• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہنڈی حوالہ، کرنسی اسمگلنگ کیخلاف کارروائیاں، 3 ارب 86 کروڑ برآمد، 557 ملزمان گرفتار

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ہنڈی حوالہ اور کرنسی اسمگلنگ میں رواں سال 382 مقدمات درج کرکے 557 ملزمان گرفتار کیے۔

ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) ایف آئی اے محسن حسن بٹ کی زیر صدارت ہیڈکوارٹر میں اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرلز، زونل ڈائریکٹرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں ہنڈی حوالہ، غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور اسمگلنگ سے متعلق جاری ملک گیر کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 390 کارروائیاں کی گئیں، 382 مقدمات درج کرکے 557 ملزمان گرفتار کیے گئے۔

اجلاس کے شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے، چھاپوں میں 3 ارب 86 کروڑ روپے کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ برآمد کرنسی میں 6 لاکھ 50 ہزار سے زائد امریکی ڈالر اور 30 کروڑ 90 لاکھ روپے کی دیگر غیر ملکی کرنسی اور 3 ارب 35 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے شامل ہیں۔

ایف آئی اے نے ملک گیر چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازوں، مارکیٹوں اور دکانوں کو سیل کیا۔

ڈی جی ایف آئی اے نے ہدایت کی کہ ہنڈی حوالہ میں ملوث عناصر کے خلاف چھاپہ مار کارروائیاں مزید تیز کی جائیں، زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

انہوں نے  غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی کارروائی کی ہدایت کی اور کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

قومی خبریں سے مزید