• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان پر حملے کے ملزم نوید کے پولی گراف ٹیسٹ کا فیصلہ

سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کے ملزم نوید کا سچ جھوٹ جانچنے کے لیے اس کا پولی گراف ٹیسٹ کرایا جائے گا۔

عمران خان پر حملے کا ملزم اور تفتیش محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سپرد کر دی گئی۔

ذرائع نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ عمران خان پر حملے کے مرکزی ملزم نوید کو تفتیش کے لیے لاہور منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو چوہنگ میں قائم سی ٹی ڈی کے سیل میں پہنچا دیا گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ ملزم نوید سے سی ٹی ڈی سمیت دیگر اداروں نے پوچھ گچھ شروع کر دی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ عمران خان پر فائرنگ کے ملزم کے بیان میں سچ جھوٹ جانچنے کے لیے پولی گراف ٹیسٹ کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ واقعے کا مقدمہ سی ٹی ڈی یا مقامی تھانے میں درج کیا جائے گا۔

پولی گراف ٹیسٹ کیا ہے؟

پولی گراف ٹیسٹ کے حوالے سے اکثر افراد کے ذہنوں میں یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا کوئی مشین جھوٹ سچ کا فیصلہ کر سکتی ہے؟

پولی گراف ٹیسٹ جسے جھوٹ پکڑنے کا ٹیسٹ بھی کہا جاتا ہے، یہ ایسی مشین کی مدد سے کیا جاتا ہے جو انسان کے جسم میں پیدا ہونے والی مختلف طبعی تبدیلیوں کی مدد سے اس شخص کے جھوٹ یا سچ بولنے کا تعین کرتی ہے۔

پولی گراف ٹیسٹ میں ملزم کے ہاتھوں سے پولی گراف مشین کے تار منسلک کر دیے جاتے ہیں جو جسم کے افعال چیک کر کے انہیں ریکارڈ کرتی ہے۔

اس دوران ایک یا ایک سے زیادہ ماہر تفتیش کار ملزم سے سوالات پوچھتے رہتے ہیں اور ساتھ ہی مشین پر بھی نظر رکھتے ہیں کہ ملزم کے جوابات کے دوران مشین کیا نتائج ظاہر کر رہی ہے۔

اس ٹیسٹ کے پیچھے یہ نظریہ کارفرما ہے کہ سچ بولتے وقت انسان کا جسم معمول کے مطابق کام کرتا رہتا ہے، جبکہ جھوٹ بولتے وقت انسانی جسم اور دماغ کے اندر کشمکش چل رہی ہوتی ہے، اسے جواب دینے سے قبل کچھ دیر سوچنا پڑتا ہے۔

اس صورتِ حال کے باعث اس شخص کے دل کی دھڑکن، خون کا دباؤ، سانس کی رفتار وغیرہ بڑھ جاتے ہیں اور جلد پر ہلکے سے پسینے کی تہہ آ جاتی ہے۔

پولی گراف مشین سے یہ ساری علامات ناپی جاتی ہیں اور ان سے حاصل اعداد و شمار سے اس شخص کے جھوٹ سچ کا اندازہ لگایا جاتا ہے۔

عمران خان فائرنگ سے زخمی

واضح رہے کہ عمران خان گزشتہ روز وزیر آباد میں لانگ مارچ کے دوران فائرنگ سے زخمی ہوئے تھے۔

واقعے میں ایک شخص جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا۔


قومی خبریں سے مزید