• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق امور کو حتمی شکل دے دی گئی، شہباز شریف

سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق امور کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر دوبارہ شروع کرنے کیلئے میاں نواز شریف پاکستان واپس جا رہے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا سفر جہاں سے رکا ہے اب وہاں سے ہی شروع ہوگا، آج کی میٹنگ میں نواز شریف کی پاکستان واپسی سے متعلق امور کو حتمی شکل دی گئی۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2018 میں جو کچھ ہوا، قوم کے ساتھ سنگین مذاق کیا گیا، 2018 میں جھرلو الیکشن ہوئے نواز شریف کا مینڈیٹ چھینا گیا، یہ نواز شریف کو اقتدار سے محروم نہیں کیا گیا کروڑوں عوام کو خوشحالی سے محروم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قوم کو گالی گلوچ کے علاوہ اور کچھ نہیں دیا، 4 سال جو تباہی ہوئی راتوں رات یہ  ٹھیک نہیں ہو سکتی۔

شہباز شریف نے کہا کہ قوی امید ہے کہ لاہور میں نواز شریف کا فقیدالمثال استقبال ہوگا، مینار پاکستان پر جلسے میں نواز شریف آیندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کریں گے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ 2013 سے2017 تک نواز شریف کا دور دیکھ لیں، بجلی کی  لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی، نوازشریف کے دور میں سی پیک میں  30 ارب ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری ہوئی، مہنگائی 3.5 فیصد کی کم سطح پر تھی، کاروبار اور سرمایہ کاری عروج پر تھی،  2018 میں ملک کے ترقی کے سفر کو ختم کیا گیا۔

 شہباز شریف نے کہا کہ آج ہماری قانونی اور انتظامی میٹنگ تھی جس کے لیے یہاں آئے ہیں، نوازشریف نے قوم سے کبھی غلط وعدے نہیں کیے، انہوں نے 2013 میں کہا تھا کہ 5 سال میں بجلی لوڈ شیڈنگ ختم کروں گا، وہ میں نے کہا تھا کہ چھ ماہ میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید