تاحدِّ نگاہ پانی میں ڈوبےگھرگرہستیاں اور بستیاں، بے سرو ساماں خاندان، بڑی بڑی اوڑھنیاں لپیٹے بھوک، پیاس سے بلکتے بچّوں کوبہلاتی مائیں، سَروں، کاندھوں پر چارپائیاں، زنگ آلود سلائی مشینیں لادے بوڑھے، تختے کو کشتی، وائپر کو چپّو بنائے ساحل کی متلاشی لڑکی، ماں کو کاندھے پر اُٹھائے گُھٹنوں گُھٹنوں پانی میں ڈوبا نوجوان، زندگی بَھر کی جمع پونجی، مال مویشی اور کچّے مکانوں کے بہہ جانے کا غم سہتے مرد،ایک وقت کے کھانے کو ترستی، مدد کی متلاشی ،کئی کئی روز سے پانی میں ڈوبی زندگیاں، کہیں بچّوں کو تلاشتے، ان کی گم شدگی یا موت کا سوگ مناتے والدین، تو کہیں ماں ، باپ کو ڈھونڈتی، پتھرائی نگاہیں …یہ دل دہلانے، روح جھنجھوڑ دینے والے مناظر کسی ٹریجک مووی کے نہیں، وطنِ عزیز پاکستان کے ہیں۔
وہی پاکستان، جو اس سال 75 برس کا ہوگیا ہے، وہی وطن، جس کی زرخیز زمین، لہلہاتے کھیت، سرسبز و شاداب باغات، برف کی چادر اوڑھے پہاڑ اس کی پہچان ہیں۔ مگر افسوس کہ حالیہ طوفانی بارشوں، قیامت خیز سیلاب کے بعد نہ لہلہاتے کھیت بچے، نہ فصلیں، سونا اُگلتی زمینیں ڈوب گئیں، تو کھیتیاں کھلیان آباد کرنے والے محنت کشوں کے گھر بھی۔ کہنے کے تو ہم بڑی ذہین ، جفاکش قوم ہیں۔ ہمارے ہاں ہر شعبے کے ماہرین موجود ہیں، لیکن کس قدر افسوس اور اس سے بھی بڑھ کر بد قسمتی کی بات ہے کہ پون صدی گزرنے کے با وجود مُلک کو اس قابل بھی نہیں بنایا جا سکا کہ معمول کی قدرتی آفات یاغیر معمولی بارشوں، طوفانوں ہی سے نمٹا جا سکے یا کم از کم جانی نقصان ہی روکا جا سکے۔
وہ ممالک بھی تو ہیں، جہاں کسی سانحے، قدرتی آفت کے بعد ایسی منظّم اور جامع منصوبہ بندی کی جاتی ہے کہ پھر مستقبل میں اُس نوعیت کا کوئی واقعہ پیش نہیں آتا، لیکن ہمارے ہاں تو لگتا ہےحکم ران طبقہ اور متعلقہ ادارے کسی آفت سے پہلے اور آفت کے بعد بھی گویا ستّو پی کر ایسے سوتے ہیں کہ اگلی آفت تک بھی خود نہیں اُٹھتے،بلکہ الیکٹرانک/ پرنٹ میڈیا یاسوشل میڈیا ہی اُنہیں جھنجھوڑ کر اُٹھاتا ہے۔ ہاں، یہ ضرور ہے کہ ہرقدرتی ، ناگہانی آفت کے بعد اگر کچھ کُھل کے سامنے آتا ہے، تو وہ ہے، ریاست ، متعلقہ اداروں کی نا اہلی، عاقبت نا اندیشی۔
اس سال بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی نے 2010ءکی تباہ کا ری کابھی ریکارڈ توڑ دیا ہے ۔بلاشبہ، قدرتی آفات پر کسی کابس نہیں چلتا،دنیا بَھر میں ہر جگہ نقصانات بھی ہوتے ہیں ،لیکن اس کے بعد جس طرح ریاستیں، حکومتیں اپنا کردارادا کرتی ہیں،وہ ہمارے یہاں نظر نہیں آتا۔ کوہستان میں جو دل دہلا دینے والا واقعہ رونما ہوا ، وہ اس امر کا ثبوت ہے کہ ہماری ریاست عوام کی فوری مدد کی اہلیت ہی نہیں رکھتی۔ پانچ دوست ایک سیلابی ریلے میں تین گھنٹے پھنسے رہے ، مقامی لوگ اپنے تئیں انہیں نکالنے کی کوشش کرتے رہے ، لیکن وہ نوجوان سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
حالاں کہ فی ا لفور ہی ریلے میں پھنسے دوستوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونا شروع ہو گئی تھیں، حکام سے انہیں ریسکیو کرنے کی درخواست بھی کی جارہی تھی ، لیکن کوئی ان کی مدد کو نہ پہنچا۔کیا پشاور یا گلگت سے محض ایک گھنٹے میں وہاں کوئی ہیلی کاپٹر نہیں پہنچ سکتا تھا۔ اگر ان نوجوانوں کی جگہ کوئی حکومتی اہل کار، سیاست دان یا ان کا کوئی رشتے دار ہوتا تو اُسے بچانے کی ہر ممکن کوشش نہیں کی جاتی۔ اور یہ تو صرف ایک واقعہ ہے، اس وقت تو پورا پاکستان ہی درد والم کی ایسی لاتعداد کہانیوں میں گِھرا ہوا ہے۔واضح رہے، بارشوں کا یہ سلسلہ 14جون سے جاری ہے،جس سے مُلک گیر سطح پر 116اضلاع متاثر ہوئے ہیں اور اب تک سیکڑوں انسانی جانیں لقمۂ اجل بن چُکی ہیں۔
پانچ لاکھ کے قریب مکانات منہدم ہونے یا جزوی نقصان کے باعث تین کروڑ سے زیادہ افراد کے بے گھر ہونے کا انداز ہ ہے۔ آٹھ لاکھ کے قریب مویشی ہلاک ، لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی پر کھڑی فصلیں تباہ اور گوداموں میں رکھی ہزاروں ٹن گندم برباد ہو چُکی ہے۔ واضح رہے، محکمۂ موسمیات نے ان بارشوں اور سیلابوں کے متعلق قبل از وقت ہی آگاہ کردیا تھا، لیکن پھر بھی شدید نقصان سے بچنے کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے۔جب کہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق بھارت نے دریائوں میں مجموعی طور پر 9لاکھ کیوسک پانی چھوڑدیا ہے، جس سے جنوبی پنجاب اور سندھ کی زمینوں کو سخت خطرہ لاحق ہے۔
این ڈی ایم اے(National Disaster Managemnet Authority) کے مطابق تادمِ تحریرمجموعی طور پر اب تک بارشوں اور سیلاب سے سندھ کے مختلف اضلاع میں461افراد(88خواتین ،205بچّے،168مرد ) جاں بحق اور 8314 افراد (2916مرد، 2167 خواتین اور 3231بچّے)زخمی ہوچُکے ہیں۔ واضح رہے، گزشتہ دِنوں خیرپور میں مسجد کی چھت گرنے سے 15افراد جاں بحق اور 100سے زائد زخمی بھی ہوئےتھے اور یہ افسوس ناک واقعہ احمد پور کے قریب واقع پینہار گوٹھ کی مسجد میں صبح 7بجے کے قریب پیش آیا ۔ اُس وقت مسجد میں 200کے قریب افراد (بشمول خواتین اور بچّے) موجود تھے۔ یاد رہے، کچّےمکانوں میں بسنے والے ان تمام افراد نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچنے کے لیے مسجد میں پناہ لے رکھی تھی۔ اسی طرح کچھ روز قبل ملیر ندی کے سیلابی پانی میں ایک گاڑی ڈوبنے کا واقعہ بھی پیش آچُکا ہے، جس میں 7 افراد سوار تھے۔
خیبر پختون خوا میں سیلاب کے نتیجے میں تا دمِ تحریر285افراد (138مرد، 39 خواتین، 108بچّے) ہلاک اور336افراد(131مرد، 79خواتین ،126بچّے) زخمی ہو چُکے ہیں۔ واضح رہے،کے پی کے میں بارش اور سیلاب کےبعدسے ایمر جینسی نافذ اور بیش ترتعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔ ڈیرہ اسماعیل خان، چارسدّہ، کالام اور سوات سمیت کئی علاقوں میں سیلابی ریلوں نے خوف ناک تباہی مچا ئی۔ سیلاب سے ڈیرہ اسماعیل خان کا 60فی صد علاقہ زیرِ آب ہے، جس سے نظام ِزندگی بری طرح متاثر ہوا۔ نیز، سوات، کالام ،بحرین اورمدین میں متعدّد مساجد ، ہوٹلزاور مکانات دریا بُرد ہوئے، جب کہ پُل بہہ گئے۔
بلوچستان میں تادمِ تحریر257افراد(124مرد، 59خواتین، 74بچّے) جاں بحق، جب کہ 164افراد( 86مرد، 35خواتین،43بچّے)زخمی ہوئے۔ یہی نہیں، سیلابی ریلوں سے کئی ڈیمز بھی ٹوٹ گئے۔ زیارت، پشین اور مستونگ کے علاقوں میں کئی آبادیاں تا حال زیرِ آب ہیں۔ زیارت میں مواصلاتی نظام معطّل،جب کہ نصیرآباد میں بولان قومی شاہ راہ پر پنجرہ پل کو سیلابی ریلے نے تباہ کردیا ہے۔ یاد رہے، بلوچستان میں سیلاب سے ایک ہزار کلومیٹر پر مشتمل مختلف شاہ راہیں شدید متاثر، جب کہ گیس پائپ لائن بہہ جانے سے کوئٹہ سمیت کئی اضلاع کو گیس کی فراہمی بندہے۔نیز،صوبےمیں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث کراچی اورگوادرکا کوئٹہ سے رابطہ بھی منقطع ہے۔
امجدصاحب نے 2010ء کے سیلابِ بلا خیز پر ایک نوحہ لکھا تھا۔ آج پھر وہی یاد آرہا ہے ؎ کہہ کے گزرا ہے اماں پانی…پھر وہی تلخ داستاں پانی…کھیت، گھر، مسجدیں نہ آدم زاد…بستیوں کا ہے اب نشاں پانی… لے گیا ساحلِ یقین بھی ساتھ…ایسے آیا تھا بے گماں پانی…پانی پانی ہے یوں تو حدِّ نظر…پھر بھی پینے کو ہے کہاں پانی… موتِ وادی میں جو اُترتی ہیں…بن گیا ایسی سیڑھیاں پانی…سر پہ چھت ہے، نہ پیٹ میں روٹی…کچھ اگر ہے تو ہے یہاں پانی…ایک ریلے میں گم ہوئی بستی…کھا گیا سب کو ناگہاں پانی…بن گیا رات کے اندھیرے میں…حشر کے دن کا ترجماں پانی…اب تو یہ یاد بھی نہیں آتا…کبھی ہوتا تھا مہرباں پانی…ہاتھ کو ہاتھ کی خبر نہ رہی…آگیا ایسے درمیاں پانی…وہ جو گلیاں تھیں زندگی افروز…اب وہاں پر ہے نوحہ خواں پانی…جانور ، لوگ ، خواب، بام ودَر…کر گیا سب کو بے نشاں پانی…بین کرنے کو سَر چُھپانے کو…رہ گیا ایک ہی مکاں پانی… موت اُس کے جَلو میں رقصاں تھی…جا رہا تھا جہاں جہاں پانی…جس جگہ گھاس تک نہ اُگتی تھی…ہم نے دیکھا وہاں وہاں پانی…نہیں رُکتا کسی کی خاطر یہ…نہیں سنتا کوئی فغاں پانی…آنکھ میں اور اُس کے باہر بھی…ایک سا ہے رواں دواں پانی…کس طرح ہو مکالمہ اُس سے… بولتا ہے عجب زباں پانی۔ سیلاب کی تباہ کاریاں تو ایک طرف، لیکن اس صورتِ حال نے کئی اور پہلو ؤں کو بھی جنم دیا ہے۔ جیسے متاثرہ علاقوں میں صحتِ عامّہ کے مسائل ، خیموں، ترپالوں ، خشک غذا کی بڑھتی قیمتیں۔ نیز، سیلاب کی تباہی ڈیمز کی کمی کا نتیجہ ہے یا وجہ کچھ اور۔ تو آئیے ،اس حالیہ سیلاب کی تباہ کاریوں کا مختلف زاویوں سے جائزہ لیتے ہیں۔
غیر قانونی، نان انجینئرڈ تعمیرات اور ڈیمز کی کمی سیلاب کی وجہ…؟
برطانیہ سے اسٹرکچرل انجینئرنگ میں پی ایچ ڈی کرنے والے،این ای ڈی یو نی وَرسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے اپنے مشاہدات و تجربات کی روشنی میں بتایا کہ ’’اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ اس وقت پوری دنیا ہی موسمیاتی تبدیلی کے زیرِ اثر ہےاور رواں سال مُلک میں ہونے والی بارشیں غیر معمولی نوعیت کی ہیں۔ کم از کم مَیں نے تو اپنی زندگی میں کبھی اتنی بارشیں نہیں دیکھیں، جو اس برس ہوئی ہیں۔ اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ ’’بارشوں سے کیا کیا ہوتا ہے اور ان کے کیا نقصانات ہیں؟ ‘‘تو تین طرح کی آبادیوں پر اس کے الگ الگ اثرات مرتّب ہوتے ہیں۔
نیز، یہ بات بھی قابلِ غور ہے کہ بارشوں کی وجہ سے دریاؤں میں پانی کی سطح ، روانی اور طغیانی بڑھ جاتی ہے۔ اب اگر اس کے زیرِ اثر آنے والی آبادیوں کی بات کریں ، تو پہاڑی علاقوں میں چوں کہ ڈھلان زیادہ اور دریا کی چوڑائی کم ہوتی ہے، تو خصوصاً بارشوں میں پانی کی رفتار بہت زیادہ ہوجاتی ہے، نیز جب پانی نیچے کی جانب آتا ہے، تو اس میں پتھر، مٹّی وغیرہ بھی شامل ہوجاتے ہیں۔ یہ وہ صورتِ حال ہے، جس کا سامنا پہاڑی علاقوں جیسے سوات، کالام، نوشہرہ وغیرہ کو ہے۔ یعنی ان علاقوں میں آنے والے سیلابی ریلے میں پانی کے ساتھ بڑے بڑے پتّھر بھی آئے، جوتباہی کا سبب بنے۔
جب کہ میدانی علاقوں (دیہات) میں بہنے والے دریا کی رفتار کم اور چوڑائی زیادہ ہوتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زیادہ بارشوں کے نتیجے میں دریا کا پانی پھیلنا اور آبادی میں داخل ہونا شروع ہوجاتا ہے، جس سے فصلیں بھی تباہ ہوتی ہیں اور کچّے مکانات بھی گرنے لگتے ہیں۔ بارش کا تیسرا اثر شہری علاقوں میں ہوتا ہے، جہاں سڑکیں زیادہ ہیں، نکاسیِ آب، بالخصوص بارش کے پانی کی نکاسی اور سیوریج کا نظام انتہائی ناقص ہے۔ اصولاً تو یہ ہونا چاہیے کہ بارش کا پانی گٹر کے نالوں سے نہ نکلے کہ اس سے گٹر اووَر فلو ہوجاتے ہیں۔
ڈیفینس میں جو ہوا، وہ اسی کا نتیجہ ہےکہ نہ وہاں کی سڑکوں کی سطح ہم وار ہےاور نہ ہی کوئی مؤثر ڈرینیج سسٹم ہے،توان تینوں حصّوں پہاڑی ، میدانی اور شہری علاقوں میں بارش کے مختلف اثرات ہوتے ہیں۔ اب جہاں تک بات ہے نقصان کی، تو پہاڑی علاقوں میں جب پانی تیزی سے بڑھتا ہے، تو راستے میں آنے والی آبادیاں، لوگ، قیام گاہیں وغیرہ تباہ ہوجاتی ہیں۔ جیسا کالام میں ایک نئی طرز کا ہوٹل منٹوں، سیکنڈوں میں تباہ ہوگیا۔ ویسے تو وہ ہوٹل وہاں بننا ہی نہیں چاہیے تھا،ہوٹل کی وہاں موجودگی ہی اس امرکی نشان دہی کرتی ہے کہ وہ نان انجینئرڈ تھا، کیوں کہ کم از کم کوئی سوِل انجینئر تو ایسی جگہ پر تعمیرات کا مشورہ نہیں دے سکتا کہ جس کے دونوں جانب دریا بہتا ہو۔ اور یہ حال تمام پہاڑی علاقوں کا ہے۔
یاد رکھیں، واٹر وے میں کسی قسم کی کوئی تعمیرات یا آبادی ہونی ہی نہیں چاہیے۔ لیکن ہمارے ہاں ریگولیٹری اتھارٹی، کوئی روک ٹوک نہ ہونے کے سبب لوگ اپنی مرضی سےنان انجینئرڈ تعمیرات کرلیتے ہیں اور انہیں کوئی پوچھنے والا بھی نہیں ہوتا۔ پہاڑی علاقوں میں دریا کے پانی کا بہاؤ اس قدر زیادہ ہوتا ہے کہ وہ کناروں میں کٹاؤ کرتا ہے ، جس سے ساری مٹّی نیچے سے بہہ جاتی ہے، نتیجتاً عمارتیں گر جاتی ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ میدانی علاقوں میں بلڈنگز پانی کی وجہ سے یک دَم نہیں گرتیں، بلکہ آہستہ آہستہ کم زور ہو کر گرتی ہیں یا ان کی بنیادیں کم زور ہوجاتی ہیں۔ لیکن ایسا صرف ہمارے یہاں ہی ہوتا ہے کہ دنیا بھر میں ’’واٹر ریزسٹینٹ بلڈنگز‘‘ بنائی جا رہی ہیں۔ جن میں مٹّی میں چونے کی ایک خاص مقدار شامل کی جاتی ہے، جس سے اس کی پانی میں گُھلنے کی رفتار کم ہوجاتی ہے۔ لیکن یہ فنی مہارتیں، تیکنیکی باریکیاں صرف سوِل انجینئرز کو معلوم ہوتی ہیں، جب کہ ہمارے ہاں تو اکثر تعمیرات، خاص طور پر دیہات میں بننے والے گھر نان انجینئرڈ ہوتے ہیں، تو ایسے میں واٹر ریزسٹینٹ تعمیرات کیسے ممکن ہیں۔
اس حوالے سے حکومت کی ذمّے داری ہے کہ موجودہ سیلاب کے بعد جب از سرِ نو تعمیرات کا آغاز کرےتو لوگوں کوتعمیرات کے اصولوں کے عین مطابق گھر بنانے کا شعور و آگہی بھی دے۔ اصولاً تو حکومت کو ڈی مارکیشن کرنی چاہیے کہ یہ پانی کے راستے ہیں، چاہے کچھ بھی ہوجائے یہاں تعمیرات نہیں ہوں گی اور ان تمام مسائل کا حل یہ ہے کہ باقاعدہ ایسے پروگرامز کا آغاز کیا جائے جن میں لوگوں کو تعلیم و آگہی دی جائے۔ اُن میں غیر قانونی تعمیرات سے متعلق شعوربیدار کیا جائے۔ نیز، ریگولیٹری فریم ورک اس قدر مضبوط اور سخت ہونا چاہیے کہ کسی بھی قیمت پرچند خاص علاقوں جیسے دریاؤں کے اطراف اورکچّے علاقوں میں آبادی، تعمیرات کی اجازت نہ ہو۔‘‘
’’علاوہ ازیں، حالیہ تباہی اور سیلابوں کے پیشِ نظر بہت سے لوگ ڈیمز بنانے یا ڈیمز کی اہمیت پر بھی بات کر رہے ہیں (ڈاکٹر سروش نے سلسلۂ کلام جاری رکھا)، تو یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ ڈیمز ہر جگہ نہیں بن سکتےکہ ڈیمز بنانے کی بھی کچھ شرائط ہوتی ہیں۔ درحقیقت ، ڈیم پانی روکنے کی ایک دیوار ہے، لیکن اس میں ایک سیفٹی بینڈ بھی لگایا جاتا ہےکہ اگر پانی زیادہ ہوجائے، تو یہاں سے نکل جائے، تو جب ڈیمز کا پانی اووَر فلو ہوگا، تو وہ بھی نقصان دہ ہی ہوگا۔
ہاں ، یہ ضرور ہے کہ بڑے ڈیمز کی مدد سے سیلاب کنٹرول کیے جاسکتے ہیں، لیکن پھر بھی کتنا پانی روکیں گے ، جس طرح کی یہ بارشیں ہوئی ہیں، ان سےنقصان ہونا تو طے تھا۔ اگر فلڈنگ کینال(وہ کینال جس میں سال بھر پانی نہ آتا ہو، لیکن بارش کے دنوں میں پانی جمع ہوجائے) بنا دئیے جائیں، تو سیلاب کا خطرہ بہت حد تک کم ہو سکتا ہے۔خیر، بات یہ ہے کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں سے ہونے والے نقصان کو روکا تو نہیں جا سکتا تھا، لیکن ڈیمز، فلڈنگ کینالز وغیرہ کی مدد سے کم ضرور کیا جا سکتا تھا۔
دیکھیں، کچھ بیماریاں ایسی ہوتی ہیں، جنہیں ختم نہیں کیا جا سکتا، جیسے ذیابطیس سو فی صد ختم نہیں ہو سکتی، لیکن اسے کنٹرول کرنے کے لیے دوا تو کھائی جاتی ہے ناں، تو موسمیاتی تبدیلی کا بھی یہی معاملہ ہے کہ اسے آپ روک نہیں سکتے ،مگر اس کے نقصانات کم کرنے کے لیے کئی اقدامات جیسے ڈیمنگ، رین واٹر ہارویسٹنگ اور انفرا اسٹرکچر میں بہتری کی جا سکتی ہےاور فی الفور یہی کیا جاناچاہیے۔‘‘
زمین کو بانجھ نہ کریں، تعمیرات کے وقت زمین دوز کنویں، خندقیں بنائی جائیں
پاکستان کی پہلی خاتون آرکیٹیکٹ، ماہرِ تعمیرات، ہیریٹیج فاؤنڈیشن آف پاکستان کی سربراہ، یاسمین لار ی بہت دُکھی دل کے ساتھ کچھ یوں گویا ہوئیں’’یقین کریں،موجودہ حالات، غرباء کی حالتِ زار دیکھ کر میرا دل خون کے آنسورو رہا ہے۔ میرا، ہمارا، سب کا پاکستان ڈوبا ہوا ہے۔ کئی تاریخی عمارات ختم ہو گئی ہیں۔ پانی اس اعتبار سے سب سے زیادہ تباہ کُن ہوتا ہےکہ اگررِستا رہے، تو آہستہ آہستہ پوری عمارت کھاجاتا ہے۔ اس حوالے سے مَیں ماہرِ تعمیرات کی حیثیت سے کہہ رہی ہوں کہ ہمیں کنکریٹ اور اسٹیل کا استعمال چھوڑ دینا چاہیے۔ موسمیاتی تبدیلی سے تو انکار ممکن ہی نہیں، توکیا ہی بہتر ہو کہ ہم اپنا طریقۂ تعمیرہی بدل لیں۔
مَیں تعمیرات میں بانس کا استعمال کر رہی ہوں۔ اب ہمیں وہ طریقۂ تعمیر استعمال کرنے کی ضرورت ہے کہ جب کوئی قدرتی آفت آئے، غیر معمولی بارشیں ہوں تو گھر، نہ گِریں۔ لوگ بے گھر نہ ہوں اور اگر عمارت گِر بھی جائے، تو کم از کم جانی نقصان نہ ہو۔ یاد رکھیں، جب کنکریٹ کی چیز گرتی ہے، تو وہ اس قدر بھاری ہوتی ہے کہ اُس سے بڑی تعداد میں جانی نقصان بھی ہوتا ہے۔ اب ہمیں انسانی جانوں کی حفاظت کو مدّ ِ نظر رکھتے ہوئے عمارتیں بنانی چاہئیں۔ نیز، پہلے ہم سمجھتے تھے کہ سیلاب میں بہت زیادہ پانی نہیں آتا،زیادہ سے زیادہ تین، چار فٹ آجائے گا، لیکن اس بار احساس ہوا کہ سیلاب میں کس قدر پانی آسکتا ہے۔
اس وقت حالات یہ ہیں کہ ایک، ایک منزل تک پانی کھڑا ہے۔ آبادیوں نے سمندر کا رُوپ اختیار کر لیا ہے۔ حالیہ بارشوں سے جس قدر نقصان ہوا ہے، وہ ایک الم ناک سانحہ ہے۔ درحقیقت، ہم ان حالات کے لیے تیار ہی نہیں تھے، کبھی سوچا ہی نہیں تھا کہ ایسابھی کچھ ہو سکتا ہے۔ تو عقل مندی اسی میں ہے کہ حالیہ تباہی سے سبق سیکھیں، معلومات اکٹھی کریں اور مستقبل کے لیے پلاننگ کریں۔ اب جو ہوگیا، وہ تو ہوگیا۔ فی الحال یہ ایمر جینسی فیز ہے، جس میں ضرورت اس امر کی ہے کہ لوگوں تک شیلٹر پہنچائیں۔ ایک ایسا کمرا، جوپانی میں نہ بہہ جائے، پھر متاثرہ علاقوں میں موبائل ٹوائلٹس کی ضرورت ہے۔
اسی طرح اب ہمیں بڑے نہیں، چھوٹے ڈیمز بنانے چاہئیں، کیوں کہ بڑے ڈیمز کے ٹوٹنے یا اووَر فلو ہونے سے بھی خاصی تباہی ہوتی ہے، پھر اس سے بھی بہتر یہ ہے کہ سوچا جائے کہ ہماری زمین کیا کچھ جذب کر سکتی ہے۔ کراچی میں قائم ڈینسو ہال میں مَیں نے ایسی راہ گزر بنائی ہے، جس میں فلڈنگ ہو ہی نہیں سکتی۔ وہاں مَیں نے زمین دوز کنویں بنائے ہیں، درخت لگائے ہیں، جوزمین ہی سے پانی خود بخود جذب کر لیتے ہیں۔ تعمیرات کے وقت زمیں دوز کنویں، خندقیں بنانی چاہئیں، جہاں پانی جذب ہو سکے۔
ہمیں یہ ہر گز نہیں بھولنا چاہیے کہ اگلے برس پھر بارشیں ہوں گی، اگر پلاننگ نہ کی گئی، غلطیوں سے سبق نہ سیکھا گیا، تو خدانخواستہ پھر ایسی ہی کسی تباہی پر آنسو بہا رہے ہوں گے۔ جانے کیوں ہم ’’آؤٹ آف دی باکس‘‘ نہیں سوچتے، لکیر کے فقیر بنے رہتے ہیں۔ حکومت تو خیر کیا ہی کچھ کرے گی، عوام، بالخصوص سوِل انجینئرنگ، آرکیٹیکچر سے وابستہ افراد کو کچھ الگ سوچنا چاہیے۔ کچھ لوگ ڈیمز، رین واٹر ہارویسٹنگ یا کینالز وغیرہ کی تعمیرات کو بھی اس مسئلے کا حل سمجھتے ہیں۔ ہاں ، یہ بھی حل ہیں، لیکن زیرِ زمین بھی تو کچھ کیا جا سکتا ہے، اس بارے میں کوئی کیوں نہیں سوچتا؟ہم نے اپنی زمین کو بالکل بانجھ کردیا ہے۔ زمین میں پانی جذب کرنے کی بہت طاقت ہے، زیرِ زمین کنویں بنائیں گے، خندقیں کھودیں گے، تو اس سے زمینیں زرخیز بھی ہوں گی۔
پانی استعمال میں لائیں، اسے ضایع کیوں کرتے ہیں۔ ڈینسو ہال میں، جو مَیں نے راہ گزر بنائی ہے، وہاں صرف زیرِ زمین کنویں کی وجہ سے14 مہینے میں میرے نیم کے درخت دس فٹ اونچے ہو گئے ہیں۔اب لوگوں کو سکھانا، شعور دینا چاہیے کہ کھیتوں میں پانی جمع نہ رہے، وہ زمین کے اندرچلا جائے۔ہمیں اپنے علاقوں کی تعمیر اس ڈھنگ سے کرنی چاہیے کہ علاقہ کسی اسپنج کی طرح ہو جائے، یعنی پانی زمین کے اندر چلا جائےاور ہم کئی علاقوں میں ایسا کر سکتے ہیں۔ دیکھیں، کسی نے توقع نہیں کی تھی کہ اتنی شدید بارشیں ہوں گی، تو ہم بارشیں تو نہیں روک سکتے، لیکن ان سے نمٹنے کے لیے اقدامات تو ضرورکر سکتے ہیں۔ اور اللہ کے واسطے یہ اونچی، اونچی عمارات بناناچھوڑ دیں، ان سے کسی کو فائدہ نہیں، صرف فطرت کو نقصان ہو رہا ہےاورفطرت چھیڑخانی کی سزا ضرور دیتی ہے۔
اسی کے ساتھ مَیں یہ بھی کہنا چاہوں گی کہ مَیں اپنی خدمات،اپنے آئیڈیاز فراہم کرنے کے لیے حاضر ہوں، مَیں تو چاہتی ہوں کہ اپنے مُلک و قوم کے کچھ کام آسکوں۔ مجھے حکومت کا پیسا نہیں چاہیے، بس میری قوم آباد رہے۔ یہ وہ وقت ہے کہ ہم سب کو مل جُل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ذرا سوچیں، کورونا کی صُورت میں اللہ تعالیٰ نےسب پر ظاہر کردیا کہ ہم سب اُس ربّ کے آگے بےبس ہیں۔
ایسی بیماری پھیلی ، جس سے امیر، غریب سب متاثر ہوئے، یعنی اللہ تعالیٰ نے بتا دیا کہ اُس کی نظر میں سب ایک ہیں۔ لیکن ہم نے پھر بھی سبق نہیں سیکھا، اپنے اعمال بہتر نہیں کیے۔ یہی حال فلڈنگ کا بھی ہے۔ پہلے پانی آتا تھا، تو اشرافیہ اس کا رُخ غریب بستیوں کی جانب موڑ دیتے تھے، لیکن گزشتہ چند برس سے ہونے والی بارشوں سے اشرافیہ بھی محفوظ نہیں۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ دنیا مکافاتِ عمل ہے، تو سب کے لیے اچھا چاہیں، تاکہ آپ کے ساتھ بھی اچھا ہی ہو۔ ‘‘
غیر معمولی بارشوں کا سبب کیا ہے؟ انتباہ جاری کیا گیا
پاکستان کے چیف میٹرولوجسٹ، سردار سرفراز کا اس صورتِ حال پر کہنا ہے کہ ’’حالیہ برس پاکستان میں غیر معمولی بارشیں ہوئی ہیں۔ دراصل مون سون بارش کے کچھ ٹیلی کنکشنز ہوتے ہیں، جو ارد گرد کے خطّے کے دوسرے پیرا میٹرز کے ساتھ جُڑے ہوتے ہیں۔ جیسے بحرالکاہل کے درجۂ حرارت ، بحرِ ہند کے درجۂ حرارت، سی سسٹم اور مون سون ایکسز۔ یعنی بھارت سے ہماری طرف جو ہوائیں آتی ہیں، ان کا ایک ٹریک ہوتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ ایک ہیٹرو فلو بنتا ہے، جو زیادہ گرمی پڑنے کی وجہ سے بنتا ہے، تو ان عناصر کا اثر زیادہ تھا، اس لیے اس بار زیادہ بارشیں ہوئیں۔
اب ضروری نہیں کہ اگلے برس بھی یہ تمام عناصر سپورٹیو ہوں یا زیادہ بارشیں ہوں، لیکن یہ ضرور ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے پہلے کے مقابلے میں اب بارشوں کی تعداد ضرور بڑھ گئی ہے۔ یعنی پہلے پندرہ ، بیس برس میں ایک آدھ بار اس طرح کی بارشیں ہوتی تھیں، جب کہ اب شاید ہر چوتھے، پانچویں برس اس طرح کی صورتِ حال کا سامنا ہو سکتا ہے۔ جہاں تک بات ہے، سیلابی صورتِ حال اور احتیاطی تدابیر کی، تو اس حوالے سے لانگ ٹرم پلاننگ کی اشدضرورت ہے۔ جیسے مُلک بَھر میں چھوٹے، بڑے ڈیمز بننے چاہئیں تاکہ سیلابی صورتِ حال پر قابو پایا جا سکے۔
دیکھیں، سوچنے کی بات ہے کہ ہم قدرتی آفات، زلزلوں، بارشوں، سیلاب وغیرہ پرتو قابو نہیں پا سکتے، انہیں روک نہیں سکتے، لیکن ان کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر تو قابو پاسکتے ہیں۔ احتیاطی تدابیر تواختیارکر سکتے ہیں۔ بلا شبہ، حالیہ بارشیں غیر معمولی نوعیت کی ہیں، لیکن اگر ہم پہلے سے ان سے نمٹنے کے لیے تیار ہوتے، تھوڑی بہت پلاننگ کی گئی ہوتی، تو حالات پرکسی حد تک قابو پایا جا سکتا تھا۔ نیز، مَیں عوام سے بھی کہنا چاہتا ہوں کہ انہیں خود بھی احتیاط کرنے کی ضرورت ہے۔
محکمۂ موسمیات کے جاری کردہ انتباہ پر سنجیدگی اختیار کرنی چاہیے۔ جیسے ہم سمندر میں طوفان کی وارننگ جاری کرتے ہیں، طغیانی کے پیشِ نظر عوام کو سمندر پرجانے سے روکتے ہیں، تو لوگ دُگنی، چوگنی تعداد میں طوفان دیکھنے سی ویو پہنچ جاتے ہیں۔ خوش گوار موسم کامطلب ہرگز یہ نہیں کہ آپ سمندر کی سیر کو جا پہنچیں۔ اگر محکمۂ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے، سمندر پر جانے سے روکا ہے، تو خدارا! سمندر پر جانے سے گریز کیا کریں۔‘‘’’کیا اس طرح کی بارشوں اور سیلاب سے متعلق حکومت کو قبل از وقت خبردار کر دیا تھا؟‘‘ اس سوال پر اُن کا کہنا تھا کہ ’’دو طرح کی موسمی پیش گوئیاں ہوتی ہیں۔
ایک تو سیزنل فورکاسٹ جس میں تین ، تین مہینے کی پیش گوئی کی جا تی ہے۔ اب ہم بالکل درست وقت تو نہیں بتا سکتے کہ ایک بج کر پندرہ منٹ پر سیلاب آجائے گا، لیکن ہم نے سیزنل فورکاسٹ میں یہ ضرور بتادیا تھا کہ اس مرتبہ پاکستان میں معمول سے کہیں زیادہ بارشیں ہوں گی، یعنی تیس، چالیس فی صد زائد ہو سکتی ہیں۔
پھر ہم نے ہر اسپیل سے تین چار دن پہلے بھی پریس ریلیز کی شکل میں بتا دیا تھا کہ بارشیں ہونے والی ہیں اور آنے والے تین ، چار دِنوں میں فلاں ایریا میں اتنی بارشیں ہوسکتی ہیں، جس کے نتیجے میں اربن فلڈنگ ، بڑے شہروں، پہاڑی علاقوں میں پانی آسکتاہے۔اسی طرح ہم متعلقہ لوگوں کو بارہا ہدایات بھی جاری کرتے رہے کہ آپ کو جو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہے، کرلیں کہ موسم خراب ہے، غیر معمولی بارشیں ہوں گی۔‘‘
انتہاکو چُھوتی بے حِسی…
مُلک میں سیلابی صورتِ حال کے بعد خیموں، خشک خوراک، ترپالوں کی طلب بڑھی، تو ان کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے، قیمت بڑھنے کے باوجود طلب اتنی ہے کہ کراچی کی ہول سیل مارکیٹ ،جوڑیا بازار میں خیموں کی قلّت پیدا ہوگئی ہے۔ یاد رہے، جوڑیا بازار میں ضرورت کی ہر شئے بڑی مقدار میں موجود ہوتی ہے، مگر سیلابی صورتِ حال کی وجہ سے بازار میں خیمے ناپید ہیں۔ واضح رہے، اس وقت عارضی چھت، خشک غذا سیلاب متاثرین کی بڑی ضرورت ہیں، لیکن کیمپس اور ترپال کی بڑھتی قیمتوں نے بےآسرا متاثرین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔
دوسری جانب،سندھ کے شہر ،مورو میں وڈیروں نے اپنی گنّے کی فصل بچانے کے لیے سیلابی ریلا آبادی میں چھوڑ دیا اور پانی کا راستہ روکنے کے لیے آٹے کی بوریاں رکھ دیں، جب کہ مورو میں سیلابی صورتِ حال سے تین چار دیہات کے پانچ سے سات ہزار افراد متاثر ہیں۔ اسی طرح شہدادپور میں راشن دینے کے بہانے سیلاب متاثرہ لڑکی کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ یاد رہے، گزشتہ برس جب مَری سانحہ پیش آیا تھا اور عوام، ہوٹل مالکان کولعن طعن کر رہے تھے، تو کسی نے کہا تھا کہ’’ وقت پڑنے پر، ہم سب ’’مَری والے‘‘ بن جاتے ہیں ‘‘ اور بلاشبہ سو فی صد درست کہا تھا کہ حالیہ سیلاب نے واقعتاً یہ ثابت بھی کردیا ہے۔
صحتِ عامّہ متاثر، وبائی امراض کے بڑے پیمانے پر پھیلاؤ کا خطرہ
ماہرینِ صحت اور فلاحی اداروں نے سیلاب زدہ علاقوں میں 50لاکھ افراد کے بیمار ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ متاثرینِ ِ سیلاب کی مشکلات اور مسلسل پانی میں رہنے کی وجہ سے ان علاقوں میں پُھوٹنے والی بیماریوں کے حوالے سے ہم نے سینئر کنسلٹنٹ پلمونولوجسٹ، ڈاؤ انٹرنیشنل میڈیکل کالج اینڈڈاؤ یونی وَرسٹی اسپتال ، ڈاؤ یونی وَرسٹی آف ہیلتھ سائنس کے شعبۂ پلمونولوجی اینڈ سلیپ لیب کے سربراہ، ڈاکٹر فیصل اسد سے بات چیت کی۔
واضح رہے، ڈاکٹر فیصل اور اُن کی ٹیم گزشتہ کئی دِنوں سے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے پاکستان کے مختلف حصّوں میں امدادی کاموں میں بھی سرگرمِ عمل ہے۔ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ ’’ یہ تو سب ہی کو معلوم ہے کہ ٹھہرا ہوا پانی نہ صرف ناپاک بلکہ جراثیم کی افزایش کی بھی بڑی وجہ ہوتا ہے، اسی لیے سیلاب زدہ علاقوں میں کئی طرح کی بیماریاں جنم لے رہی ہیں۔ نیز، وہاں صفائی سُتھرائی نہ ہونے کے برابر ہے، جس سے پیٹ کی بیماریاں، جیسے ڈائیریا، شدید پیٹ درد، اُلٹیاں وغیرہ، جِلدی بیماریاں اور آنکھوں کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے، جس کی وجہ گندے ہاتھ آنکھوں پر لگانا یا جراثیم زدہ پانی سے منہ دھونا ہے۔
نیز، ملیریل ڈیزیز جیسے ڈینگی، ملیریا بھی پھیلنا شروع ہو گیا ہے۔ دوسری جانب، لوگوں کے پاس کھانے کو کچھ ہے، نہ پینے کا صاف پانی اور جو غذا مل رہی ہے، وہ بھی ناقص ۔علاوہ ازیں، ایک اور بڑا مسئلہ ، جس پر کسی کا دھیان نہیں جا رہا ،وہ یہ ہےکہ سیلاب متاثرین کا اسپتالوں یا صحت کے مرکزی اداروں سے رابطہ بالکل منقطع ہو چُکا ہے۔ یعنی ایک تو وہ مریض ہیں، جو گندے پانی، ناقص غذا کی وجہ سے بیمار ہورہے ہیں اور ایک قسم اُن مریضوں کی ہے، جوکرونِک ڈیزیزز یعنی ذیابطیس، امراضِ قلب، سانس کی بیماریوں وغیرہ میں پہلے سے مبتلا ہیں، تواب وہ بھی اسپتال نہیں جا پا رہے۔ تو حالات اس قدر بد تر ہیںاور تباہی اتنی زیادہ ہوئی ہے کہ اس وقت نہ حکومت اکیلے کچھ کرسکتی ہے اور نہ ہی عوام۔
جو بھی کرنا ہے، سب کو مل کر، متّحد ہوکر ہی کرنا ہے اور یقین کریں کہ سب ہی لوگ مِل جُل کر کام کر رہے ہیں۔ مَیں بطور ڈاکٹر یہ سمجھتا ہوں کہ اس وقت خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں فوری طور پر زیادہ سے زیادہ آن سائٹ میڈیکل کیمپس لگانے چاہئیں، کیوں کہ یہ وہ علاقے ہیں، جہاں پانی کھڑا ہے اور میرا مشاہدہ ہے کہ اگر مزید بارشیں نہ ہوئیں، توبھی یہ پانی قریباً ایک ماہ کھڑا رہے گا۔ اب آپ خود اندازہ لگا لیں کہ اس دوران کتنی بیماریاں پھیل جائیں گی اور اگر متاثرین کوفی الفور علاج معالجے کی سہولتیں نہ دی گئیں، تو مزید کتنا نقصان ہوگا۔ اس کے علاوہ ان علاقوں میں بہت سی حاملہ خواتین بھی ہیں، جن کے بارے میں کوئی بات نہیں کر رہا کہ وہ کس قدر پریشانی اور ذہنی اذیّت میں مبتلا ہیں۔ بہت سی خواتین نے تو بے سرو سامانی ہی کی حالت میں بچّوں کو جنم بھی دیاہے۔
پھر اگر کسی شخص کو دل کا دَورہ پڑ جائے، تو کیا ہوگا، اُس کی جان کیسے بچائی جائے گی؟ پانی نے لوگوں کو ایک طرح سے محصور کر کے رکھ دیا ہے۔ تو متاثرین کو صحتِ عامّہ کی سہولتیں پہنچانے کا واحد حل آن سائٹ کیمپنگ ہے۔ یہ مت سوچیں کہ ذمّے داری حکومت کی ہے، بلا شبہ حکومت تو ذمّے دار ہے، لیکن ہم بھی اسی معاشرے کا حصّہ ہیں، تو یہ وقت اپنے بھائیوں کی مدد کرنے کا ہے اور لا تعداد افراد، بشمول میڈیکل فریٹیرنیٹی ،مدد کر بھی رہی ہے۔
آپ یقین کریں کہ روزانہ درجنوں بچّے، جو ابھی میڈیکل کالجز میں زیرِ تعلیم ہیں اور جونیئر ڈاکٹرز مجھے فون کرکے درخواست کرتے ہیں کہ ’’سر! اگلی ٹیم میں ہمارا نام لکھ دیں۔ ہم بھی آپ لوگوں کے ساتھ جانا چاہتے، متاثرین کی مدد، ان کا علاج کرنا چاہتے ہیں۔‘‘ مگر اس وقت ہمیں ایک بڑا چیلنج لاجسٹکس کی صُورت پیش آرہا ہے کہ متاثرین تک پہنچنا ، میڈیکل کی سہولتیں پہنچانا بھی بہت مشکل ہے۔
ہم سُپر ہائی وے تک تو چلے جاتے ہیں، لیکن گاؤں، دیہات تک کیسے پہنچیں ، وہ دیہات، جواس وقت آئی لینڈ کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ خیر،جو ٹیمز امدادی کاموں میں سرگرم ہیں، میری اُن سے اپیل ہے کہ ہو سکے تو کچھ ڈاکٹرز بھی اپنی ٹیم میں شامل کریں اورٹینٹس، خشک غذا کے علاوہ اپنے ساتھ ابتدائی طبّی امداد کا سامان اور ادویہ بھی ضرور لے کر جائیں۔‘‘