• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت نے جارحیت کا راستہ اپنایا، پاکستان اپنا دفاع کرے گا: ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان دفتر خارجہ---فائل فوٹو
ترجمان دفتر خارجہ---فائل فوٹو

ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے جنگی جنون کی شدید مذمت کرتا ہے، بھارت نے امن کے بجائے جارحیت کا راستہ اختیار کیا، پاکستان اپنے دفاع میں اقدامات کرے گا۔

اسلام آباد میں نیوز بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا کہ پہلگام واقعے کی آڑ میں بھارت نے پاکستان کے خلاف بےبنیاد پروپیگنڈا کیا، بھارت کے اقدام نے دو جوہری طاقتوں کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے، پاکستان نے عالمی قوانین اور یو این کے منشور کی خلاف ورزیوں کے باوجود ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا، عالمی برادری غیر ذمے دارانہ طرز عمل پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے۔

ان کا کہنا ہے کہ بھارت کا پاکستان میں دہشت گردی کے ڈھانچے کو نشانہ بنانے کا دعویٰ سراسر جھوٹ پر مبنی ہے، کیا کوئی ملک سوشل میڈیا کی بنیاد پر دوسرے ملک پر چڑھائی کرسکتا ہے؟ ایک بار پھر پہلگام واقعے کے پاکستان پر الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

شفقت علی خان نے کہا کہ بھارتی سیکریٹری خارجہ نے گزشتہ روز بریفنگ میں پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگائے، پاکستان نے نیک نیتی کے ساتھ پہلگام واقعے کی غیر جانب دارانہ عالمی تحقیقات کی پیشکش کی، بھارت پہلگام واقعے سے متعلق کوئی بھی ثبوت دینے میں ناکام رہا، بھارت پہلے اپنا ریکارڈ درست کرے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت دہشت گردی کا شکار ہونے اور مظلومیت کا ڈرامہ کر رہا ہے، وہ خود دہشت گردی میں ملوث ہے، سندھ طاس معاہدہ دوطرفہ نہیں عالمی معاہدہ ہے، نیلم جہلم منصوبے کو بھارتی حملے میں نقصان پہنچا۔

قومی خبریں سے مزید