بات چیت: شفق رفیع
اولڈ کراچی کے گنجان آباد علاقے کی اُس عمارت کا حال گویا خود چلّا چلّا کر کہہ رہا تھا کہ ’’مَیں ایک سرکاری اسپتال ہوں‘‘ کہ اچانک ہماری نظر نیلے رنگ کے ایک بورڈ پر پڑی، جس پر ’’سرفراز رفیقی شہید اسپتال‘‘ لکھا تھا۔ ہم مرکزی دروازے سے باؤنڈری وال کے اندر داخل ہوئے، توسامنے ایک وسیع ایریا اور ایک اور داخلی دروازہ نظر آیا۔ اُس جگہ کچھ گاڑیاں اور چند موٹرسائیکلز پارک تھیں، جب کہ داخلی دروازے پر’’کراچی کا پہلا ڈیجیٹل اسپتال‘‘ کا بورڈ آویزاں تھا۔ ایک جمع دار سیڑھیوں پر پونچھا لگانے میں مصروف تھا اور گراؤنڈ فلور بالکل خالی، ایک دَم ویران پڑا تھا، ہمیں لگا شایدکسی غلط جگہ ہی آگئے ۔ ’’آپ کو کس سے ملنا ہے؟‘‘ وہاں کام کرنے والے ایک شخص نے پوچھا۔ ’’سعد صدّیقی سے۔‘‘
ہم نے جواب دیا۔ ’’صاحب بس آنے ہی والے ہیں، ٹریفک میں پھنس گئے ہیں۔ آپ پہلی منزل پر چلی جائیں۔‘‘ ہمیں کہا گیا، تو ہم نے اوپر کی راہ لی۔ ویسے تو اسپتال کے خیال ہی سے دل و دماغ پر ایک خوف سا طاری ہوجاتا ہے کہ کہیں اسپتال کا ماحول کبھی خوش گوار نہیں لگا، لیکن عام اسپتالوں میں کم از کم کچھ چہل پہل، شورو غل تو ہوتا ہے، جب کہ یہاں کے مناظر تو بالکل ہی برعکس تھے۔ خیر، پہلی منزل پر پہنچے تو ذرا جان میں جان آئی کہ وہاں کچھ لوگ اور ڈیجیٹل اسپتال کے بینرز نظر آئے۔
مگر ہم نے کسی کو اپنا تعارف کروانے سے گرد ونواح کا جائزہ لینا زیادہ ضروری سمجھا تاکہ اسپتال کی حقیقت جان سکیں۔پھر راہ داری سے بائیں جانب ایک کمرے میں داخل ہوئے، تو وہاں الگ الگ میزوں پر،کچھ افراد منہ پر ماسکس، ہیڈ فونز لگائے اپنے اپنے لیپ ٹاپس پر کسی سے بات کرنے میں مصروف نظر آئے، جیسے ویڈیو کال کر رہے ہوں۔ ذرا اور آگے بڑھے تو ایک فارمیسی دکھائی دی، ابھی ہم ان ہی سب چیزوں کا جائزہ لے رہے تھے کہ کسی نے آواز دی، ’’آپ کو ڈاکٹر سے ملنا ہے؟‘‘ ’’نہیں، سعد صاحب سے، آگئے وہ؟‘‘ ہم نے جواب دیا اور اتنے میں سعد صدّیقی آتے دکھائی دئیے۔
رسمی علیک سلیک کے بعد بات چیت کا سلسلہ شروع ہوا۔واضح رہے، سعد صدّیقی ’’فائنڈ مائی ڈاکٹر‘‘ اسٹارٹ اَپ کے سی ای او ہیں، جس کے تحت کراچی کا یہ پہلا ڈیجیٹل اسپتال قائم کیا گیا ہے۔ سعد نے گفتگو کا آغاز کچھ اس طرح کیا۔ ’’بچپن میں اکثر لڑکوں کو کرکٹر بننے کا شوق ہوتا ہے، مَیں بھی سوچتا تھا کہ بڑا ہو کر کرکٹر بنوں گا، لیکن جب ٹین ایج میں داخل ہوا، تو سر پر موسیقی کا جنون سوار ہوگیا، مگر امّاں چاہتی تھیں کہ مَیں ماہرِ معاشیات بنوں، لہٰذا اکنامکس میں ڈگری مکمل کی، گوکہ اکنامکس پڑھنا آج تک میرے کسی کام نہیں آیا، لیکن خوش ہوں کہ امّاں کی ایک خواہش کی تکمیل ہو گئی۔
تو بہرحال، آپ کہہ سکتی ہیں کہ ’’میرا بچپن کرکٹر بننے کا خواب دل میں سجائے گزرا، ٹین ایج میں موسیقار بننے کا جنون سوار رہا، ڈگری کے لحاظ سے ماہرِ اقتصادیات ہوں، مگر لوگ مجھے ’’ڈاکٹر‘‘ کہہ کر پکارتے ہیں۔‘‘ ’’فائنڈ مائی ڈاکٹر کے حوالے سے کچھ بتائیں، اس کا خیال کیسے آیا؟‘‘ ہمارا پہلا باضابطہ سوال تھا۔ ’’ ہم نے اس ایپلی کیشن کا آغاز 2016ء میں کیا تھا، جس کے پیچھے ایک بہت اہم وجہ، ایک عہد ہے۔ وہ عہد، جو مَیں نے اپنے آپ سے کیاتھا۔تو قصّہ کچھ یوں ہے کہ 2012ء میں ایک ڈاکٹر کی غفلت کی وجہ سے مَیں نے اپنی والدہ کو ہمیشہ ہمیشہ کے لیے کھو دیا۔
مَیں اُس وقت صرف 20 برس کا تھا۔ ویسے تو ماں کی ضرورت ہر عُمر ہی میں رہتی ہے، لیکن ٹین ایج اور اس کے بعد کا زمانہ انتہائی اہم ہوتا ہے کہ انسان میں جذباتی، ذہنی اعتبار سے کئی طرح کی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہوتی ہیں،تو عُمر کے اس انتہائی نازک دَور میں ماں کی ضرورت سب سے زیادہ ہوتی ہے اور بد قسمتی سے اسی دَور میں، مَیں ماں جیسی عظیم ہستی سے محروم ہوگیا۔ مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ امّاں کے انتقال سے ایک گھنٹہ قبل مَیں نے اُن سے ایک وعدہ کیا تھا کہ مَیں ہیلتھ سسٹم کو سستا بنانے کی ہر ممکن کوشش کروں گا، امّی تو چلی گئیں، لیکن مجھے ایک وعدے کی ڈور میں باندھ گئیں، جو بعدازاں، میری زندگی کا مقصد بن گیا۔
ویسے تو امّی کی یاد ہر پَل، ہر دن ہی آتی ہے، لیکن اُن کے انتقال کے ابتدائی ماہ، بہت تکلیف دہ تھے، ایسا لگتا تھا، جیسے زندگی بے معنی، بےرنگ، بے مقصد ہو گئی ہے۔ کبھی کبھی تو ماں کے جانے کا غم اس قدر شدّت اختیار کرجاتا کہ جیسے کسی نے دل چیر کے رکھ دیا ہو۔ اُس وقت اگر کسی بات نے مجھے حوصلہ دیا،تو وہ یہی سوچ تھی کہ مجھے اپنی ماں سے کیا وعدہ پورا کرنا ہے۔ مَیں اکثر سوچتا کہ ایسا کیا کروں کہ ہمارے نظامِ صحت میں شامل خرابیاں ختم ہوجائیں، ایسا کیا کروں کہ میرے مُلک کے ہر فرد کو معیاری علاج معالجے کی سہولت میسّر آجائے اور ایسا کیا کروں کہ پھر کسی کی ماں، کسی ڈاکٹر کی غفلت کی وجہ سے بِن موت نہ مر ے، تو اس خواب، وعدے کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے مَیں نے کئی منصوبے بنائے، بہت سے خیالات ذہن میں آئے، لیکن پھر ایک روز ’’فائنڈ مائی ایپ‘‘ بنانے کا خیال آیا، جسے حقیقت کا رُوپ 2016ء میں دیااور اب 2022ء میں ایسا محسوس ہونے لگا ہے کہ جو وعدہ مَیں نے اپنی ماں سے کیا تھا، وہ پورا ہو رہا ہے، گوکہ نظامِ صحت میں اب بھی کئی خرابیاں، خامیاں ہیں، سستامعیاری علاج آج بھی ہر ایک کی پہنچ میں نہیں، لیکن کم از کم ہم نے بہتری کی جانب ایک قدم تو اُٹھالیا ہے، تو آگے کی منازل بھی طے ہو ہی جائیں گی۔ ‘‘ سعد صدّیقی نے تفصیلی جواب دیا۔
’’ہمارے ہیلتھ کیئر سِسٹم کے حوالے سے کیا کہنا چاہیں گے کہ جب آپ جیسا متمّول گھرانہ، معیاری علاج معالجہ افورڈ کرنے والا خاندان بھی ڈاکٹر کی غفلت کا شکار ہو سکتا ہے، تو غریب، غرباء کہاں جائیں، کیا کریں؟‘‘ہمارا اگلا سوال تھا۔’’بات یہ ہے کہ کچھ چیزیں، حالات ہمارے اختیار میں نہیں ہوتے، جیسے میری امّاں کا اس دنیا سے جانا ہم نہیں روک سکے، اس وقت، اُن حالات میں مَیں کچھ نہیں کر سکتا تھا، میری ماں اب اس دنیا سے جا چُکی ہے، لیکن جاتے جاتے وہ مجھے ایک ایسے کام کی ذمّےداری سونپ گئیں، جس سے خلقِ خدا کا بھلا ہو، پھر اللہ تعالیٰ نے بھی مجھے اس قابل بنادیا کہ مَیں لوگوں کے کام آسکوں، تو مَیں اب یہی سوچتا ہوں کہ ہم کب تک اپنے نظام کی بہتری کے لیے دوسروں پر انحصار کرتے رہیں گے۔
آپ یقین کریں، ہمارے ارد گرد اتنے ’’جعلی ڈاکٹرز‘‘(اتائی) ہیں کہ کوئی سوچ نہیں سکتا، مَیں اپنے سِسٹم میں دیکھ رہا ہوتا ہوں اور ایسے ڈاکٹرز زیادہ تر پس ماندہ علاقوں میں ہیں۔ اس بات کا اندازہ ہمیں ایسے ہوا کہ قصبہ کالونی، لانڈھی، کورنگی وغیرہ جیسے کئی علاقوں سے مریضوں کی کالز آتی ہیں، تو جب وہ علامات، بیماری کی تشخیص یا ادویہ سے متعلق بتاتے ہیں، تو ہمارے ڈاکٹرز اپنا سر پکڑ کے بیٹھ جاتے ہیں۔ تو میرا منصوبہ یہی ہے کہ ہر مریض کا رابطہ درست ڈاکٹر سے ہو، جو اسے فی الفور ٹھیک مشورہ دے اور اس کا علاج شروع ہو سکے۔‘‘سعد کا جواب تھا۔’’یہ ایپ/ٹیلی اسپتال کیسے کام کرتا ہے؟‘‘ہمارا اگلا سوال تھا۔’’عام طور پر جو لوگ بھی ٹیلی ہیلتھ سسٹم پر کام کرتے ہیں، اُن میں سے زیادہ تر دعویٰ تو سوشل ورک کا کرتے ہیں، لیکن ساتھ یہ بھی شرط عائد کردیتے ہیں کہ پہلے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں، پھر کچھ رقم دیں، تب سروسز سے مستفید ہو پائیں گے، لیکن ہم یہ کام صرف بزنس کے لیے نہیں کررہے، تو ہم نے سوچا کہ ایک عام پاکستانی کو ایپلی کیشنز وغیرہ ڈاؤن لوڈ کرنے کا شعور کہاں، البتہ واٹس ایپ کا استعمال ہر کوئی جانتا ہے، تو اسی لیے ہم نے ایپ تو بنائی، لیکن واٹس ایپ نمبر بھی رکھا، جس کے ذریعے آپ ایک میسیج دیتے ہیں اور پھر خود بخود (آٹومیٹڈ) ریپلائی کے ذریعے آپشنز دے دئیے جاتے ہیں کہ آپ کو کس حوالے سے رابطہ کرنا ہے اور عام طور پر پانچ سےدس منٹ میں مریض کا رابطہ ڈاکٹر سے کروادیا جاتا ہے۔
ہاں، اگر اُس وقت ڈاکٹر فِری نہ ہو، تو کنسلٹیشن میں زیادہ سے زیادہ بیس منٹ تک لگ جاتے ہیں۔ ذرا سوچیں، ایک شخص جو پہلے ہی بیمار ہے، وہ اس حالت میں گھر سے نکلے، رکشوں، ٹیکسیوں کے کرائے بَھرے، پھر کلینک میں فیس بھی دے اور انتظار بھی کرے، پھر واپسی پر رکشے، ٹیکسیوں میں دھکّے کھائے، تو اس سے کہیں بہتر یہ نہیں کہ ٹیلی ہیلتھ سروس سے مستفید ہوا جائے، جس میں ایک پیسے کا خرچہ نہیں ہورہا۔ اور مَیں بےحد خوش ہوں کہ کراچی کے عوام بڑی تعداد میں ہماری سروسز استعمال کر رہے ہیں۔
ہم ایک دن میں قریباً دو، ڈھائی سو افراد کو کنسلٹیشن فراہم کرتے ہیں۔نیز، ہم لینگویج کا آپشن بھی دیتے ہیں تاکہ لوگ اپنی مادری زبان(سندھی، پنجابی، بلوچی، پشتو، انگریزی) میں بات کرسکیں۔ مثال کے طور پر اگر کوئی سندھی بولنے والا مریض رابطہ کرتا ہے، تو ہم سندھی بولنے والے ڈاکٹر سے اس کا رابطہ کروادیتے ہیں، تاکہ مریض اور ڈاکٹر کے درمیان ابلاغ کے مسائل حائل نہ ہوں۔‘‘ ’’آپ کا کہنا ہے کہ اس سروس کے تحت پی ایم ڈی سی سے تصدیق شُدہ ڈاکٹرز بغیر فیس لیے گھر پر وِزِٹ کرتے ہیں، تو اس بات میں کتنی صداقت ہے اور یہ کیسے ممکن ہے؟‘‘ ہم نے پوچھا۔ ’’نہیں، ڈاکٹر بغیر فیس گھر پہ وزٹ نہیں کرتا، مگر چوں کہ عوام گھر بیٹھے پی ایم ڈی سی سے تصدیق شُدہ ڈاکٹرز سے مفت مشورہ حاصل کر سکتے ہیں، تو ہم یہ کہتے ہیں کہ گھر بیٹھے ڈاکٹر تک رسائی ممکن ہے۔ اب جہاں تک بات ہے ڈاکٹرز کو آن بورڈ لینے کی، تو اس کے لیے پہلے ہم ایک ٹیسٹ لیتے ہیں، اُس کے بعد انٹرویو لیا جاتا ہے اور اس دوران ہم ڈاکٹر کے ڈاکومینٹس کراس چیک کر رہے ہوتے ہیں، نیز پی ایم سی اے نمبر سے چیک کرتے ہیں۔
پھر اگر وہ کسی اسپتال میں کام کر رہا ہوتا ہے، تو وہاں کا ریفرینس لیٹر منگواتے ہیں، اس کے بعد ہی جاب پر رکھتے ہیں۔ اور یہی نہیں، ہم تمام معالجین پر نظر بھی رکھتے ہیں کہ وہ اپنے کام میں کوتاہی تو نہیں برت رہے۔‘‘ سعد صدّیقی نے تفصیلی جواب دیا۔ ’’بلدیہ عظمیٰ کراچی سے اشتراک سے متعلق بھی کچھ بتائیں؟‘‘ ہمارا اگلا سوال تھا۔ ’’ہماری ٹیم کے آٹھ افراد ’’سرفراز رفیقی شہید اسپتال میں بیٹھتے ہیں اور وہیں سے معاملات دیکھ رہے ہوتے ہیں، جن میں ڈاکٹرز بھی شامل ہیں، مگر زیادہ تر ڈاکٹرز گھر بیٹھے ہی کام کر رہے ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ جگہ کی کمی ہے کہ ڈاکٹرز کی ایک بڑی تعداد ایک ہی وقت میں ایک جگہ نہیں بیٹھ سکتی۔
پھر ہمیں شہر کے بیچوں بیچ، ایک ایسے اسپتال کے متعلق پتا چلا، سخت جوابتری کا شکار تھا، اس عمارت میں اسپتال تو قائم تھا، لیکن مریض نہیں آتے تھے اور ڈاکٹرز بھی کم ہی نظر آتے، تو ہم نے اس حوالے سے بلدیہ عظمیٰ سے رابطہ کیا، انہیں اپنا پروپوزل پیش کیا، تو اس طرح ہمارا ان سے اشتراک ہوگیا۔ یاد رہے، نہ ہم کرائے کی مَد میں بلدیہ کو کوئی پیسا دیتے ہیں اور نہ ہی بلدیہ ہمارے کام میں مداخلت کرتی ہے۔ جب سے ہم نےیہاں ڈیجیٹل اسپتال قائم کیا، اپنا سیٹ اَپ لگایا ہے، تب سےیہاں کچھ چہل پہل ہوگئی ہے، اب تو علاقے کے لوگوں کو بھی پتا چل گیا ہے کہ اسپتال پھر سے فنکشنل ہو گیا ہے، لوگوں نے بھی آنا شروع کردیا ہے۔‘‘سعد بتا رہے تھے۔
’’اس اسٹارٹ اَپ کی تیاری اور نفاذ میں کن کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑا؟‘‘ ہم نے پوچھا۔ ’’یہ سفر آسان ہرگز نہیں تھا۔ یہ سچ ہے کہ خواب دیکھنا آسان ہوتا ہے، لیکن تعبیر حاصل کرنے میں خون، پسینہ ایک ہوجاتا ہے۔ اس سفر کا آغاز مَیں نے تنِ تنہا کیا تھا، پھر ایک دوست کی مدد سے بیس ہزار روپوں میں ایک ایپلی کیشن بنائی، جسے لوگ ’’فائنڈ مائی ڈاکٹر‘‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ جب ایپلی کیشن تیار ہوگئی، تو پھر مختلف ڈاکٹروں کے پاس جاتا کہ اس کا حصّہ بن جائیں، کئی کئی گھنٹے اُن کے کلینکس میں بیٹھا رہتا۔ انہیں اپنا منصوبہ سمجھانا، اس سے متعلق شعور دینا آسان نہیں تھا۔ پھر جب ڈاکٹرز آن بورڈ آگئے، تو شروعات میں بجٹ کا بہت مسئلہ ہوتا، اُن کی فیس دینے کے پیسے بہت مشکل سے جمع ہوتے تھے۔
پھر ایک مسئلہ یہ بھی ہے کہ ہمارے یہاں صحت عامّہ کسی کی ترجیحات میں شامل نہیں، عوام بھی جب تک شدید بیمار نہ ہوجائیں، ڈاکٹر کے پاس نہیں جاتے، چلے بھی جائیں اور کبھی ٹیسٹس کروالیں اور رپورٹ نارمل آجائے تو کہتے ہیں ’’پیسے ضائع ہوگئے۔‘‘ تو ایسے مائنڈ سیٹ کے حامل معاشرے میں صحتِ عامہّ سے متعلق ایپلی کیشن بنانا، چلانا کیسے آسان ہو سکتا ہے، لوگ تو اس طرف مائل بھی نہیں ہوتے تھے اور اگر کوئی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ کرلیتا، تو کبھی استعمال نہیں کرتا تھا۔ویسے سوچیں تو کتنی عجیب بات ہے کہ کھانے پینے، شاپنگ کی ایپلی کیشنز تو ہر کسی کے فون میں ہوتی ہیں، جن کا تواتر سے استعمال بھی کیا جاتا ہے، لیکن صحت، جو ہماری زندگی ہے، اس کی بہتری کے لیے ہم کچھ نہیں کرتے۔
خیر، سلسلہ اسی طرح چل رہا تھا کہ دنیا کورونا وائرس کی لپیٹ میں آگئی۔ دیکھتے ہی دیکھتے پوری دنیا مفلوج ہو کر رہ گئی۔ لوگ گھروں میں قید ہوگئے، بیماری تیزی سے پھیل رہی تھی اور ساتھ ہی لوگوں میں خوف و ہراس بھی، مگر کوئی گھر سے نہیں نکل سکتا تھا، کسی سے مل نہیں سکتا تھا۔ تب جاکے لوگوں نے صحت کو اہمیت دینی شروع کی اور انہی دنوں ہماری ایپلی کیشن کے استعمال میں بھی اضافہ ہوا اور اب کافی اچھا ریسپانس مل رہا ہے، تو اس سفر میں کافی کٹھنائیاں آئیں، لیکن تلاطم خیز موجیں ساحل پر پہنچنے کا جنون بڑھا دیتی ہیں، زندگی کا مزہ مشکلات سے لڑ کر منزل تک پہنچنے ہی میں ہے۔
مَیں، جس نے اکیلے اس سفر کا آغاز کیا تھا، آج فخریہ کہتا ہوں کہ میرے پاس بہترین افراد کی ٹیم ہے، جس میں 50نوجوان دفتری اُمور، ایڈمنسٹریشن سے متعلق معاملات دیکھتے ہیں، تو پاکستان بَھر سے 186سے زائد ڈاکٹرز آن بورڈ ہیں، جن میں بہت سی خواتین ڈاکٹرز بھی شامل ہیں، جو شادی کے بعد گھر بیٹھ چُکی تھیں، جنہیں میڈیکل کی اتنی مشکل تعلیم کے بعد شوہر، سُسرال سے ملازمت کی اجازت نہیں مل رہی تھی، وہ اب گھر بیٹھے کام بھی کر رہی ہیں، جب کہ اَن گنت مریض تو مستفید ہو ہی رہے ہیں،تو مَیں بس یہی چاہتا تھا کہ اپنے مُلک کے عوام، بالخصوص غریب عوام کے کچھ کام آسکوں، اُنہیں صحت کی بنیادی سہولتیں مہیّا کر سکوں اور مَیں اپنی اس کوشش میں بہت حد تک کام یاب بھی ہو گیا ہوں۔‘‘سعد نے پُر اعتماد لہجے میں بتایا۔
’’جب آپ لوگ مریضوں سے بنا ایک پیسا لیے بہترین طبّی سہولت فراہم کر رہے ہیں، تو اپنے اخراجات، ڈاکٹرز کی فیس، اسٹاف کی تن خواہیں وغیرہ کیسے ادا کرتے ہیں؟‘‘ ہمارا ایک اہم سوال تھا۔ ’’مَیں ایک بزنس مین ہوں، تو ہماری کمپنی بجٹ کا ایک حصّہ چیریٹی کے لیے رکھتی ہے اور ہم وہ سارا پیسا ’’ڈیجیٹل اسپتال، فائنڈ مائی ڈاکٹر‘‘ پر لگا رہے ہیں، تاکہ لوگوں کی مشکلات میں کچھ کمی لاسکیں، ان کے کام آسکیں۔
اب جہاں تک بات ہے اخراجات کی، تو اگر کوئی ڈاکٹر کو گھر بلانا چاہتا ہے، تو اس کے چارجز1500 روپے ہوتے ہیں، نیز، ہماری ای لیبارٹری بھی چل رہی ہے۔ ہماری ایپلی کیشن میں پاکستان کے سات شہروں کی قریباً 15 لیبارٹریز شامل ہیں، ہمارا نمایندہ آپ کے گھر آکے سیمپل لے گا اور آپ جس لیبارٹری سے چاہیں گے، اُس سے ٹیسٹ کرواکر رپورٹ دے دے گا۔
نیز، ہمارا فارمیسی کا بھی آن لائن بزنس ہے کہ ہم 15 فی صد ڈسکاؤنٹ پر ادویہ ڈیلیور کرتے ہیں، تو اس طرح ہمارا بزنس اور سوشل ورک دونوں بخوبی چل رہے ہیں۔‘‘سعد نے بتایا۔ ’’جب شہر میں دیگر کئی بہت اچھی لیبز موجود ہیں، جو آن لائن سروسز بھی فراہم کرتی ہیں، تو لوگ آپ کی سروس کیوں استعمال کریں کہ پیسے تو انہیں وہاں بھی دینے ہیں؟‘‘ ہم نے پوچھا۔ ’’جی، شہر میں کئی اچھی لیبز ہیں، جو گھر بیٹھے ٹیسٹس کرتی ہیں، لیکن پھر وہ اس کے اضافی چارجز لیتی ہیں، جب کہ ہم کوئی اضافی فیس نہیں لیتے۔‘‘
سعد صدّیقی نے بتایا۔’’ڈیجیٹل اسپتال سے مزید کیا فوائد حاصل کیے جاسکتے ہیں؟‘‘ ہمارا اگلا سوال تھا۔ ’’دیکھیں، ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر سسٹم آج پوری دنیا میں فروغ پا رہا ہے، آپ کسی بھی ترقّی یافتہ مُلک چلے جائیں، مریض کا نام سسٹم میں ڈالیں تو اس کی پوری میڈیکل ہسٹری سامنے آجاتی ہےکہ فلاں شخص کو، فلاں بیماری ہے یا ماضی میں رہ چُکی ہےاور یہ کام حکومت کرتی ہے، مگر بد قسمتی سے ہمارے یہاں ایسا کوئی نظام نہیں تو میرا منصوبہ یہ ہے کہ ہمارے پاس اتنا ڈیٹا ہو کہ جس کی مدد سے یہ معلوم ہو سکے کہ کراچی کے کس علاقے، محلّے گلی، گھر میں کون سی بیماری کا مریض ہے یا کس علاقے میں کون سی بیماریاں زیادہ پائی جاتی ہیں، جس سے مستقبل میں مختلف امراض پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔
جیسے ابھی ہمارے ڈاکٹرز نے یہ اندازہ لگایا ہے کہ دسمبر کے آخر یا جنوری کے اوائل میں کووِڈ کی ایک لہر آسکتی ہےاور وہ یہ بات مریضوں کی تعداد، اُن کو پیش آنے والی شکایات کے بَل پر کہہ رہے ہیں۔ ‘‘’’ بنا کسی غلطی کے سروسز کی فراہمی کیسے یقینی بنائی جاتی ہے کہ کبھی کبھی ایک غلط مشورہ، دوا یا تشخیص جان لیوا بھی ثابت ہو سکتی ہے۔‘‘ ہم نے پوچھا۔ ’’جی، یقیناً ایک غلطی بھاری نقصان کا سبب بن سکتی ہے لیکن ہمارے ہیڈ ڈاکٹر، دن کے اختتام پر تمام ڈیٹا چیک کرتے ہیں کہ کون سے ڈاکٹر نے کس بیماری کے لیے کون سی دوا لکھی، پھر وہ ڈاکٹرز سے کراس چیک بھی کرتے ہیں کہ آپ نے فلاں مریض کے لیےیہ دوا کیوں تجویز کی وغیرہ وغیرہ۔ نیز، اگر کوئی ایسا مریض ہم سے رابطہ کرتا ہے، جس کا مرض زیادہ پیچیدہ یا خطرناک ہو، تو ہم اسے اسپتال بلا لیتے ہیں یا ڈاکٹر گھر جا کے چیک کرلیتا ہے۔ ‘‘ ’’ڈیجیٹل اسپتال‘‘ کا تصوّر عام ہو گیا تو پھر معالج کے ہاتھ میں شفا کا تو تصوّر ہی ماند پر جائے گا۔
روبوٹک سرجریز کا پہلے ہی آغاز ہو چُکا ہے، تو آپ کے خیال میں کیا یہ ترقّی نوعِ انسانی کی بھلائی کی طرف بڑھتا ہو اقدم ہے؟‘‘ہمارا آخری سوال تھا۔ اور اس کے جواب میں سعد صدّیقی کا کہنا تھا کہ ’’دیکھیں، ٹیکنالوجی نے بہت تیزی سے دنیا کو ٹیک اووَر کیا ہے، ہر گزرتے دن کے ساتھ شعبۂ طِب میں بھی تبدیلی آتی جا رہی ہے، دنیا ترقّی کر رہی ہے اور ہیلتھ کیئر سسٹم بھی آن لائن ہوتا جا رہا ہے۔ اب ہر ایک کے پاس اسپتال جانے ، ڈاکٹر کو دکھانے کا وقت نہیں ہے، تو ہمارے پاس دو ہی آپشنز ہیں کہ یا تو ہم آج ہی اس بدلتی دنیا کا حصّہ بن جائیں یا دس، پندرہ سال بعدبنیں، تو کیوں نہ ابھی سے آگے بڑھنے کی کوشش کی جائے۔‘‘