• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پھول، غبارے، کھلونے بیچتے، بھیک مانگتے، درندگی کا نشانہ بنتے یہ پھول جیسے بچے

کہتے ہیں، ’’زندگی کا مطلب جاننا ہو یا تاریکیوں، اداسیوں کے نرغے سے نکلنا ہو تو کچھ وقت بچّوں کے ساتھ گزار لینا چاہیے کہ ان کے مکرو فریب سے پاک، معصوم چہروں کا سکون، چہار سُو ایک اطمینان سا بکھیر دیتا ہے۔‘‘ویسے ، کبھی آپ نے بچّوں سے کھچا کھچ بَھری کسی اسکول بس کو نظر بَھر کے دیکھا ہے؟ اگر نہیں، تو ایک بار ضرور دیکھیے گاکہ اُس بس میں آپ کو صرف اسکول جاتے یا گھروں کو لَوٹتے، شوخیاں، شرارتیں کرتے، ایک دوسرے کو چھیڑتے، شور مچاتے،لڑتے جھگڑتے، آنے جانے والے لوگوں کو دیکھ کے ہاتھ ہلاتے، مُسکراتے، بےفکر قہقہے لگاتے، پسینوں میں شرابور بچّے ہی نہیں، زندگی کے ہزارہارنگ بھی نظر آئیں گے۔ 

وہ رنگ، جوپھر سنِ شعور کو پہنچتے پہنچتے، دنیا کی برق رفتاری کے ساتھ دوڑتے، مقابلہ کرتے نہ جانے کب ہماری زندگیوں سے نکل جاتے ہیں، ہمیں پتا ہی نہیں چلتا۔ بلاشبہ بچپن کا دَور، ایک اَن مول دَورہوتا ہے۔ اسے اگر انسان کی قیمتی ترین متاع کہا جائے ،تو بےجا نہ ہوگا۔ بچپن کی کھٹی، میٹھی یادیں تا عُمر انسان کے دل ودماغ کے نہاں خانوں میں محفوظ رہتی ہیں۔ گویا چار حروف کے اس دَور ’’بچپن‘‘ میں ایک پوری زندگی پنہاں ہوتی ہے، شاید اسی لیے انگریزی کے ایک مشہور شاعر، جان ملٹن نے بچپن کو ’’جنّتِ گُم شدہ‘‘ یعنی کھوئی ہوئی جنّت کہا کہ جوہے تو جنّت کے مثل، لیکن ایک بار کھو جائے، تو پھر ہاتھ نہیں آتا۔ مگر…جس طرح کسی سکّے کے دو رُخ ہوتے ہیں۔ 

ہمارے یہاں کے بچّوں یا بچپن کے بھی دو رُخ، دو چہرے ہیں، یعنی کہیں تو بچپن معصومیت سے بھرپور، نادانیوں، اٹکھیلیوں، حماقتوں، فرمائشوں، والدین، دادا ،دادی، نانا، نانی کی شفقت ولاڈپیارسے مزیّن ہے، تو کہیں وہی بچپن، سگنلز پر بھیک مانگتا، غبارے، کھلونے بیچتا، ورک شاپس، فیکٹریوں، کارخانوں میں محنت مزدروی کرتا، گالیاں کھاتا اور درندگی و ہوس کا نشانہ بنا نظر آتا ہے۔ کہیں پڑھا تھا کہ ’’بچپن کا حق ہے کہ یہ بےفکر ، کیف و مَستی ، مسرتوں سے بھرپُور ہو ۔‘‘ مگر افسوس، صد افسوس کہ ہمارے یہاں تو لاتعداد بچّوں کو ’’بچپن‘‘ کے معنی تک نہیں معلوم ہوپاتے اور معلوم ہوں بھی کیسے کہ یا تو وہ آنکھ کُھلتے ہی فکرو فاقہ دیکھتے ہیں یا ان کا بھولپن اور معصومیت کسی کے پیروں تلے آکے روندی ، کُچلی جاتی ہے۔

ذرا سوچیے، اس سے زیادہ افسوس ناک بات اور کیا ہوگی کہ ہمارے معاشرے کے بہت سے بچّے، اپنے بچپن کو یاد ہی نہ کرنا چاہیں۔ اُس سے خوف زدہ ہوں، تتلیاں، جگنو، پکڑنے، شوخیاں، شرارتیں کرنے، پڑھنے لکھنے، کھیلنے کُودنے کی عُمر میں اُن کی شخصیت ہی مسخ کر دی جائے،اُن کا مستقبل تباہ و برباد کر دیا جائے۔ عقل سمجھنے سے قاصر ہے کہ آخر وہ لوگ کس ذہنی کیفیت کا شکار ہوتے ہیں، جو چھوٹے چھوٹے معصوم بچّوں کو بھی نہیں بخشتے۔ لگتا ہے، انسانوں کے اس معاشرے میں انسانیت ہی نایاب ہو گئی ہےکہ ہم تو بس اتنا جانتے ہیں کہ جس معاشرے میں بچّے ہی محفوظ نہ ہوں، اُس معاشرے کی بد بختی و بدقسمتی پر خون کے آنسو بھی بہائے جائیں، تو کم ہیں۔

ہر سال 20 نومبر کواقوامِ متحدہ کی جانب سے بچّوں کے حقوق و تحفّظ کی آگہی کے لیے ’’عالمی یومِ اطفال‘‘ منایا جاتا ہےکہ درحقیقت بچّے ہی ہمارا مستقبل، ہمارا اثاثہ ہیں، انہیں بہترین تعلیم و تربیت فراہم کرنااور اُن کا تحفّظ ہماری اوّلین ذمّے داری ہے۔ اِمسال یہ دن ’’ Equality And Inclusion For Every Child.‘‘ (مساوات، ہر بچّے کے لیے) کے تھیم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔لیکن، ذرا سوچیں،کہ کیا ہمارے یہاں عمومی طور پر مساوات کا کوئی تصوّر بھی موجود ہے، یقیناً نہیں، تو پھر بچّوں کے حوالے سے مساوات کی اُمید کیسے کی کی جاسکتی۔ 

ارے، مساوات تو چھوڑیں، اگر صرف مُلک میں بچّوں کے ساتھ پیش آنے والے دل خراش واقعات، چائلڈ لیبریا ان کی تعلیم و صحت کے مسائل ہی پر قابو پا لیا جائے یا انہیں کم کرنے کی کوشش کرلی جائے، تو بڑی بات ہوگی کہ ہمارے یہاں تو بچّوں کے ساتھ ظلم و زیادتی کےایسے ایسے دل سوز واقعات سامنے آتےہیں کہ بخدااگر ان کے مجرموں کو کئی کئی مرتبہ بھی پھانسی دی جائے، تو کم ہے۔؎ بھوک چہروں پہ لیے، چاند سے پیارے بچّے …بیچتے پھرتے ہیں، گلیوں میں غبارے بچّے…ان ہواؤں سے تو بارود کی بو آتی ہے…ان فضاؤں میں تو مَر جائیں گے سارے بچّے …کیا بھروسا ہے سمندر کا خدا خیر کرے…سیپیاں چُننے گئے ہیں مِرے سارے بچّے… ہو گیا چرخ ستم گر کا کلیجہ ٹھنڈا… مر گئے پیاس سے دریا کے کنارے بچّے …یہ ضروری ہے، نئے کل کی ضمانت دی جائے…ورنہ سڑکوں پہ نکل آئیں گے سارے بچّے۔یہ کتنا بڑا المیہ ہے کہ ہمارے یہاں اَن گنت بچّے وَرک شاپس، گلی، محلّوں اور گھروں تک میں ظلم و زیادتی کا نشانہ بن کر اپنا بچپن کھو دیتے ہیں اوراُس پر طرفہ تماشایہ کہ بچّوں کےساتھ زیادتی و ہراسانی کے بیش تر واقعات کہیں رپورٹ ہی نہیں ہوتےکہ ان واقعات میں زیادہ تر قریبی رشتے دار، اساتذہ یا ہم سائے وغیرہ ہی ملوّث ہوتے ہیں اور اگر کہیں مقدمہ درج ہو بھی جائے، توعموماً بااثر افراد کے سامنے غریبوں کو ہار ہی ماننی پڑتی ہے۔ اسی ظلم و زیادتی کے سبب آج ہمارا ’’مستقبل ‘‘جسے اسکول میں ہونا چاہیے تھا،سڑکوں پر رُلتا پھر رہا ہے، تو کہیںاُس کے لیے مدرسہ، اسکول اور اپنا گھر تک محفوظ نہیں۔

بچّوں کے حوالے سے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم، ساحل کے مطابق 2021ء میں مُلک بھر میں بچّوں (لڑکے، لڑکیوں) سے جنسی تشدّد کے کُل 3,852 کیسز سامنے آئے، جن میں سے 2,275 واقعات جنسی ہراسانی کے تھے۔ 676 واقعات میں جنسی تشدّداور 561 میں جنسی زیادتی کی کوشش کی گئی۔ 133میں جنسی زیادتی کے ساتھ غیر اخلاقی ویڈیوز کے معاملات، 87واقعات میں زیادتی کے بعد قتل جیسے سانحات رُونما ہوئے۔ یہی نہیں، 68 واقعات میں بچّوں کے قریبی رشتے دار ملوث پائے گئے۔

یاد رہے،ان واقعات میں 54 فی صد لڑکیاں اور 46 فی صد لڑکےجنسی زیادتی کا شکار ہوئے( یعنی 2068 لڑکیاں اور 1784 لڑکے جنسی زیادتی کا نشانہ بنے)۔ دست یاب اعداد و شمار کے مطابق مُلک میں روزانہ دس سے زیادہ بچّے جنسی زیادتی کا نشانہ بنتے ہیں۔ گزشتہ برس 43 فی صد ریپ کیسز مُلک کے شہری علاقوں میں، جب کہ 57فی صد دیہی علاقوں میں پیش آئے۔ ان واقعات میں سے 63فی صد پنجاب، 23 فی صد سندھ، چھے فی صد اسلام آباد، پانچ فی صد خیبر پختون خوا اور دو فی صد بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سے رپورٹ ہوئے۔ واضح رہے، یہ اعدادو شمار صرف اُن کیسز کےہیں، جن کا باقاعدہ اندراج ہوا، جب کہ لاتعداد کیسز تو سِرے سے رپورٹ ہی نہیں کیے جاتے۔ 

اسی طرح رواں سال ’’سسٹین ایبل سوشل ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن (ایس ایس ڈی او)‘‘ اور’’ سینٹر فار ریسرچ، ڈیویلپمنٹ اینڈ کمیونی کیشن (سی آر ڈی سی)‘‘ کی جانب سے ملکی میڈیا میں رپورٹ ہونے والے کیسز کے مرتّب کردہ اعداد و شمار سے پتا چلا کہ صرف جولائی کے دوران کم از کم 108 بچّوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ جن میں سے پنجاب سے 42، خیبر پختون خوا سے 32 ، سندھ سے21 ، اسلام آباد سے 10 اور بلوچستان سے 3 واقعات رپورٹ ہوئے۔ 

جسمانی تشدّدکے نتیجے میں کم از کم 22 بچّوں کو قتل کیا گیا، جن میں سے 10کا تعلق پنجاب، پانچ کا سندھ اورتین کا خیبر پختون خواسے ہے، جب کہ بلوچستان اور اسلام آباد سےدو، دوکیسز رپورٹ ہوئے۔ پنجاب اور سندھ میں کم عُمر بچّوں کی شادیوں کےتین، تین کیسز رپورٹ ہوئے، جب کہ پنجاب میں چائلڈ لیبر کے 8 اور خیبرپختون خوا میں ایک کیس درج ہوا۔ یاد رہے، یہ اعداد و شمار صرف ایک ماہ کےرپورٹڈکیسز کے ہیں، اب ذرا سوچیں کہ سال ختم ہونے کو آیا ہے، تو اب تک اس نوعیت کے جانے کتنے واقعات پیش آچُکے ہوں گے۔

رواں سال کراچی میں ایک ہی روز میں دو بچّوں کو جنسی درندگی کا نشانہ بنایا گیا۔ اورنگی ٹاؤن میں دو سالہ زوبیان کو بدفعلی کے بعد گلا دباکر قتل کردیا گیا۔ تو دوسری جانب، جناح اسپتال میں شکارپور سے تعلق رکھنے والے سیلاب متاثرہ خاندان کی 10سالہ بچی کو زخمی حالت میں داخل کروایا گیا۔ بچّی کی والدہ نے پولیس کو بتایا کہ ’’کلفٹن میں شاپنگ مال کے قریب کار سوار افراد نے بیٹی کو اغوا کیا، جب بچّی واپس آئی، تو اس کی حالت خراب تھی۔‘‘ اس حوالے سے پولیس سرجن، ڈاکٹر سمعیہ کا کہناہےکہ ’’بچی کو علاج معالجے کے غرض سے اس کی والدہ صبح ساڑھے چھے بجے اسپتال لائی تھیں،جب بچّی آئی تو بے ہوش تھی اور جسم سے بہت زیادہ خون بہہ رہا تھا۔‘‘

اکتوبر ہی میں حیدرآباد کے علاقے ہیرآباد میں شام چھے بجے گھر سے چیز لینے نکلی چھے سالہ معصوم بچّی کی لاش پلازا کی چھت سے برآمد ہوئی۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ’’بچّی کے گلے اور جسم کے مختلف حصّوں پر تشدّد کے نشانات ہیں اور اُسے گلا دبا کر قتل کیا گیا ہے۔‘‘پولیس نے مزید بتایا کہ ’’بچّی کے ساتھ مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کی گئی۔‘‘

راول پنڈی سے تعلق رکھنے والے دس سالہ حمزہ یوسف کی لاش پانچ دن بعد گھر کے قریب ایک زیرِ تعمیر مکان کی ٹینکی سے ملی۔تفصیلات کے مطابق حمزہ کو محلّے میں پتنگ بیچنے والے شخص نے پہلے اغوا کیا، پھر جنسی زیادتی کے بعد قتل کر دیا۔ قاتل نے پولیس کو بتایا کہ ’’بچّہ صبح آٹھ بجے میرے پاس آیا تھا اور مَیں نے زیادتی کے بعد اسے منع کیا تھا کہ کسی کو مت بتانا، مگر اس نے کہا کہ وہ بتائے گا اور مَیں نے قتل سے قبل دو بار بچّے کو جنسی تشدّد کا نشانہ بنایا۔‘‘یاد رہے، ملزم نے دس بجے حمزہ کو قتل کر کے زیرِ تعمیر گھر کی ٹینکی میں پھینک دیا تھا۔

لاہور کے ایک چائلڈ پروٹیکشن ہاؤس میں کچھ ماہ قبل دس برس کی ایک بچّی لائی گئی، جسے پانچ سال تک اس کا سوتیلا دادا زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ تاہم، معاملات کا انکشاف ہونے کے بعد بچّی کو والدہ سے لے کر اس کے حقیقی والد کے سپرد کردیا گیا ہے، جس نے عدالت کو بچّی کی مکمل کفالت اور حفاظت کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

پشاور میں صدر کے علاقے کالی باڑی میں حیا نامی بچّی کو قتل کرکے لاش پھینک دی گئی۔ اسی علاقے میں چار جولائی کو 11 سالہ ماہ نور کو ریلوے کوارٹرز میں کسی انسان نما بھیڑیے نے مبینہ زیادتی کے بعد قتل کر دیا۔ یہی نہیں، نومبر کے پہلے ہفتے میں پشاور میں ایک دن میں 3بچّوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

بیچتے پھرتے ہیں، گلیوں میں غبارے بچّے…

پاکستان کا شمار دنیا کے اُن ممالک میں ہوتا ہے، جہاں ’’چائلڈ لیبر‘‘ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں حالات سے تنگ، معاشی بدحالی کے ہاتھوں مجبور لاتعداد بچّے محنت مزدوری کرنے پر مجبور ہیں، مگر اس سے بھی زیادہ دردناک امر یہ ہے کہ ان بچّوں کو سخت محنت، مزدوری کے باوجود معقول معاوضہ نہیں ملتا۔ 2021ء میں بین الاقوامی جریدے میں شایع ہونے والی ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے ، یونیسیف کے مطابق پاکستان میں چائلڈ لیبر کی تعداد 3.3 ملین ہے۔ 

واضح رہے، ہمارے یہاں چائلڈ لیبر کے خلاف قوانین تو موجود ہیں، لیکن یا تو یہ ناکافی اور غیر مؤثر ہیں یا پھر ان پر عمل درآمد نہیں کیا جاتا۔ ’’ایمپلائمنٹ آف چلڈرن ایکٹ‘‘ کے مطابق جو شخص بھی 16سال سے کم عُمر بچّوں کو ملازمت پر رکھتا یا اس کی اجازت دیتا ہے،اسے 20ہزار روپے تک جرمانہ اور ایک سال تک قید کی یا یہ دونوں سزائیں اکٹھی بھی دی جا سکتی ہیں۔ 

اگر کوئی شخص سزا کے بعد بھی دوبارہ اس طرح کے جرم کا ارتکاب کرے، تو اس کی کم از کم سزا 6 ماہ ہے، جس کی مدت 2 سال تک بڑھائی جا سکتی ہے۔ آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 11 سیکشن 3 کے تحت ملک میں 14 سال سے کم عُمر بچّے کسی فیکٹری، کان یا ایسی جگہ ملازمت نہیں کرسکتے، جو ان کے لیے جسمانی اعتبار سے خطرناک ثابت ہو۔

40فی صد سے زائد بچّے نشوونما رُکنے ، 25 لاکھ غذائیت کی کمی کا شکار …

عالمی ادارۂ صحت کے مطابق پاکستان میں پانچ سال یا اس سے کم عُمر 40 فی صد سے زائد بچّے نشوونما رُک جانے کے مرض کا شکار ہیں، جب کہ 25 لاکھ بچّوں کو غذائیت کی شدید قلّت کا سامنا ہے۔ پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کی نمایندہ، ڈاکٹر پالیتھا مہیپالا نے ایک کانفرنس میں کہا کہ ’’سہل طرزِ زندگی اور غیر صحت بخش خوراک کے باعث 10 سال سے کم عُمر بچّوں میں سے قریباً چھے سے آٹھ فی صد موٹاپے کا شکار ہیں۔‘‘

نیز، یونیسیف کے چلڈرن کلائمیٹ رِسک انڈیکس (سی سی آر آئی) کے مطابق پاکستان ایک ’’ماحولیاتی ہاٹ اسپاٹ‘‘، ایک ایسا مُلک ہے، جہاں بچّے موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے شدید خطرات سے دوچار ہیں۔ سی سی آر آئی کی163 ممالک کی درجہ بندی میں پاکستان کا 14 واں نمبر ہےاور اس اعتبار سے پاکستان ’’انتہائی خطرے سے دوچار ‘‘ممالک کے زمرے میں آتا ہے۔ یعنی یہاں بچّوں کو ماحولیاتی تبدیلی سے متعلق مہلک خطرات کے ساتھ ساتھ پینے کے پانی، صفائی سُتھرائی، صحت کے مسائل اور تعلیم کی کم یابی جیسے شدید مسائل کا بھی سامنا ہے۔

سیلاب سے متاثرہ بچّے…

پاکستان میں اس سال مون سون میں شدید بارشوں ، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سےقریباً تین کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ، جن میں ایک کروڑ 60 کے لگ بھگ بچّے بھی شامل ہیں۔ اس حوالے سے یونیسیف نے خبردار کیاہے کہ ’’پاکستان میں حالیہ تاریخ کے بدترین سیلاب کی وجہ سے تیس لاکھ سے زاید بچّے پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں، ڈوبنے اور غذائی قلّت کے بڑھتے ہوئے خطرات سے دوچار ہیں اور انہیں فوری انسانی امداد کی ضرورت ہے۔ یونیسیف سیلاب متاثرہ علاقوں میں بچّوں اور اُن کے خاندانوں کی ضروریات پورا کرنے کے لیے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔‘‘ 

پاکستان میں یونیسیف کے نمایندے، عبداللہ فاضل کا کہنا ہے کہ ’’چوں کہ آفات میں بچّے سب سے زیادہ خطرے کا شکار ہوتے ہیں، توہم ان کے لیے حکومت اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ متاثرہ بچّوں کو جلد از جلد ضروری امداد مل سکے۔‘‘ یاد رہے، ترقّی یافتہ ممالک میں جب بھی کوئی قدرتی آفت آتی ہے، تو سب سے پہلے ماہرینِ نفسیات پر مشتمل ایک ٹیم بنائی جاتی ہے، جو ریلیف کیمپ میں موجود بچّوں کا معائنہ کرتی ہے کہ متاثرہ بچّے کن کن ذہنی بیماریوں کا سامنا کررہے ہیں۔ 

اس ضمن میں بچّوں کے باقاعدہ انٹرویوز کیے جاتے ہیں تاکہ اندازہ ہوسکے کہ بچّوں کو کس طرح کے علاج یا تھراپیز کی ضرورت ہے۔ تاہم، پاکستان کی بات کی جائے، تو حکومت تاحال سیلاب متاثرین کی بنیادی ضروریات ہی پوری نہیں کرسکی، تو بچّوں کی ذہنی صحت کا خیال کیسے کرے گی۔ دوسری جانب، وزیرِ تعلیم، سندھ، سید سردار شاہ نے ایک بیان میں اس خدشے کا اظہار کیا کہ ’’سندھ میں بیس سے بائیس لاکھ بچّوں کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ 

صوبے میں سرکاری اسکولز کی کُل تعداد 44,217 ہے، جن میں سے 22,291 اسکولز کی عمارتوں کو ریلیف کیپمپس میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ 5,619 اسکولوں کی عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہیں۔ نیز، 11,922اسکولز کی عمارتوں کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے،یعنی چالیس فی صد اسکول تباہ ہوچُکے ہیں۔‘‘ اب سوال یہ ہے کہ اس صورتِ حال میں تدریسی عمل کب اور کیسے بحال ہوگا…؟

سنڈے میگزین سے مزید