نریندر مودی کے خلاف دستاویزی فلم دکھانے پر بھارت میں برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کے دفاتر پر حکومت کی جانب سے دوسرے روز بھی کریک ڈاؤن کیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ نے دوسرے روز بھی بی بی سی کے دفاتر کی تلاشی لی۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا بتانا ہے کہ ممبئی اور دلی میں موجود بی بی سی کے بیوروز کی تلاشی لی گئی ہے۔
گزشتہ روز چھاپا مار کر صحافیوں کے فونز، لیپ ٹاپس اور دستاویزات قبضے میں لیے گئے تھے۔
واضح رہے کہ بی بی سی نے کچھ ہفتوں قبل گجرات فسادات میں مودی کے کردار پر دستاویزی فلم دکھائی تھی۔
بی بی سی کی اس دستاویزی فلم میں 2002 کے دوران ریاست گجرات میں جاری فرقہ وارانہ فسادات میں اس وقت کے وزیر نریندر مودی کے کردار کو اجاگر کیا گیا ہے جس میں ایک ہزار سے زائد اقلیتی مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا تھا۔