• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں چند گھنٹوں میں پانی کی فراہمی بحال ہو جائیگی: واٹر بورڈ

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کے طویل بریک ڈاؤں کے باعث پانی کی قلت بھی پیدا ہو گئی، تاہم واٹر بورڈ کے مطابق چند گھنٹوں میں شہر کو پانی کی فراہمی بحال ہو جائے گی۔

کراچی واٹر بورڈ کے ترجمان کا کہنا ہےکہ دھابیجی پمپنگ اسٹیشن سمیت دیگر پمپنگ اسٹیشنوں پر آج صبح 5 بج کر 15 منٹ پر بجلی بحال ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ 4 سے 5 گھنٹوں بعد پانی کی فراہمی معمول کے مطابق آنا شروع ہو جائے گی۔

واٹر بورڈ کے ترجمان نے مزید کہا ہے کہ بریک ڈاؤن سے پھٹنے والی 72 انچ قطر کی 5 نمبر لائن کی مرمت کا کام مکمل ہو گیا ہے۔

ترجمان واٹر بورڈ کا یہ بھی کہنا ہے کہ بجلی کی بندش کے باعث کراچی کو 640 ایم جی ڈی پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

دوسری جانب وزارتِ توانائی نے ملک کے تمام گرڈ اسٹیشنوں پر بجلی بحال کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

کراچی میں ملیر، ماڈل کالونی، رفاعِ عام، الفلاح سوسائٹی میں بجلی کی فراہمی اب بھی معطل ہے، گلستانِ جوہر بلاک 8 اور 19، گارڈن، کشمیر کالونی، اختر کالونی، یاسین آباد اور لانڈھی خرم آباد میں بھی بجلی بند ہے۔

اس کے علاوہ محمود آباد، ڈیفنس ویو، منظور کالونی اور لیاقت آباد سی ون ایریا میں 24 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہیں ہوئی ہے۔

قومی خبریں سے مزید