لاہورہائی کورٹ کی جانب سے اسموگ کیس میں گھروں میں گاڑیاں دھونے اور گرین بیلٹس میں پارکنگ پر 5 ہزار روپے جرمانے کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ نے شہری ہارون فاروق کی درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا ہے۔
لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے تحریری حکم نامے میں کیا گیا ہے کہ بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے لیے جرمانہ 2000 روپے جبکہ لاہور میں پانی کا پائپ لگا کر گھروں میں گاڑیاں دھونے والوں پر 5 ہزار روپے جرمانہ عائد ہو گا۔
تحریری حکم نامے میں سی ٹی او کی درخواست پر بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں پر جرمانہ 2000 عائد کیا گیا ہے جبکہ اس جرمانے کا حکم پورے پنجاب کے لیے ہو گا۔
تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ جو گرین بیلٹس کو پارکنگ کے لیے استعمال کرتے ہیں ان پر 5 ہزار روپے جرمانہ کیا جائے، پی ایچ اے ایسی گاڑیوں پر کلیمپس کے حصول کے لیے اقدامات کرے اور آلودگی پھیلانے والے بَھٹوں کو بند کیا جائے۔
عدالت کے تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ بَھٹوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے والے افسران کے خلاف فوجداری مقدمات درج کیے جائیں۔
عدالت نے تحریری حکم نامہ تمام ہاؤسنگ سوسائٹیز اور متعلقہ حکام تک پہنچانے کی بھی ہدایت کی ہے۔
عدالت نے خلاف ورزی کرنے کی اطلاع دینے کے لیے ڈولفن فورس کو موبلائز کرنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔