• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج کے اعلیٰ ترین عہدوں پر تقرری کا عمل آج سے شروع ہو چکا ہے، وزیر دفاع

خواجہ آصف—فائل فوٹو
خواجہ آصف—فائل فوٹو

وفاقی وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے اعلیٰ ترین عہدوں پر تقرری کے حوالے سے طریقۂ کار کا آغاز ہو گیا ہے، جب سمری آئے گی تو ناموں پر بحث ہو گی۔

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے اپنے نئے بیان میں بتایا ہے کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں موجودہ حالات پر تبادلۂ خیال ہوا ہے، آرمی چیف کی تقرری پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے، ان شاء اللّٰہ اس عمل کی جلد آئینی تقاضوں کے مطابق تکمیل ہو جائے گی۔

خواجہ آصف نے مزید بتایا ہے کہ سمری ابھی تک وزیرِ اعظم ہاؤس نہیں آئی ہے، کل یا پرسوں تک سمری آ جائے گی، نومبر تک آرمی چیف کی تقرری کا مرحلہ مکمل ہو جائے گا، آرمی چیف کی تقرری سے متعلق ہم پر کوئی دباؤ نہیں ہے، اتحادیوں کے ساتھ ہر سطح پر تبادلۂ خیال ہو رہا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ سینئر موسٹ 5 یا 6 نام آئیں گے، اِنہی میں سے نام فائنل ہو جائے گا، فی الحال اس وقت تک اس معاملے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔

صدرِ مملکت رکاوٹ نہیں ڈالیں گے، حکومت کو امید

دوسری جانب حکومت کو امید ہے کہ صدرِ مملکت عارف علوی اس عمل میں رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے، آرمی چیف سے متعلق سمری نہیں روکیں گے۔

تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ انہیں کسی کے آرمی چیف بننے پر کوئی اعتراض نہیں اور اس سلسلے میں ان کی کوئی چوائس نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ صدر عارف علوی نئے آرمی چیف سے متعلق سمری نہیں روکیں گے۔

وفاقی وزیر خواجہ آصف نے اس سے قبل اس حوالے سے کہا تھا کہ آرمی چیف کے تقرر کا عمل پیر سے شروع ہو کر منگل، بدھ تک مکمل ہو جائے گا۔

ذرائع کے مطابق موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ 29 نومبر کو ریٹائر ہوجائیں گے۔

ان کی ریٹائرمنٹ سے قبل 27 نومبر کو نئے آرمی چیف کا اعلان کر دیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید