• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے دنیا کے مہنگے ترین اسرائیلی ڈرونز استعمال کیے: اعظم نذیر تارڑ

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ—فائل فوٹو
وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ—فائل فوٹو

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت نے دنیا کے مہنگے ترین اسرائیلی ڈرونز استعمال کیے، بھارت کو جواب میں کمی نہیں ہو گی۔

قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہاکہ قومی یکجہتی کی بات ہو تو سیاسی ہم آہنگی کی بات بھی ہونی چاہیے، سیاست ایک دوسرے کو گھسیٹنے کا نام نہیں، سیاست دلیل سے ایک دوسرے کو قائل کرنے کا نام ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ہمارے خطے میں سیاست کو فسطائیت کے قریب لانے کی کوشش کی گئی، جنگ ہمیشہ جوش، جذبے اور حکمت سے لڑی جاتی ہے، دشمن کو جو 3 روز قبل جواب دیاگیا اب اس سےبڑھ کر جواب ہو گا۔

وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت نے ہمارے معصوم شہریوں کو شہید کیا، ہمارےجوانوں نے معصوم شہریوں کا بدلہ بھارتی فوجیوں کو ہلاک کر کے لیا، پاکستان نے دنیا میں اپنا مقدمہ بڑے اچھے انداز سے پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پہلگام کے بعد اقومِ عالم کے سامنے پاکستان نے اپنا مقدمہ رکھا، وزیرِاعظم نے دنیا کو باور کرایا کہ ہم دہشت گردی کا شکار ملک ہیں، دہشت گردی کے تانے بانے ہم سے نہیں ملتے۔

اعظم نذیر تارڑ نے یہ بھی کہا کہ گجرات کا قصائی کہتا ہے کہ دہشت گردی سرحد پار سےہوتی ہے، بھارت کے ٹکڑے اس قصائی کی وجہ سے ہوں گے، پاکستان کسی ملک کے خلاف جارحانہ رویہ رکھنے کا ارادہ نہیں رکھتا، مگر کسی نے ہمیں چھیڑا تو گھس کر ماریں گے۔

قومی خبریں سے مزید