وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت، سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ عطا مری نے آج آرٹس کاؤنسل کراچی میں خواجہ سرا کمیونٹی کو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینظیر کفالت میں شامل کرنے کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے تین رجسٹرڈ مستحق خواجہ سراؤں کو سہہ ماہی 7000 روپے فی کس دیے۔
تقریب سے بیرسٹر مرتضٰی وہاب، پارلیمانی سیکریٹری ایم این اے نوید عامر جیوا، سیکریٹری بی آئی ایس پی یوسف خان، سیکریٹری پاس غفران میمن، شفاعت علی، خواجہ سرا کمیونٹی کے رہنماء بندیہ رانا، ڈاکٹر مہرب، ڈاکٹر سارا گل، ابھیشیے اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔
وفاقی وزیر اور چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے ’بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے ٹرانس جینڈر کمیونٹی کو با اختیار بنانا‘ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے کہا کہ آج خواجہ سراؤں کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بینظیر کفالت پروگرام کا باقاعدہ اعلان کیا گیا ہے اب خواجہ سراؤں کی بھی بینظیر کفالت پروگرام سے معاشی معاونت کی جائی گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ نادرا کے کارڈز بنوا کر خواجہ سرا بی آئی ایس پی میں رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں رجسٹرڈ خواجہ سراؤں کو 7 ہزار روپے سہہ ماہی ملیں گے خواجہ سرا کمیونٹی کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم آپ کے ساتھ تھے ہیں اور رہیں گے کیونکہ آپ بھی پاکستانی ہیں، انسان ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اکٹھا ترقی کرے گا، پاکستان کو ترقی کی منازل تک پہنچانا ہے تو مل کر کام کرنا ہے، خواجہ سرا بھی پاکستان کی ترقی میں شامل رہیں گے، پاکستان میں جو تکلیفیں خواجہ سراؤں کو ملتی ہیں سب آگاہ ہیں، ہماری کوشش ہے ان کی تکالیف کم کریں، معاشرے میں ایسی کمیونٹیز جو پریشانیوں کا مقابلہ کر رہی ہیں ان کی بھر پور مدد کریں گے۔
تقریب سے بیرسٹر مرتضٰی وہاب، خواجہ سرا کمیونٹی کے رہنماؤں ڈاکٹر سارا گل، بندیہ رانا، میرب و دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے خواجہ سرا کمیونٹی کو بینظیر کفالت میں شامل کرنے کے اعلان کو سراہا اور وفاقی وزیر شازیہ عطا مری کا شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں وفاقی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کوشش کریگی کہ آئی ایم ایف معاہدے کا اثر غریب عوام پر نہ پڑے اور کوئی بھی اس حق میں نہیں کہ ہمیں قرض لینے پڑیں۔ وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کفایت شعاری کو اپنانے کے حوالے سے ایک کمیٹی بنائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت کے فیصلوں کے نتائج آج بھگت رہے ہیں اور آئی ایم ایف سے مذاکرات میں ملکی ترجیحات دیکھی جائیں گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے صدر آصف علی زرداری سے متعلق الزامات کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور عمران خان ہمیشہ غیر ذمہ دارانہ بیان دیتے ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی اس مدے پر عمران خان کے خلاف عدالت سے رجوع کرے گی۔
شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان کے الزامات تشویش ناک ہیں، انکی حکومت میں دہشتگردوں کےلیے جیلیں توڑی گئیں، ان کے صدر آصف علی زرداری کیخلاف الزامات پر عدالت جائیں گے۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور ان کے خاندان کو خطرات ہیں، عمران خان دہشت گردوں کے سہولت کار رہے ہیں، پیپلز پارٹی کا ماضی میں بھی سیاسی استحصال کیا گیا۔ عمران خان پہلے بھی دم دبا کر بھاگے تھے۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا کہ گزشتہ 4 سال کے دوران انتہائی غلط فیصلے کیے گئے، جس کے نتائج آج ہم بھگت رہے ہیں۔