گوجرانوالہ(جنگ نیوز، ایجنسیاں) گوجرانوالہ کے علاقے وزیرآباد میں لانگ مارچ کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے کنٹینر پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں ایک پی ٹی آئی کارکن جاں بحق جبکہ عمران خان اور فیصل جاوید سمیت 13 افراد زخمی ہوگئے۔ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ۔
ڈاکٹرز کے مطابق عمران خان کی ٹانگ میں دو گولیاں لگی ہیں، ان کی حالت خطرے سے باہر ہے، قاتلانہ حملے کیخلاف کراچی، لاہور، راولپنڈی، پشاور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ہیں، پی ٹی آئی کارکن بڑی تعداد میں سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے سڑکیں بلاک کیں اور حکومت مخالف نعرے بازی کی۔
ذرائع کے مطابق حملہ آور نے پہلے برسٹ چلایا پھر ایک گولی چلائی، حملہ آور نے کالے رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔ زخمی ہونے والوں میں سینیٹر فیصل جاوید بھی شامل ہیں، اس کے علاوہ حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے احمد چٹھہ اور چوہدری محمد یوسف بھی زخمی ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ احمدچٹھہ کی حالت تشویش ناک ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کو شوکت خانم اسپتال لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔واقعے کے بعد عمران خان کے کنٹینر کو سیل کر دیا گیا ہے اور پولیس اور فارنزک ٹیموں نے کنٹینر سے شواہد اکٹھے کرلئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کا سی ٹی اسکین کیا گیا، گولی آر پار ہوئی ہے، ہڈی محفوظ ہے، انہیں آپریشن تھیٹر منتقل کردیا گیا ہے ۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حالت مستحکم اورخطرے سے باہرہے‘ ایمرجنسی میں عمران خان کو دیکھا گیا، ایکس ریز لیےگئےہیں ، اسکینز بھی ہوئے ہیں۔
فیصل سلطان نے بتایا کہ عمران خان کو آپریشن تھیٹر منتقل کردیاگیا ہے، گولی کےذرات، ہڈی کیلئےسرجیکل ٹریٹمنٹ کی ضرورت ہوگی تو وہ کیری آؤٹ ہوگی۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو ایک گولی پنڈلی اور دوسری ران میں لگی ہے۔فیصل سلطان کے مطابق عمران خان کی دائیں ٹانگ میں دو گولیاں لگیں، عمران خان کی دائیں ٹانگ میں ایک سے زیادہ زخم ہیں، عمران خان کی ٹانگ میں کچھ ٹکڑے موجود ہیں،ڈاکٹروں کی ماہرٹیم کام کررہی ہے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیرآباد میں گاڑی میں بیٹھتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ وہ خودبیٹھیں گے، عمران خان سارے راستے باقی زخمیوں کا پوچھتے رہے
۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر نے واقعے کے حوالے سے اپنی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ احمد ناصر چٹھہ کو بائیں ٹانگ پر گولی لگی جبکہ عمران خان کی دائیں ٹانگ میں گولی لگی۔رپورٹ کے مطابق دیگر زخمیوں کو پیٹ اور ٹانگوں پر گولیاں لگیں۔