• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانی پور: کمسن ملازمہ کی ہلاکت، اسد شاہ سمیت 3 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع

سندھ کے ضلع خیر پور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے رانی پور میں کمسن ملازمہ فاطمہ کی ہلاکت کے کیس کے ملزمان اسد شاہ، امتیاز اور اعجاز کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 7 روز کی توسیع کر دی۔

کمسن ملازمہ فاطمہ کی ہلاکت کے کیس کے مرکزی ملزم اسد شاہ، دیگر ملزمان کمپاؤنڈر امتیاز اور ڈرائیور اعجاز کو انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

ملزمان کو ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا۔

خیر پور پولیس نے استدعا کی کہ تفتیش مکمل نہیں ہوئی ہے، اس لیے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے۔

واضح رہے کہ ملزمان کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ آج مکمل ہونے پر پولیس نے انہیں عدالت میں پیش کیا تھا۔

خیر پور پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ مقدمے میں نامزد ملزمہ حنا شاہ اور والد فیاض شاہ مفرور ہیں۔

واضح رہے کہ 14 اگست کو رانی پور کی حویلی میں 10 سالہ ملازمہ بچی فاطمہ کی مبینہ تشدد سے ہلاکت ہوئی تھی۔

’جیو نیوز‘ پر معاملہ سامنے آنے کے بعد مرکزی ملزم اسد شاہ کو گرفتار کر لیا گیا تھا، بچی کی موت سے قبل اس کی تڑپنے کی ویڈیو بھی سامنے آئی تھی۔

بچی فاطمہ کی ماں نے ابتدائی بیان دیا تھا کہ بچی کی موت طبعی ہے۔

پولیس نے اسی بیان پر اکتفا کر کے نہ بچی کا میڈیکل کروایا، نہ پوسٹ مارٹم کروایا، الٹا بچی کو تدفین کے لیے والدین کے حوالے کر دیا تھا۔

بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات کی ویڈیوز سامنے آئیں تو پولیس کے اعلیٰ حکام نے نوٹس لیا اور اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) رانی پور کو لاپروائی پر معطل کر دیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید