امریکا کے صدر جوبائیڈن کیمروں کے سامنے اپنی عجیب و غریب حرکت کی وجہ سے کافی مشہور ہیں، اب انہوں نے ایک اور نئی غلطی کردی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر نے برازیل کے صدر کے ساتھ پریس کانفرنس کے دوران ملاقات میں عجیب و غریب ردعمل دکھایا۔
نیویارک میں برازیل کے صدر لولا ڈی سلوا کے ساتھ پریس کانفرنس کے بعد امریکی صدر جوبائیڈن ان سے مصافحہ کرنا بھول گئے، اس دوران وہ وہاں لگے برازیل کے جھنڈے سے بھی ٹکرا گئے۔
رپورٹس کے مطابق جب برازیلی صدر کانفرنس ختم ہونے کے بعد مصافحہ کرنے کے لیے اپنے امریکی ہم منصب کی طرف بڑھے تو جوبائیڈن نے اس سارے معاملے کو نظر انداز کرتے ہوئے مجمعے کی طرف ہاتھ ہلایا اور پھر وہاں سے چلے گئے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جوبائیڈن کے ردعمل کے بعد برازیلی صدر نے بعد میں انتہائی شرمندگی محسوس کی اور وہ جلدی سے وہاں سے چلے گئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جوبائیڈن اور برازیلی ہم منصب کی یہ ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں کے موقع پر ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ امریکی صدر ایسے عجیب و غریب ردعمل دے چکے ہیں، ان کے ناقدین ان کے بڑھاپے کو اس کی وجہ قرار دیتے ہیں۔