‘ رہی بات حالِ جنگ کے احساسات کی، تو 1965ء میں تو مَیں کیپٹن اور مَری میں پوسٹڈ تھا، تو مجھے محاذ پر جانے کا موقع نہیں ملا تھا۔

لیکن 1971ء کی جنگ اچھی طرح یاد ہے، جب کراچی سےمیری پوسٹنگ مشرقی پاکستان، ڈھاکا میں کردی گئی، جہاں حالات بہت خراب ہو چُکےتھے۔ یہاں یہ بتاتا چلوں کہ میرا تعلق آرڈنینس کور سے تھا۔خیر، جب ڈھاکاپہنچا تو دیکھتے ہی حالات کا اندازہ ہوگیا کہ ہر طرف تباہی و بربادی ہی نظر آرہی تھی۔ ٹروپس بذریعہ ہوائی جہاز اور دفاعی سازوسامان بذریعہ شِپ آرہا تھا۔ بہرحال، ہم اپنے ہیڈ کوارٹر پہنچ گئے۔ پھر پی آئی اےکے ایک جہاز سے چٹاگانگ گیا کہ مجھے فوجیوں اور سامان وغیرہ کا جائزہ لینا اور کچھ تیاریاں کرنی تھیں۔

تو جب مَیں ہوائی اڈّے سےچٹاگانگ پورٹ کی طرف جا رہا تھا، تو ایک دَم میری نظر دائیں جانب پڑی، جہاں دریا کی طرف گھاس کے اوپر ایک لاش پڑی تھی۔ خیر، جیسے ہمارے یہاں پنجاب رجمنٹ، بلوچ رجمنٹ وغیرہ ہوتی ہیں، اُس وقت ایسٹ بنگال رجمنٹ ہوتی تھی، جس کے کمانڈنگ آفیسر(سی او) کرنل رشید جنجوعہ تھے، جنجوعہ صاحب بہت قابل اور سینئر آفیسر تھے اور اُن کا سیکنڈ اِن کمانڈ، میجر ضیاء الرحمٰن (بنگلا دیش کی سابق وزیر اعظم، خالدہ ضیاء کا شوہر) تھا۔ تو میجر ضیاء آدھی رات کو دیگر بنگالیوں کے ساتھ کمانڈنگ آفیسر کے گھر گیا، بد قسمتی سے سی او کا بیٹ مین اور چوکیدار وغیرہ بھی بنگالی تھے، تو وہ سب ضیاء کے ساتھ مل گئے، پھر کرنل صاحب کو باہر نکالا اور انہی کے آفس لے جاکر، انہی کی کرسی پہ بٹھا کر میجر ضیاء نے بیٹ مین سے انہیں گولیاں مروائیں۔

اس طرح جب تک مَیں وہاں پہنچا، توبغاوت کے نتیجے میں ایسٹ بنگال رجمنٹ تو ختم ہوچُکی تھی، لیکن اپنے کام سے فارغ ہو کر مَیں نے ایک ساتھی میجر سے کہا کہ ’’یونٹ تو ختم ہو گئی ہے، لیکن چل کر دفتر دیکھ آتے ہیں۔‘‘ تو جس وقت ہم وہاں پہنچےاور مَیں کرنل جنجوعہ کی کرسی پہ بیٹھا، تو اُن کا خون اُس وقت بھی کرسی پر لگا ہوا تھا اور زمین پر بھی نشانات تھے۔ یہ دیکھ کر میرے آنسو نکل آئے اور بس اتنا ہی کہہ سکا کہ ’’سر! آپ کی قربانی یاد رکھی جائے گی۔‘‘ جب ہم واپس آنے لگے، تو ہمیں ایک ٹرین میں بند کردیاگیا، جس میں بالکل اندھیرا تھا، ہمیں یہ تک نہیں معلوم تھا کہ کہاں جا رہے ہیں، کھانے کو کچھ تھا، نہ پینے کو۔

بہرحال، جب گاڑی رُکی تو پتا چلا کہ ہم بریلی پہنچ چُکے ہیں۔ پھر وہاں سے ہمیں قید کرلیا گیا اور قریباً دو ڈھائی سال مَیں اور میرے کچھ ساتھی قید رہے۔ یہ تمام باتیں، قصّے بتانے کامقصد عوام ، بالخصوص نسلِ نو کو یہ بتانا ہے کہ فوجی، سرحدوں کے محافظ کس قدر اذیّتیں جھیلتے، قربانیاں دیتے ہیں۔ فوج کے خلاف بےبنیاد الزامات لگانا بہت آسان ہے ، لیکن ایک دن،صرف ایک دن ذرااُن کی زندگی جی کے دیکھیں، تو آپ کو اندازہ ہوجائے گا کہ ایک فوجی کتنی پُرخطر ، ہیجان انگیززندگی گزارتا ہے۔ ‘‘

کموڈور(ر) سدید ملک نے بتایا کہ ’’1965ء میں ، مَیں نیول اکیڈمی میں زیرِ تعلیم تھا، یعنی اس وقت ہم محاذِجنگ پر جانے کے لیے تیار نہیں تھے، لیکن جذبہ اس قدربلند تھاکہ ہم سب کیڈٹس صرف ایک ’’آرڈر‘‘ کے منتظر تھے۔ حالاں کہ اُس وقت پاکستان نیوی، بھارتی نیوی کے مقابلے میں استعدادو جدّت کے اعتبار سے بہت چھوٹی تھی، لیکن ہماری بحریہ نہ گھبرائی، نہ ڈری سہمی، بلکہ اس نے دوارکا کے مقام پر بھارتی بحریہ کا ریڈار تباہ و برباد کر دیا۔ یہی نہیں، پاک بحریہ نے پاکستان کی مرچنٹ نیوی کا جہاز بھی بحفاظت آف لوڈ کروایا اور بھارتی نیوی کو ہماری سمندری حدود میں داخل ہونے سے بھی روکے رکھا۔ یعنی جنگِ ستمبر میں تینوں مسلّح افواج ہر محاذ پہ مُلک و قوم کی جاں فشانی سےخدمت کر رہی تھیں۔ ‘‘

سنڈے میگزین سے مزید