شہریوں کو صحت کی بنیادی اور مفت سہولتیں فراہم کرناریاست کی ذمہ داری ہے۔آئرن لیڈی صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی ہدایت کے مطابق سیکرٹری محکمہ اسپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن عمران سکندربلوچ نے 6تا8اکتوبر 2022کو تین روزہ پاک میڈیکاہیلتھ ایکسپوکا انعقادکروایا جس میں ڈپٹی وزیرصحت ترکی پروفیسرٹولگاٹولونی، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹرسلامی کلچ، ترکش قونصل جنرل ایمیر اوزبے اور ترکش ڈیلی گیٹس بھی موجودتھے۔اس موقع پر سینئرصوبائی وزیر میاں اسلم اقبال،صوبائی وزیر محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹر اختر ملک، چیئرمین پی اینڈڈی وچیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل،سیکرٹری محکمہ اسپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن عمران سکندربلوچ،سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈسیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈاکٹرارشاداحمد ودیگر افسر موجودتھے۔اس موقع پر صحت کے دونوں محکمہ جات کے افسر اور مختلف میڈیکل یونیوسرسٹیزکے وائس چانسلرزاور پروفیسرزنے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈپٹی وزیرصحت ترکی پروفیسرٹولگاٹولونی کو پاکستان میں خوش آمدیدکہتے ہیں۔پاکستان اورترکی کی عوام کے درمیان عظیم رشتہ قائم ہے۔پاکستان اور ترکی صحت کے شعبہ میں بہترین فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔حال ہی میں محکمۂ صحت کے افسران کو ترکی کے صحت کے نظام سے سیکھنے کیلئے بھیجاگیاتھا۔ترکی کے عوام کوصحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر ترکش حکومت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔محکمہ صحت کے افسران ترکی کے دورہ کے دوران ادویات کی ترسیل کے نظام کو آن لائن کرنے کے حوالے سے بہت کچھ سیکھ کرآئے۔عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے تمام3کروڑ11لاکھ سے زائد خاندانوں کو صحت سہولت کارڈفراہم کردیئے گئے ہیں۔پنجاب کاہرخاندان صحت سہولت کارڈکے ذریعے منتخب سرکاری و نجی اسپتالوں سے دس لاکھ روپے تک کے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرسکتا ہے۔ پنجاب کے عوام کو ترکی کی طرزکی صحت کی سہولیات فراہم کرناچاہتے ہیں۔صحت سہولت کارڈہمارافلیگ شپ پروگرام ہے۔پنجاب میں 23بڑے سرکاری ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ 11اسٹیٹ آف دی آرٹ مدراینڈچائلڈ ہسپتال بنائے جارہے ہیں۔ صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج معالجہ حاصل کرنے والے65فیصدعوام نے منتخب نجی ہسپتالوں سے سہولت حاصل کی ہے۔پنجاب میں اب تک 23لاکھ سے زائد افراد صحت سہولت کارڈکے ذریعے تقریبا52ارب روپے کے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرچکے ہیں۔صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کرنے والے 97فیصدافراد نے اس نظام پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ پاک ترک ہیلتھ میڈیکا ایکسپو میں پروفیسرزاورڈاکٹرزکی کثیر تعداد دیکھ کر بہت خوشی ہو رہی ہے۔محکمہ سپیشلائزڈہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن نے ترکش وفدکے اعزازمیں عشائیہ بھی دیا۔محکمہ اسپیشلائزہیلتھ کیئر اینڈمیڈیکل ایجوکیشن نے ترکیہ کے تین روزہ دورہ کے دوران جو بے مثال کامیابی حاصل کی ،وہ ترک حکومت سے معاہدہ کے باعث ممکن ہو سکی جس کے تحت صحت کے12شعبہ جات میں ترکیہ پنجاب حکومت کو معاونت اور تربیت فراہم کرے گا۔اس موقع پر سیکرٹری صحت پنجاب عمران سکندربلوچ نے کہاکہ دونوں ممالک کے شعبۂ صحت کے ماہرین پر مشتمل جوائنٹ ورکنگ کمیٹی صحت کا روڈمیپ تیارکرے گی۔اس معاہد ےکے تحت میڈیسن، آلات کی خریداری،ڈرگزکے ٹریکنگ سسٹم اور ایمرجنسی سروسزکے معیار کوبہتربنایاجائے گا۔ترکیہ پنجاب کے صحت کے ماہرین کی کیپسٹی بلڈنگ کرکے مطلوبہ معیاری سہولیات کی فراہمی میں معاونت کرے گا۔صحت کے شعبہ میں دونوں ممالک کی کمپنیاں سرمایہ کاری کرنے کیلئے میکانزم وضع کریں گی۔ہیلتھ انفارمیشن سسٹم،الائیڈہیلتھ پروفیشنلز کی تربیت اور ترکیہ میں رائج ہیلتھ انشورنس کے نظام سے استفادہ کیاجائے گا۔ ڈپٹی وزیرصحت ترکی پروفیسر ٹولگا ٹولونی نے کہاکہ پاکستان کادورہ کرکے غیرمعمولی خوشی محسوس ہورہی ہے،دل میں پنجاب کی عوام کی محبت لے کرترکیہ واپس جارہاہوں۔حکومت ترکیہ اور حکومت پنجاب کے درمیان صحت کے شعبہ جات میں تعاون کا معاہدہ ایک سنہری باب کا آغاز ہے۔ پاک ترک میڈیکاایکسپوکے ذریعے ڈاکٹرزکوبہت کچھ سیکھنے کوملا۔یہاں اگر آئرن لیڈی اور ٹیچرآف دی ٹیچرزصوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشد کی خدمات کاذکر نہ کروں توانتہائی زیادتی ہوگی۔72سال کی عمرمیں بھی ڈاکٹریاسمین راشدنے جس ہمت اور جذبے کے تحت صحت کے شعبہ میں اپنی صلاحیتوں کالوہامنوایاہے اس پر دنیاانہیں آئرن لیڈی کہنے پر مجبورہوگئی ہے۔ ڈاکٹریاسمین راشدایک کامیاب ڈاکٹریاصوبائی وزیر ہی نہیں بلکہ ایک کامیاب سیاستدان بھی ثابت ہوئی ہیں۔ قارئین!اس پوری تحریر کا دلچسپ ترین پہلویہ ہے کہ ڈاکٹریاسمین راشدنے ایسے قدآورڈاکٹرزاور سیاستدانوں میں خدمتِ انسانیت سے اپنانام منوایا ہے کہ عمران خان جیسے بین الاقوامی لیڈرنے ڈاکٹریاسمین راشدکی خدمات کو سراہا ہے۔ ڈاکٹر یاسمین راشدکی کامیابیوں کی فہرست بہت طویل ہے۔پنجاب کے عوام کو یونیورسل ہیلتھ کوریج کی سہولت فراہم کرنا عمران خان کا برین چائلڈ تھاجس کو عملی جامہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے پہنایا۔ صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے 793سرکاری ونجی ہسپتالوں کومنتخب کیا گیا ہے۔ پنجاب کے عوام صحت سہولت کارڈکے ذریعے 189سرکاری و604نجی ہسپتالوں سے علاج معالجہ کی مفت سہولت حاصل کررہے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق، پنجاب میں اب تک 5لاکھ5ہزارسے زیادہ مریضوں نے صحت سہولت کارڈکے ذریعے مفت ڈائیلسزکروائے ہیں، 52ہزار7سو سے زائدمریضوں نےمفت کورونری انجیوگرافی کی سہولت حاصل کی ہے، 46ہزارسے زائد خواتین نے نارمل ڈلیوری جبکہ1لاکھ96ہزار سے زائد خواتین نے سیزیرین آپریشن کی مفت سہولت حاصل کی ہے، 34ہزارسے زائد افرادنے ہرنیہ کے مفت آپریشن کروائے ہیں، 34ہزارسے زائدافرادنے ابھی تک کیموتھراپی کی مفت سہولت حاصل کی ہے، 26ہزار سے زائدافراد انجیوپلاسٹی کی مفت سہولت حاصل کرچکے ہیں اور 1لاکھ54ہزار سے زائد افراد آنکھوں کے مفت آپریشن کرواچکے ہیں۔ ڈینگی کے مریض منتخب سرکاری ونجی ہسپتالوں سے مفت علاج معالجہ کی سہولت حاصل کررہے ہیں۔اللہ ہمارے ملک کو ہمیشہ سلامت اور آبادرکھے۔آمین!