’’ڈیلیوری کے فوراً بعد جب مجھے ڈاکٹر نے کسی قدرمایوسی سے بتایا کہ ’’آپ کے بیٹے کو ڈاؤن سینڈروم ہے‘‘ تو اُن کےلب و لہجے ، چہرے کے تاثرات سے میرے لیے یہ اندازہ لگانا قطعاً مشکل نہ تھا کہ بہت منّتوں، مرادوں سے مانگا میرابیٹا ’’نارمل‘‘ نہیں ۔ اُس وقت لیبر رُوم میں، مَیں اپنی تکلیف بھولے بس اپنے بیٹے کے بارے میں سوچ رہی تھی۔ تعلیم یافتہ ہونے کے باجودمَیں ’’ڈاؤن سینڈروم‘‘ کی اصطلاح سے ناواقف تھی، ڈاکٹر کی بات سُن کر جو پہلا خیال ذہن میں آیا ، وہ یہ تھا کہ’’ میرا بچّہ شاید کسی بیماری ، معذوری میں مبتلا ہے۔‘‘ پھر جب لیبر رُوم سے مجھے رُوم میں شفٹ کیا گیا، تو تمام گھر والے ہمارے اکلوتے بیٹے کی پیدایش کی خوشیاں منا رہے تھے۔
میری پریشانی اور پیڈیا ٹریشن کے کنفرم کرنے کے باوجود سب نے یہی کہا کہ’’پریشان نہیں ہو، ہمارا بچّہ بالکل نارمل ہے، اسے کوئی بیماری وغیرہ نہیں، اسپتال والے بس بِل بنانے کے لیے ایسا کہہ رہے ہیں۔‘‘ ایک طرح سے ہم اُس کیفیت میں تھے، جس میں ذہن حقیقت جان کر بھی اُسے تسلیم کرنے کی ہمّت نہیں کر تا۔ مگر پھر میری ڈاکٹر نے مجھے اور میرے شوہر کو تحمّل سے سمجھایا کہ ’’آپ کے بچّے کو ڈاؤن سینڈروم ہے، یہ کوئی مرض نہیں، ایک طرح کا جینیاتی ڈِس آرڈر ہے، جس کی وجہ سے آپ کے بچّے کے مائل اسٹونز (سنگِ میل، فاصلہ طے کرنے کے نشانات) تاخیر کا شکار ہوں گے، یعنی اس کے سیکھنے، سمجھنے کی صلاحیت باقی بچّوں سے کم ہوگی۔‘‘ اور… وہ لمحہ ہمارے لیے کسی قیامت سے کم نہ تھا کہ میری دونوں بڑی بیٹیاں تو ماشاء اللہ بےحد اسمارٹ تھیں، تو بیٹے کے ساتھ ایسا کیوں ہوا، معاشرہ اسے قبول کرے گا بھی یا نہیں۔ میرے ذہن میں اُس کے مستقبل کے حوالے سے کئی سوالات گردش کر رہے تھے۔
اسپتال سے چُھٹی کے بعد گھر تو آگئے، لیکن خاندان کے اکلوتے چشم و چراغ کی پیدایش کی خوشیاں، اداسیوں، فکروں اور خدشات میں بدل گئیں۔ مَیں سارا سارا دن خود کو کوستی، زندگی کے معاملات پر غور کرتی رہتی کہ مجھ سے ایسا کیا گناہ ہوگیا، جس کی اتنی بڑی سزا ملی۔ گھر، شوہر، بچّے سب بھول کے، مَیں شدید ڈیپریشن کا شکار ہو چُکی تھی۔ پھر اچانک ایک روز میری ایک یونی وَرسٹی فرینڈ کی کال آئی، اُس نے بیٹے کی پیدایش پر مبارک باد دی، تو مَیں اپنے جذبات قابو میں نہ رکھتے ہوئے اس کے سامنے خُوب روئی اور دل کی سب باتیں کہہ ڈالیں، جس پر اُس نے پہلے تو مجھےبہت ڈانٹا اورپھر کہا کہ ’’کیا فائدہ تمہارے اتنے تعلیم یافتہ ہونے کا، جب تمہاری سوچ اس قدر محدود ہے۔
اس قدر رونے دھونے، اتنی فضول باتیں سوچنے سے قبل ذرا ڈاؤن سینڈروم سے متعلق کچھ تحقیق ہی کرلیتیں، تو تمہیں کم از کم یہ تو پتا چل جاتا کہ ڈاؤن سینڈروم کے ساتھ پیدا ہونے والےبچّے کی ماں ہونا سزا نہیں ہے۔ ار ے، اللہ نے تو تمہیں اپنے بہت ہی خاص بندوں میں شامل کیا ہے، جو ایک خاص بچّے کی پرورش، دیکھ بھال، تعلیم و تربیت کے لیے چُنا ہے۔ اور ہاں، پلیز ایک بات تو ذہن میں بٹھا لو کہ یہ کوئی بیماری، معذوری، دماغی کم زوری وغیرہ نہیں ہے، بس ایک جینیاتی ڈِس آرڈر ہے، جو اضافی کروموسوم کی وجہ سے ہوتا ہے۔ میری اپنی بھتیجی کو ڈاؤن سینڈروم ہے اور وہ کسی معذوری کا شکار نہیں۔
بس، یہ بچّے اضافی توجّہ، محنت اور محبّت کے متقاضی ہوتے ہیں۔ تم نے کے ڈی ایس پی (کراچی ڈاؤن سینڈروم پروگرام) کا نام سُنا ہے؟ یہ ایسے بچّوں کی تربیت کا ایک بہترین ادارہ ہے، ہم تو اپنی بھتیجی کو چھے ماہ کی عُمر سے وہیں لے کر جارہے ہیں، جہاں اس کی بھرپور تربیت، فزیکل، آکوپیشنل اوراسپیچ تھراپیز ہوتی ہیں اور اب وہ ماشاءاللہ ،اس قابل ہوگئی ہے کہ مین اسٹریم اسکول میں زیرِ تعلیم ہے۔ مَیں تمہیں نمبر اور لوکیشن بھیج رہی ہوں، تم بھی اپنے بیٹے کو وہاں لے جاؤ اور یاد رکھو کہ جن بچّوں کے مائل اسٹونز تاخیر کا شکار ہوں، فوری ابتدائی توجّہ (Early Intervention) کے ذریعے ان کی کم زوریوں پر بہت حد تک قابو پایا جا سکتا ہے۔‘‘
یوں ہم کے ڈی ایس پی فیملی کا حصّہ بنے، اپنے بچّے کو وہاں لے کرجانا میری زندگی کا بہترین فیصلہ ثابت ہوا۔ مَیں، جو اپنے اکلوتے بیٹے کی پیدایش پر خوشیاں منانے کے بجائے رو رہی تھی، آج سب کو فخریہ بتاتی ہوں کہ میرا بچّہ باقی بچّوں کی طرح نہیں، اُن سے بہت الگ، بہت بہتر، بہت اسمارٹ اور بہت ہی محبّت کرنے والا ہے، اس کا اضافی کروموسوم اسے باقی دنیا سے زیادہ پیارا بناتا ہے۔ ‘‘’’ماما! آئی وانٹ سم مور فرائز‘‘ باتوں کا سلسلہ جاری تھا کہ مسز ریحان کا بہت ہی پیارا بیٹا قدرے خود اعتمادی سے اپنی ماں کی طرف متوجّہ ہوا اور مزید فرینچ فرائز کھانے کی فرمایش کر ڈالی اور وہ بات ادھوری چھوڑ کرہم سے اجازت لے کر اسے فرائز دلوانے چل دیں۔
مسز ریحان سے ہماری ملاقات ایک شاپنگ مال کے فُوڈ کورٹ میں ہوئی تھی، جہاں اُن سے کراچی میں ڈاؤن سینڈروم کے حوالے سےبے لوث اور قابلِ تحسین کام کرنے والے ادارے ، ’’کراچی ڈاؤن سینڈروم پروگرام ‘‘ سے متعلق پتا چلا۔ بعدازاں، مزید جاننے کا شوق ہمیں کراچی کے علاقے پی سی ایچ ایس، بلاک 6لے گیا، جہاں ہلکے ہرے رنگ کی ایک گراؤنڈ پلس وَن عمارت کی سادگی و ندرت ہی یہ بتانے کے لیے کافی تھی کہ یہ کوئی بہت ہی خاص جگہ ہے۔
مرکزی دروازے پر گارڈز نے رسمی پوچھ گچھ کے بعد اندر جانے دیا، تو داخل ہوتے ہی پہلی نظر بائیں جانب موجود ایک شیشے کی دُکان پر پڑی جس پر ’’کے ڈی ایس پی شاپ‘‘ کا بہت ہی پیارا سا بورڈ آویزاں تھا، دائیں جانب ایک مصنوعی گھاس سے مزیّن لان تھا، جب کہ مرکزی دروازے کے عین سامنے ایک اور دروازہ تھا، جس سےہم اندر داخل ہوئے، ری سیپشن پر اپنا تعارف کرواتے ہوئے ہیومن ری سورس ڈیپارٹمنٹ سے متعلق پوچھا، جہاں موجود شایان کو ہم نے اپنے وِزٹ سے متعلق پہلے ہی آگاہ کردیا تھا۔
’’آپ انتظار کیجیے، میڈم ابھی آرہی ہیں۔‘‘ انتظامی ڈیسک پر بیٹھی لڑکی نے مُسکراتے ہوئے کہا، تو ہم وہیں بینچ پر بیٹھ کر گردو نواح کا جائزہ لینے لگے۔ ری سیپشن کے عین سامنے شیشے کا ایک بڑا سا ہال نما کمرا تھا، جہاں کچھ والدین بیٹھے نظر آئے،’’یہ یقیناً ویٹنگ ایریا ہے‘‘ ہم نے سوچا۔ اتنے میں دوڈھائی برس کی ایک بچّی کندھے پر چھوٹا سا بیگ لٹکائے، ٹیچر کی انگلی تھامے اندر سے نمودار ہوئی، جو رستے میں نظر آنے والے ہر شخص کو مُسکراتے چہرے کے ساتھ، انتہائی پُر جوش انداز میں ’’بائے بائے‘‘ کہہ رہی تھی۔
دل چسپ بات یہ کہ چلو اسٹاف سے تو وہ آشنا تھی، لیکن ہمیں بھی اس نے بہت ہی محبّت سے ’’بائے بائے‘‘ کہا ، بھئی سچ تو یہ ہے کہ ہم اس کی خود اعتمادی اور بےغرض محبّت دیکھتے ہی رہ گئے۔ ’’السلام و علیکم! مَیں شایان ہوں، یہاں آنے میں کوئی تکلیف تو نہیں ہوئی؟‘‘ کسی کی آواز پر ہم چونکے۔ ’’وعلیکم السلام! نہیں، نہیں، بہت آرام سے پہنچ گئے۔‘‘ ہم نے کہا، لیکن نظریں اور دھیان بدستور اُس معصوم بچّی کے انداز پر پر لگے تھا۔’’ساڑھے بارہ بجے کلاس ختم ہوجاتی ہے، تو سب بچّے ایسے ہی خوشی خوشی الوداع کہتے ہیں۔ویٹنگ ایریا میں آپ کو جو والدین نظر آرہے ہیں، یہ اپنے بچّوں کو لینے آئے ہیں۔ یہاں آنے والا ہر بچّہ، اسی بچّی کی طرح خوش مزاج، بےحد محبّت کرنے والا ہے۔‘‘ شایان نے ہماری توجّہ بچّی کی جانب مرکوز دیکھتے ہوئے بتایا۔’’آیئے، آپ کو ادارے کا ایک وِزٹ کرواتی ہوں۔‘‘
ہم راہ داری سے ہوتے ہوئے آگے بڑھے تو دائیں جانب ایک چھوٹا سا، مگر نفیس کمرا نظر آیا، جہاں دو خواتین کمپیوٹر پر کچھ کام کرنے اور ایک خاتون سفید شیٹ پر کچھ پینٹ کرنے میں مصروف تھیں، جیسے کوئی ایکٹیویٹی شیٹ بنا رہی ہوں۔’’یہ ہمارا اسٹاف رُوم ہے۔‘‘ شایان نے بتایا اور وہاں موجود ٹیچرز سے ہمارا تعارف بھی کروایا۔ پھر بائیں جانب شیشے کا ایک اور چھوٹا سا کمرا تھا، جو غالباً ایڈمن آفس تھا، وہیں سفید رنگ کی ایک بڑی سی دیوار پر کچھ ملٹی نیشنل کمپنیز، بینکس، مختلف اداروں کے نام درج تھے، پوچھنے پر پتا چلا کہ یہ اُن کمپنیز کے نام ہیں، جو کسی نہ کسی صُورت (فرنیچر، قالین یا دیگراشیاء کی مَد میں) اس کارِ خیر میں اپنا حصّہ ڈالتے ہیں۔
آگے بڑھے تو دائیں جانب پہلی منزل پر جانے کے لیے سیڑھیاں تھیں، تو بائیں جانب چھوٹا سا ایکٹیویٹی ایریا،’’یہ ایریا ہمارے بچّوں نے اپنی ٹیچرز کی مدد سے ڈیکوریٹ کیا ہے۔ یہ کاغذی پھول، چارٹس، ڈرائنگز وغیرہ سب بچّوں نے بنائی ہیں۔‘‘ شایان نے ہماری معلومات میں اضافہ کیا اور پھر کلاس رُومز کی جانب لے گئیں، جہاں مختلف سیشنز جاری تھے۔ یہاں ہمیں اسٹاف کے پروفیشنلزم نے بےحد متاثر کیا کہ جوں ہی ہم کلاس رُومز کی جانب بڑھے، تو انہوں نے اس بات سے قطع نظر کہ ہم اخباری نمایندے ہیں، دوٹوک انداز میں کہا کہ ’’جن کلاسز میں سیشنز جاری ہیں، وہاں اندر جانے سے بچّے ڈسٹرب ہوں گے اور اُن کا وقت ضایع ہوگا، لہٰذا آپ شیشے کی کھڑکیوں سے اندر کا جائزہ لے لیں۔‘‘
البتہ خالی کلاس رُومز ہم نے اچھی طرح دیکھے، جو مین اسٹریم اسکولز کے کلاس رُومز ہی کی طرح رنگی برنگی شیٹس، بچّوں کی بنائی ڈرائنگز، ایکٹیویٹیز سے سجے قوسِ قزح کا منظر پیش کر رہے تھے۔ یہاں ایک بات کا ذکر ضرور کریں گے کہ ادارے کے کلاس رُومز، اسٹاف، راہ داریاں اور اندرونی مناظر دیکھ کر کسی بڑے انگلش میڈیم اسکول کا گمان ہوا۔نیز، صفائی سُتھرائی کا انتظام تو اس قدر اعلیٰ تھا کہ سفید فلورز پر گرد کا ایک ذرّہ تک دِکھائی نہ دیا،(ہمیں بھی کلاس رُومز میں جوتے پہن کر جانے کی اجازت نہیں ملی) خیر، ہم گراؤنڈ فلور دیکھنے کے بعد پہلی منزل کی جانب بڑھے، تو پیسیج کی دیوار پر آرٹ کے رنگا رنگ نمونے دیکھنے کو ملے، ’’یہ پینٹنگز ہمارے طلبہ نے بنائی ہیں۔‘‘ شایان نے ہماری حیرتوں میں اضافہ کیا۔
’’یہاں ایکٹیویٹی رُومز کے علاوہ کینٹین بھی ہے، جہاں کوکنگ کے شوقین بچّوں کی کلاسز بھی ہوتی ہیں۔‘‘ ’’ڈی ایس کے ساتھ زندگی گزارنے والےبچّے کوکنگ بھی سیکھتے ہیں؟‘‘ ہم نے قدرے حیرانی سے پوچھا۔ ’’صرف سیکھتے نہیں، پکاتے بھی ہیں اور بہت مہارت سے پکاتے ہیں۔‘‘ شایان نے مُسکراتے ہوئے جواب دیا اور ایک کمرے کا دروازہ کھولتے ہوئے بتایا کہ ’’یہ ہمارا ویوِنگ رُوم ہے، جہاں ان مشینوں (کھڈیوں) پر بُنائی سکھائی جاتی ہے۔‘‘
یہاں سے ہم کانفرنس ہال میں چلے آئے ،جہاں ادارے کی سی ای او، ثمر نقوی ہماری منتظر تھیں۔ ’’کے ڈی ایس پی سے متعلق کچھ بتائیں، یہ ادارہ کیسے وجود میں آیا، اس کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟‘‘ رسمی علیک سلیک کے بعد ہم نے پوچھا۔ ’’اس سے قبل کہ مَیں آپ کو ’’کراچی ڈاؤن سینڈروم پروگرام‘‘ سے متعلق کچھ بتاؤں، پہلے بات کرتے ہیں کہ ’’ڈاؤن سینڈروم‘‘ کیا ہے، کیوں آج بھی بہت سے لوگوں کے لیے یہ ایک غیر مانوس یا ممنوعہ لفظ ہے، تو سب سے پہلے تو یہ سمجھ لیں کہ انسانی جسم مختلف خلیات سے مل کر بنتا ہے اور ہر خلیے کی کمپوزیشن کروموسومز کی 23 جوڑیوں سے مل کر ہوتی ہے، لیکن جب اکیسویں جوڑی میں تیسری کاپی آجائے، تو ایسی حالت کو ڈاؤن سینڈروم کہا جاتاہے۔ یہ توہوا حیاتیاتی پہلو ، لیکن زیادہ ضروری یہ سمجھنا ہے کہ یہ کوئی بیماری، مُوذی، مہلک مرض نہیں اور اس حوالے سے جتنے توہمّات ہیں، وہ سراسر بے بنیاد اور غلط ہیں۔ یاد رکھیں، یہ کسی بھی نومولود میں ہوسکتا ہے۔
ڈاؤن سینڈروم کی تین اقسام ہیں، جن میں ٹرائسمی 21،سب سے عام ہے،اسی لیے ڈاؤن سینڈروم کو ٹرائسمی بھی کہا جاتا ہے، دوسری موزیسزم اور تیسری ٹرانس لوکیشن ہے۔ ایک بات ذہن میں رکھیں کہ ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ بچّے بھی نارمل ہی ہوتے ہیں،بس یہ دوسرے بچّوں سے ذرا مختلف انداز میں بڑے ہوتے ہیں، یعنی ان کی بڑھوتری تھوڑی سُست ہوتی ہے۔ البتہ، فوری ابتدائی توجّہ کے ذریعے یہ سنگِ میل بھی طے ہو سکتے ہیں۔ یعنی اگر بچّے کو بروقت پیشہ ورانہ ، جسمانی اور بول چال کی تھراپیز ((Occupational and Speech Therapies مل جائیں، تو ان میں نمایاں بہتری نظر آتی ہے اور وہ بھی معاشرے کا کار آمد حصّہ بن جاتے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ ہمارے متعدّد بچّے مین اسٹریم اسکولز میں زیرِ تعلیم ہیں۔ ہمیں یہ سمجھنے کی اشد ضرورت ہے کہ ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ بچّوں کےاحساسات و جذبات، خواب، تکالیف، خوشیاں، غم سب کچھ باقی دنیا جیسے ہی ہیں، وہ ہم سے کسی بھی طرح الگ نہیں اور کے ڈی اسی پی کا مقصد دنیا کو یہی سمجھا نا ہے کہ ڈاؤن سینڈروم کوئی خوف کی علامت یا وبائی مرض ہرگز نہیں۔
اب جہاں تک بات ہے، اس کے قیام اور ضرورت کی، تو یہ 2011ء کی بات ہے، جب اس ادارے کے بانی، علی اور فرزین کے ہاں پہلی اولاد ، ایک بہت ہی پیاری بیٹی ، علایاکی ولادت ہوئی، جسے ڈاؤن سینڈروم ہے۔ اب آپ سوچیں کہ ایک نوجوان جوڑا، جو اپنی پہلی اولاد کے لیے بےحد خوش تھا،جس نے اس کے سنہری مستقبل کے لیے ڈھیروں خواب دیکھے تھے، جب وہ دنیا میں آئی، تو انہیں بے انتہا درد، تکالیف، منفی رویّوں، دلاسوں، کٹھنائیوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، کچھ نام وَر ڈاکٹرز نے تو اُن سے یہاں تک کہا کہ ’’اس بچّی کی زندگی کے لیے زیادہ محنت یا جدّوجہد نہ کیجیے گا کہ اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔‘‘ یہ سب صرف اس لیے ہوا کہ اُس وقت نہ تو پاکستان میں ڈاؤن سینڈروم سے متعلق اس قدر شعور و آگہی تھی اور نہ ہی کوئی ایسا ادارہ کہ جو اُن کی رہنمائی کرتا۔
جب کہ ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ بچّوں کی زندگی کے ابتدائی تین سال قیمتی ترین ہوتے ہیں، تو علی اور فرزین اپنی بچّی کا قیمتی وقت لوگوں کی باتوں میں ضایع نہیں کرنا چاہتے تھے، لہٰذا وہ اُسے لے کر بیرونِ ممالک (یوکے، یو ایس اے، یو اے ای وغیرہ) گئے، جہاں علایا کو فوری ابتدائی توجّہ تو ملی ہی، لیکن ساتھ علی اور فرزین نے بھی بہت کچھ سیکھا۔
انہوں نے دیکھا کہ معاشرے کیسے ان بچّوں کی شخصیات پر اثرانداز ہوتے ہیں کہ وہاں تو ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ افراد بالکل عام افراد کی سی زندگیاں گزار رہے ہیں، تعلیم حاصل کرتےہیں، ملازمتیں کر رہے ہیں، تو تین سال پاکستان سے باہر رہنے کے بعد دونوں اس عزم کے ساتھ وطن واپس آئےکہ ہم بھی دنیا کے بہترین اداروں کی طرز پر ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ بچّوں کے لیے ایک ادارہ بنائیں گے، تاکہ کوئی اور فیملی ہماری طرح اس اذیّت سے نہ گزرے۔
انہوں نے سوچا کہ علایا کی اُن کے گھر پیدایش اسی لیے ہوئی کہ اللہ پاک اُن سے یہ عظیم کام لینا چاہتا تھا۔اُن کا خیال ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انہیں مال و دولت، تعلیم، ذہن، ذرایع اور علایا سمیت تمام نعمتوں سے اس لیے نوازا تاکہ وہ متعدّد دُکھیارے والدین کے کام آسکیں۔ اس طرح 2014ء میں دو عزائم کے ساتھ کے ڈی ایس پی کی بنیاد رکھی گئی۔
اوّل، سوشل ڈویلپمنٹ کے کسی بھی کام میں معیار پر سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، ہمارے بچّوں کو ورلڈ کلاس تربیت ملنی چاہیے اور دوم، ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ کسی بھی بچّے کے والدین کو فیس افورڈ نہ کرنے کے سبب سروسز دینے سے منع نہیں کیا جائے گا، یعنی ہمارے پاس اگر کوئی ایسا خاندان آتا ہے، جو فیس افورڈ نہ کرسکے، تو ہم فنانشل ایڈ اینڈ زکوٰۃ سِسٹم کے تحت نہ صرف اُس کی مدد کرتے ہیں، بلکہ بچّے کو ٹرانس پورٹ الاؤنس بھی دیتے ہیں۔
یہاں یہ بھی بتاتی چلوں کہ یہاں آنے والی فیملیز میں سے 93 فی صد فیملیز زکوٰۃ یا فنانشل ایڈ کے تحت سروسز لے رہی ہیں۔ اب جہاں تک بات ہے کہ کے ڈی ایس پی کرتا کیا ہے، تو یہ ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ افراد کے لیے ’’One Stop Solution‘‘ ہے۔یعنی ہم ایک کشتی ہیں، جس پر ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ بچّہ/ فیملی سوار ہوکے، منزل کی جانب رواں ہیں۔ سفر کے دوران کبھی طوفان بھی آتے ہیں، یعنی مشکل حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تو کبھی موسم خوش گوار بھی ہوجاتا ہے۔ اس وقت ہم قریباً 1600 فیملیز کی ایک کمیونٹی ہیں، جس میں نومولود بچّوں سے 56 سال تک کے افراد کو سروسز فراہم کی جا رہی ہیں۔‘‘
’’56سال کے…؟؟‘‘ ہمارے منہ سے بےاختیار نکلا۔ ’’جی 56، وہ صاحب ہماری اسکل ڈویلپمنٹ کی کلاس میں کپڑا بُننا سیکھتے ہیں۔‘‘ ثمر نے بتایا۔’’کے ڈی ایس پی کے سالانہ کارنیول کے حوالے سے کچھ بتائیں، یہ کیوں ہوتا ہے؟‘‘ ہم نے پوچھا۔ ’’درحقیقت، ہم سروسز دینے کے ساتھ ساتھ معاشرے میں ڈاؤن سینڈروم کے حوالے سے آگہی بھی پھیلا رہے ہیں، تاکہ لوگ اسے بیماری، مرض یا اسٹگما سمجھنا چھوڑ دیں، تو سالانہ کارنیول کے ذریعے ہم ایک ایسی سوسائٹی کا تصوّر پیش کرتے ہیں، جہاں ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ اور غیر متاثرہ بچّے ایک ساتھ کھیلتے کودتے، مقابلوں میں حصّہ لیتے ہیں۔ ہر بچّے کو ہارنے کا ڈر، انعام ملنے کی خوشی ہوتی ہے۔
اس کارنویل کے ذریعے ہم معاشرے کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ جن افراد کو ڈاؤن سینڈروم ہے، وہ اور دیگر افراد سب ایک جیسے ہیں۔‘‘ ثمر نے تفصیلاً بتایا۔’’پھر صحتِ عامّہ کے لیے ہماری آغا خان اسپتال سے پارٹنرشِپ ہے۔ (ثمر نے سلسلۂ کلام جاری رکھا)جہاں 2017ء میں ڈاکٹر سلمان کرمانی کی رہنمائی میں پاکستان کا پہلا ڈاؤن سینڈروم کلینک قائم ہوا۔ ڈاکٹر سلمان ہمارے بورڈ رُکن بھی ہیں۔ کہنے کا مقصد یہ ہے کہ کے ڈی ایس پی کا اسٹاف، بورڈ ارکان بہترین پروفیشنلز، ماہرین پر مشتمل ہے۔
نیز، ہم ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ افراد کو ووکیشنل ٹریننگ دیتے، ہنر مند بھی بناتے ہیں، تاکہ وہ اپنے پَیروں پہ کھڑے ہو سکیں۔آپ نے یقیناً اندر آتے ہوئے ’’کے ڈی ایس پی شاپ‘‘ دیکھی ہوگی، وہاں جتنی بھی مصنوعات رکھی ہیں، وہ ہمارے ’’کرافٹرز وِد ڈاؤن سینڈروم‘‘ نے بنائی ہیں۔ وہاں رکھی مصنوعہ ہم باقاعدہ فروخت کرتے ہیں اور اُن سے جو بھی آمدنی ہوتی ہے، وہ کرآفٹرز کو دے دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہمارے ہاں باقاعدہ تعلیم بھی دی جارہی ہے۔ایجوکیشن کے چار پروگرامز(پرِی اسکول، انکلیوسیو ایجوکیشن، آفٹر اسکول،ہوم اسکولنگ) ہیں۔ پرِی اسکول میں دو سےتین سال تک کے بچّوں کو مین اسٹریم اسکول میں داخلے کی تیاری کرواتے ہیں۔
انکلیو سیو ایجوکیشن(Inclusive Education) میں ہمارے کچھ پارٹنر اسکولز ہیں، جو ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ بچّوں کو داخلے دیتے ہیں۔ اس وقت ہمارے قریباً 50 بچّے مین اسٹریم اسکول میں عام بچّوں کے ساتھ تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ آفٹر اسکول میں ذرا بڑے بچّوں کو تعلیم دی جاتی ہے، جب کہ ہوم اسکولنگ کے تحت کراچی سے باہر رہنے والوں کے لیے نصاب مرتّب کیاجاتا ہے۔اور یہی نہیں، ہم والدین کی کاؤنسلنگ، ان کی تربیت بھی کرتے ہیں، تاکہ وہ خودکو یااپنے بچّوں کو کسی سے کم تر نہ سمجھیں، زمانے کا مقابلہ کرنے کےلیے پوری طرح تیار ہوں۔ اسی طرح ہمارے ہاں اسپیچ اور آکوپیشنل تھراپیز کے ہفتہ وار450 سیشنز ہوتے ہیں۔ اور اس وقت بھی 150 سے زائد فیملیز یہاں داخلے کے لیے ویٹنگ لسٹ میں ہیں ، مگر ایک اہم بات بتاتی چلوں کہ ہم پیسے کی بنیاد پر داخلہ نہیں روکتے، بلکہ جگہ، وقت، ری سورسز کی کمی کی وجہ سے ایسا کرنا پڑتا ہے۔‘‘
’’اسٹاف کتنے افراد پر مشتمل ہے؟‘‘ ہمارا اگلا سوال تھا۔’’ہمارا اسٹاف 100 افراد پر مشتمل ہے، جن میں سے 90 فی صد خواتین ہیں ۔اور یہاں اسٹاف کی بھرتی کا بھی سخت طریقۂ کار ہے، یعنی ایڈمنسٹریشن سے تھراپسٹس تک ہونے والی تمام بھرتیوں میں کراچی کے بہترین کالجز/ یونی ورسٹیز کے گریجویٹس کو فوقیت دی جاتی ہے، جیسے ہمارے زیادہ تر اسپیچ تھراپسٹ ضیاء الدّین اسپتال سے ہیں۔
دراصل ہمارا مقصد ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ افرادکی زندگیاں بہترین بنانا ہے، اسی لیے ہم ہر شعبے میں بہترین لوگ ہی منتخب کرتے ہیں۔ ‘‘ ثمر نقوی نے بتایا۔ ’’دنیا بھر میں اکتوبر کا مہینہ ورلڈ ڈاؤن سینڈروم اویئرنیس منتھ‘‘ کے طور پر منایا جاتا ہے اور یہ 1980ء سے منایا جا رہا ہے، لیکن آج بھی ہمارے یہاں اکثریت کے لیے ’’ڈاؤن سینڈروم‘‘ایک اجنبی سا لفظ ، غیر شناسا ڈِس آرڈر ہے، تو ایسا کیوں ہے، نیزامسال اویئر نیس منتھ کا تھیم ’’Inclusion means‘‘ہے، تو اس حوالے سے آپ کیا کہنا چاہیں گی؟‘‘
ہم نے آخری سوال کیا۔ ’’بات بس اتنی سی ہے کہ ہمارے ہاں اس حوالے سے شعور و آگہی کا فقدان ہے، مَیں یہ نہیں کہوں گی کہ بالکل ہی شعور نہیں کہ گزشتہ کچھ برس میں پاکستان میں بھی ڈاؤن سینڈروم کے حوالے سے بہت حد تک شعور آچُکا ہے، لوگوں کے نظریات بدلے ہیں،لیکن فی الحال یہ بھی ناکافی ہے۔ اس حوالے سےاعلیٰ تعلیم یافتہ، پروفیشنلز اور سمجھ بوجھ رکھنے والے لوگوں اور اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ بالخصوص میڈیا تو آج کے دَور کی سب سے بڑی طاقت ہے، تو میڈیا کو بھی بھر پور تحقیق کے بعد رپورٹنگ کرنی چاہیے۔
جیسے گزشتہ دنوں ایک چینل پر ڈاؤن سینڈروم سے متعلق انتہائی بوگس رپورٹ چلائی گئی،جس سےہم سے زیادہ والدین کے جذبات مجروح ہوئے اور چوں کہ ہمارے یہاں والدین کی باقاعدہ کاؤنسلنگ کی جاتی ہے۔ ہم انہیں بھی ڈاؤن سینڈروم سے متعلق آگہی دیتے ہیں، تو اب وہ بھی اس قدر سمجھ دار ہوگئے ہیں کہ اگر کوئی اُن کے سامنے کوئی غلط یا نامناسب بات کہے، تو وہ خاموش رہنے کے بجائے بلا جھجھک اپنے بچّوں کا دفاع کرتے اور شٹ اَپ کال دیتے ہیں۔
نیز، اس ماہ ڈاؤن سینڈروم آگاہی کے حوالے سے کے ڈی ایس پی ایک بہت بڑی مہم بھی چلا رہا ہے، جس کا نام ’’پیار بانٹو‘‘ ہے، جس کا پیغام ہی یہی ہے کہ سب کو ساتھ لے کر چلنا، مل جُل کر رہنا، پیار بانٹنا بہت آسان ہے۔ جہاں تک بات ہے، اس سال کے تھیم کی، تو ہمارے لیے ’’Inclusion Means‘‘ سب کو، بلاتعصّب، ایک نظر سے دیکھنا اور پیار بانٹنا ہے۔‘‘ ثمر نے انتہائی خُوب صورت پیغام کے ساتھ اپنی بات مکمل کی۔
سات خاندانوں سے آغاز کیا، آج کے ڈی ایس پی 1600 خاندانوں پر مشتمل ایک کمیونٹی ہے، شریک بانی، ڈائریکٹر، کے ڈی ایس پی، علی اللہ والا
کے ڈی ایس پی کے شریک بانی، ڈائریکٹر علی اللہ والا نے ادارے کی خدمات اور کام یابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ’’جب ہم نے کے ڈی ایس پی کی بنیاد رکھی تھی، تو اس وقت ہمارے ساتھ صرف سات خاندان تھے۔ یعنی جب ہم مارچ 2014ء میں پہلی مرتبہ ’’ڈاؤن سینڈروم ‘‘کے حوالے سے مہم چلانے کی تیاری کر رہے تھے، تو ہم نے سوچا کہ بِل بورڈز پر بچّوں کی والدین کے ساتھ تصاویر لگا کر مہم چلائی جائے۔
اس حوالے سے ہمیں دس بِل بورڈز مل گئے، یعنی ہمیں ڈاؤن سینڈروم سے متاثرہ دس بچّوں کی تصاویر چاہیے تھیں ،لیکن آپ یقین کریں کہ مجھ سمیت صرف سات خاندان ہی سامنے آئے، کیوں کہ فیملیز کو ایک خوف تھا کہ معاشرہ ہمارے بچّے کا مذاق اُڑائے گا یا قبول نہیں کرے گا، لیکن آج یہ حال ہے کہ ’’ڈاؤن سینڈروم آگہی ماہ ‘‘کے حوالے سے ’’پیار بانٹو‘‘ گانےکی پکچرائزیشن کے لیے بچّوں کی ضرورت پڑی ، تو ہم نے تین روز کے لیے رجسٹریشن کھولی اور سچ بتاؤں تو ایک دن میں رجسٹریشن بند کرنی پڑی کہ اس قدر خاندان سامنے آگئے کہ ہمارا سسٹم ہی ڈاؤن ہونے لگا۔
ہم نے سات خاندانوں سے اس ادارے کی بنیاد رکھی تھی اور آج 1600 فیملیز کے ڈی ایس پی کا حصّہ ہیں۔ اسے ہم اپنی کام یابی تصوّر کرتے ہیں کہ ایک وہ وقت تھا، جب ہم والدین سے کہتے تھے کہ ڈاؤن سینڈروم سے متعلق اپنا نظریہ بدلیں، اپنے بچّے کو عام بچّوں کی طرح ٹریٹ کریں اور ایک یہ وقت ہے کہ والدین بخوشی ہماری بات سمجھتے اور ہمارے نمایندے، فائٹرز بن کرعام لوگوں میں ڈاؤن سینڈروم کے حوالے سے آگہی پھیلارہے ہیں۔ مجھے بہت خوشی اور فخر ہے کہ ہم نے ایک ایسا دارہ قائم کیا ہے، جس کی سروسز سے مستفید ہونے کے لیے لوگ بیرونِ مُلک سے پاکستان منتقل ہوئے ہیں۔ ‘‘