• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بورے والا: بیوی، بچوں پر تشدد کا ملزم پولیس حراست میں ہلاک

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

بورے والا میں بیوی اور بچوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنانے والا آئس کے نشے کا عادی ملزم قاضی احمد پولیس کی حراست میں مبینہ طور پر ہلاک ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق ملزم قاضی احمد نے اپنی بیوی بچوں کو 3 ماہ سے یرغمال بنا رکھا تھا جس کے دوران انہیں شدید تشدد کا نشانہ بھی بنایا تھا۔

پولیس نے 4 روز قبل 15 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد بیوی اور بچوں کو بازیاب کراتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا تھا۔

—جنگ فوٹو
—جنگ فوٹو

پولیس کے ترجمان کے مطابق گزشتہ شب ملزم کو اس کے گھر ایم بلاک سے خنجر اور پستول کی برآمدگی کے بعد واپس لے جایا جا رہا تھا کہ اس نے پولیس کانسٹیبل سے سرکاری گن چھیننے کی کوشش کی جس کے دوران کشمکش میں گولی چل جانے سے وہ شدید زخمی ہو گیا۔

زخمی ملزم کو فوری طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز اسپتال لے جایا گیا لیکن وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے راستے میں ہی چل بسا۔

واضح رہے کہ ملزم قاضی احمد اپنی بیوی شاہین، 6 سالہ بیٹے علی، 13 سالہ بیٹی ایمن فاطمہ، 10 سالہ بیٹی عدن فاطمہ اور 8 سالہ بیٹی فاطمہ کو بدترین تشدد کا نشانہ بناتا رہا تھا جس کے نتیجے میں اس کی 13 سالہ بیٹی ایمن فاطمہ کی آنکھیں ضائع ہو گئی تھیں۔

ملزم قاضی احمد سے اس کے بیوی بچوں کو بحفاظت بازیاب کرانے کے آپریشن کی نگرانی ڈی پی او عیسیٰ خان سکھیرا نے خود کی تھی۔

نگراں وزیرِ اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متاثرہ ماں اور بیٹی کے فوری علاج کے لیے محکمۂ صحت پنجاب کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے تھے اور میؤ اسپتال لاہور جا کر ان کی خود عیادت بھی کی تھی۔

قومی خبریں سے مزید