• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لطیف آفریدی قتل، وزیراعظم سمیت قومی رہنماؤں کی شدید مذمت اور اظہارِ افسوس

لطیف آفریدی، فائل فوٹو
لطیف آفریدی، فائل فوٹو

پشاور میں سابق صدر سپریم کورٹ بار لطیف آفریدی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، قومی رہنماؤں کی طرف سے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سابق  لطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بیہمانہ قتل بڑے دکھ کی خبر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت اس دہشتگردی میں ملوث ملزمان کو قانون کے مطابق عبرتناک سزا دلائے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دن دیہاڑے لطیف آفریدی پر قاتلانہ حملہ صوبائی حکومت کی ناکامی ہے۔

سربراہ پی ڈی ایم کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا حکومت پورے صوبے کو آگ میں جھونک کر مستعفی ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لطیف آفریدی کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، واقعہ افسوسناک ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کر کے مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے معروف قانون دان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید لطیف آفریدی شدت پسندوں اور دہشتگردوں کے خلاف مؤثر آواز تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ لطیف آفریدی کے افسوسناک قتل پر سخت صدمہ ہوا ہے، وہ جمہوریت اور آئین کی حکمرانی کے لیے آواز بلند کرتے رہے۔

وزیر خارجہ نے متعلقہ اداروں کو سابق صدر سپریم کورٹ بار لطیف آفریدی کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ شہید لطیف آفریدی سچے جمہوریت پسند رہنما تھے، پیپلز پارٹی لطیف آفریدی کے خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ دعاگو ہوں کہ لطیف آفریدی کے جنت میں درجات بلند ہوں اور لواحقین کو صبر جمیل عطا ہو۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سپریم کورٹ بار کے سابق صدرلطیف آفریدی کے قتل کی مذمت کی۔

انہوں نے کہا کہ لطیف آفریدی مظلوموں کی مضبوط آواز تھے، وہ حق گو اور سچے انسان تھے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ لطیف آفریدی کے بہیمانہ قتل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں بار روم کے اندر اس طرح کی بہیمانہ کارروائی امن و امان کی سنگین صورتحال کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لطیف آفریدی کی آئین، قانون اور جمہوریت کے لیے جدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ممتاز قانون دان کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ لطیف آفریدی نے ہمیشہ دہشتگردوں کے خلاف آواز بلند کی۔

ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق مراد علی شاہ نے کہا کہ ایسے جمہوریت اور امن پسند انسان دوست کا قتل قابل مذمت ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے لطیف آفریدی کے قتل کی شدید مذمت کی اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔

وفاقی وزیر ماحولیات شیری رحمان نے کہا کہ لطیف آفریدی کی مغفرت اور بلند درجات کے لیے دعاگو ہیں۔

قومی خبریں سے مزید