چینی لڑاکا طیارے نے فضا میں جارحانہ اقدام کر کے امریکا کے طیارے کو مشکل میں ڈال دیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق دونوں طیاروں کے آمنے سامنے آنے کے بعد امریکا نے چینی فوجی طیاروں کے حالیہ رجحان کو خطرناک قرار دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ ہفتے ایک چینی لڑاکا طیارے نے بین الاقوامی فضائی حدود میں بحیرہ جنوبی چین کے اوپر امریکی فوجی طیارے کے قریب غیر ضروری طور پر جارحانہ رویہ اپنایا۔
امریکی فوج کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت کام جاری رکھیں گے۔
اس حوالے سے امریکا کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چینی لڑاکا طیارہ امریکی طیارے کے سامنے سے گزرتا ہے اور اسے مجبور کردیتا ہے کہ وہ طیارے کی رفتار کے باعث پیدا ہونے والی ہوا سے گزرے جس کے باعث امریکی جہاز کا کاک پٹ ہلنے لگتا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق فضا میں جو امریکی فوجی طیارہ موجود تھا وہ عام طور پر نگرانی یا جاسوسی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔