امریکا کے چڑیا گھر میں قید 8 سالہ نر گوریلا نے صحت مند بچے کو جنم دے کر چڑیا گھر کی انتظامیہ کو چونکا دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سلی، ایک آٹھ سالہ گوریلا جسے گزشتہ چار برسوں سے نر سمجھا جاتا رہا وہ مادہ نکلا۔
گزشتہ روز، جمعرات کو نر گوریلا سلی کو اپنے پنجرے میں نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کرتے ہوئے پایا گیا جسے دیکھ کر چڑیا گھر کی انتظامیہ چونک اٹھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ حیران کُن واقعہ اوہائیو میں واقع ’کولمبس زو اینڈ ایکوریم‘ میں پیش آیا ہے۔
اس دلچسپ واقعے سے متعلق چڑیا گھر، ’کولمبس زو اینڈ ایکوریم‘ کے تصدیق شدہ پیج کی جانب سے فیس بُک پر ایک پوسٹ شیئر کی گئی ہے۔
اس پوسٹ میں گوریلا کی دیکھ بھال پر معمور عملے کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ نر مادہ کے ہاں بچے کی پیدائش غیر متوقع تھی، پھر بھی یہ واقعہ دیکھ بھال کرنے والی ٹیم کے لیے دلچسپ اور ایک طرف انتہائی فکر کا باعث بھی بنا ہے۔
گوریلا کی دیکھ بھال پر معمور ٹیم کا کہنا ہے کہ گوریلا کی متعدد نسلیں پائی جاتی ہیں جن میں سے کچھ میں تاحال کم سن گوریلا کی جنس جاننے میں مشکل کا سامنا ہے، 8 سالہ سلی کے ہاں بچے کی پیدائش نے یہ واضح کیا ہے کہ کم سِن گوریلا کی جنس سے متعلق حتمی فیصلہ دے دینا صحیح نہیں۔
دوسری جانب چڑیا گھر کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گوریلا شاذ و نادر ہی حمل کی ظاہری علامات ظاہر کرتے ہیں اور سلی کا معاملہ بھی کچھ ایسا ہی تھا۔
چڑیا گھر والوں نے وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ چھوٹے گوریلوں کی جنس بتانا مشکل ہے، تقریباً آٹھ سال تک نر اور مادہ تقریباً ایک ہی حجم کے ہوتے ہیں اور ان کی جنس نمایاں نہیں ہوتی۔