جامشورو میں حیدر آباد پولیس کے تحت 30 ہزار سے زائد متاثرینِ سیلاب کی بڑی اور منظم آبادی ’تمبو گوٹھ‘ میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران 17 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے۔
تمبو گوٹھ کے انتظامی سربراہ، ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس حیدر آباد پیر محمد شاہ کے مطابق موٹر وے ایم نائن پر سابقہ ٹول پلازہ کے قریب گلشنِ شہباز کے 550 ایکڑ پر آباد متاثرینِ سیلاب کو دیگر ضروریات کے ساتھ ساتھ مناسب طبی سہولتیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس حیدر آباد کا کہنا ہے کہ حیدر آباد پولیس، سٹیزن پولیس لائژن کمیٹی اور سندھ حکومت کے تحت پرائیویٹ ادارے پیپلز پرائمری ہیلتھ کیئر انیشیٹو (پی پی ایچ آئی) کی جانب سے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ان کیمپوں کے عملے کے ذریعے بیشتر حاملہ خواتین اور بیماروں کو سرکاری اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔
پیر محمد شاہ نے بتایا کہ تمبو گوٹھ میں اب تک 17 بچوں کی پیدائش ہو چکی ہے، تمام زچاؤں اور بچوں کو میڈیکل کی سہولت فراہم کی گئی اور ان کی نگہداشت بھی کی جا رہی ہے۔