امریکا کی ریاست اوریگن سے تعلق رکھنے والی ایک ٹک ٹاک صارف کالینا میری نے اپنی شادی کے موقع پر ہونے والے ایک انتہائی ناخوش گوار تجربے کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا ہے۔
کالینا میری نے ٹک ٹاک پر اپنی شادی کی ایک ویڈیو شیئر کی جو چند لمحات میں ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی۔
اس وائرل ویڈیو میں ٹک ٹاکر کو اپنے شوہر شین اور بیٹے کے ہمراہ ایک ایسے بڑے شاندار شادی ہال میں انٹری دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو تقریباً خالی ہے۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ہے کہ یہ ہماری اپنی شادی کی تقریب میں انٹری کی ویڈیو ہے جس میں صرف 5 مہمانوں نے شرکت کی۔
ٹک ٹاکر نے لکھا ہے کہ میرا خواب تھا کہ جب میری شادی ہال میں انٹری ہو تو لوگوں کا ایک ہجوم ہمارا خوشی سے استقبال کرے لیکن اس کے برعکس میری شادی کی تقریب میں صرف 5 لوگ تھے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں لکھا ہے کہ یہ ویسی شادی کی تقریب نہیں تھی جس کا میں نے تصور کیا تھا۔
کالینا اور شین پچھلے 9 سال سے ساتھ ہیں اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔
اس جوڑی نے ایک شاندار تقریب میں اپنے دوستوں اور رشتے داروں کی موجودگی میں شادی کرنے کا خواب دیکھا تھا۔
کالینا اور شین نے اپنی شادی میں 75 افراد کو ڈیجیٹل دعوت نامے بھیجے تھے اور 25 افراد کو خصوصی طور پر میل بھیجے تھے لیکن شادی کی تقریب میں سے صرف 5 نے ہی شرکت کی۔
ٹک ٹاکر کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین ان سے ہمدردی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔