• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہرن کی اچانک انٹری، والد کی اہل خانہ کو محفوظ رکھنے کی کوشش، ویڈیو وائرل

—اسکرین گریب
—اسکرین گریب

ویک اینڈ عمومی طور پر اہلِ خانہ کا دن ہوتا  ہے، جب اکثریت ہفتے بھر کی تھکن بھلانے کی خاطر سیر و تفریح کرتے اور اہلِ خانہ کے ہمراہ باہر کھانے سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔

ایسے میں اگر کوئی حادثہ پیش آجائے تو رعشہ طاری ہوجاتا ہے لیکن ایسے موقع پر بھی ماں باپ کو اپنے آپ سے زیادہ اولاد کی فکر رہتی ہے، ایسا ہی کچھ امریکی ریستوران میں بیٹھے صارفین کے ساتھ اُس وقت ہوا جب ایک ہرن اچانک شیشے کی دیوار توڑ کر اندر آ گیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ریاست ٹینیسی کے شہر مارٹین میں صارفین پُر سکون ماحول میں ایک ریستوران میں بیٹھے کھانے سے لطف اندوز ہو رہے ہیں کہ اچانک شیشے کی دیوار توڑ کر ایک ہرن اندر داخل ہو جاتا ہے۔


وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ہرن کے اچانک ریستوران میں آتے ہی والد خود ہرن کے آگے آ جاتے ہیں جبکہ والدہ فوراً ایک بچے کو شیشے کی کرچیوں سے محفوظ رکھنے کی کوشش کرتی رہیں۔

حیران پریشان ہرن ریستوران کا حال بگاڑنے کے بعد جیسے ہی باہر کا راستہ ملتا ہے باہر نکل جاتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حادثے میں ایک نو عمر لڑکی زخمی ہوئی جسے طبی امداد کے لیے فوری طور پر مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

میڈیا کے ذرائع کے مطابق ٹینیسی میں یہ موسم ہرن کے شکار کا ہے اور ممکنہ طور پر مذکورہ ہرن کسی شکاری سے بچنے کی خاطر ریستوران میں داخل ہوا تھا۔