پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور کابینہ ارکان پر آرٹیکل 6 کی کارروائی ہوسکتی ہے۔
ایک بیان میں فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کو فنڈز جاری نہ کرنے پر ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور کابینہ ارکان الیکشن کمیشن کو پنجاب میں انتخابات کےلیےفنڈز جاری نہ کرکے توہین عدالت کے مرتکب ہوچکے ہیں۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ معاملہ پارلیمان بھیج کر آئین کی سالگرہ پر آئین کو دفن کیا، آج حکومت نے سپریم کورٹ کو بطور ادارہ ختم کرنے کی کوشش کی۔
ان کا کہنا تھاکہ حکومت نے سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود یہ معاملہ پارلیمنٹ کو بھیج کر آئین کی 50ویں سالگرہ پر آئین کو دفن کیا ہے۔
پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ پارلیمان تب طاقتور ہوتی ہے جب عوام اس کے پیچھے ہوں، لوٹوں کی ووٹوں سے قانون بنانا کوئی اہمیت نہیں رکھتا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کی طاقت سپریم کورٹ کے پیچھے ہے، یہ بل صرف ردی کی ٹوکری میں جائیگا ہم اس قانون کو مسترد کرتے ہیں۔