• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کثیر جہتی اور دو طرفہ قرض دہندگان سے 3.8 ارب ڈالرز مل گئے

اسلام آباد (مہتاب حیدر) 3 ارب ڈالرز کے آئی ایم ایف پروگرام پر دستخط کرنے کے باوجود کم ہوتے سرکاری زرمبادلہ کے ذخائر کے درمیان اسلام آباد نے رواں مالی سال کے پہلے چار مہینوں (جولائی سے اکتوبر) کی مدت میں کثیر جہتی اور دو طرفہ قرض دہندگان سے 3.8 ارب ڈالرز حاصل کرلئے ہیں۔ 

اقتصادی امور ڈویژن (ای اے ڈی) کے سرکاری اعداد و شمار میں 3 ارب ڈالرز کے اسٹینڈ بائی ارینجمنٹ (ایس بی اے) پروگرام کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کیے گئے 1.2 ارب ڈالرز کو شامل نہیں کیا گیا۔ 

اس طرح قرضوں کی شکل میں ڈالر کی کل آمد 5 ارب ڈالرز ہے۔ اب آئی ایم ایف بھی مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر کی وجہ سے نیچے کی جانب نظر ثانی شدہ پروجیکشن کی جانب مائل نظر آتا ہے جیساکہ یہ جاری مالی سال کے اختتام تک 12.9 ارب ڈالرز سے تقریباً 11.6 سے 11.9 ارب ڈالرز تک کم ہو سکتا ہے۔ حکومت نے رواں مالی سال کے لئے 17.619 ارب ڈالرز کے کل غیر ملکی قرضوں کا تخمینہ لگایا ہے۔

 سرکاری تخمینہ میں حکومت نے رواں مالی سال کے لیے آئی ایم ایف سے 2.4 ارب ڈالرز شامل کیے تھے۔ اگرچہ پاکستان نے 3 ارب ڈالرز کے ایس بی اے پروگرام پر دستخط کیے تھے جس میں سے اب تک 1.2 ارب ڈالرز گزشتہ اگست 2023 میں فنڈ کی جانب سے دئیے گئے تھے۔ اب فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ کی منظوری کے بعد آئی ایم ایف کی 700 ملین ڈالرز کی ایک اور قسط کی ادائیگی متوقع ہے۔

 اس منظر نامے میں مجموعی سرکاری ذخائر، خالص بین الاقوامی ذخائر (این آئی آر)، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ اور غیر ملکی قرضوں کی شکل میں ڈالر کی آمد کے حوالے سے تمام تخمینوں کو رواں مالی سال کے لیے تبدیل کر دیا گیا ہے۔

 پاکستان کو ملنے والے غیر ملکی قرضوں کی تقسیم سے ظاہر ہوتا ہے کہ اکتوبر 2023 کے دوران پاکستان کو 318.1 ملین ڈالر موصول ہوئے۔ اسلام آباد نے رواں مالی سال کے پہلے تین ماہ (جولائی تا ستمبر) میں 3.52 ارب ڈالرز حاصل کیے۔ پاکستان نے 508.34 ملین ڈالرز کا ضمانتی قرضہ حاصل کیا ۔ 

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے قرضوں کی فراہمی 87.5 ملین ڈالر رہی۔

 ایشیائی انفرا اسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک سے قرض کی کل رقم 27.86 ملین ڈالرز رہی۔ یورپی یونین اور ای آئی یو نے رواں مالی سال میں اب تک قرض کی کوئی رقم ادا نہیں کی۔

اہم خبریں سے مزید