فاقوں سے تنگ شہری نے 15 پر کال کر کے مدد مانگ لی، پولیس نے مزدور شہری کے گھر راشن پہنچا کر بھوک سے نڈھال معصوم بچوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیر دی۔
پنجاب کے شہر لیہ میں ایک شہری، شہیر اور اس کا خاندان فاقہ کشی سے تنگ تھا، شہری نے انتہائی قدم اٹھانے سے گریز کرتے ہوئے پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کر کے مدد مانگ لی جس پر ڈی پی او راشن لے کر شہری کے گھر پہنچ گئے۔
ڈی پی او لیہ نے غریب شہری کی مدد کر کے ناصرف ایک جان بچائی بلکہ بھوکوں کو کھانا کھلا کر اعلیٰ مثال بھی قائم کر دی۔
پنجاب پولیس کی جانب سے اپنے آفیشل ایکس اکاؤنٹ پر اس واقعے کی ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لیہ کے شہری شہیر نے 15 پولیس کو کال کر کے پولیس کو بتایا کہ اس کے بچے کئی دنوں سے بھوکے ہیں، گھر میں کھانے کو کچھ بھی نہیں اور میں زندگی سے تنگ آچکا ہوں۔
ڈی پی او لیہ کے مطابق شہری کی کال پر پولیس نے اسے تسلی دی اور راشن لے کر اس کے گھر پہنچ گئی۔
راشن دیکھ کر شہری کے بچوں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
ڈی پی او لیہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ یہ ہمارا دینی فریضہ ہے کہ ہم اپنے آس پاس اور دیگر مسلمانوں کا خیال رکھیں۔
اُن کا مزید کہنا ہے کہ صاحب حیثیت لوگوں کو چاہیے کہ اپنے اردگرد نظر رکھیں تا کہ کوئی بھی بھوک کی وجہ سے انتہائی قدم اٹھانے پر مجبور نہ ہو۔