صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وطن کے لیے خدمات اور جان کا نذرانہ دینے والے شہداء کے لواحقین سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے شہداء کی قربانی پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا۔
صدرِ مملکت نے 20 نومبر کو شہید ہونے والے سپاہی شاہزیب، 12 نومبر کو میر علی میں شہید ہونے والے سپاہی محمد سہیل اور 3 نومبر کو پسنی میں شہید ہونے والے لانس حوالدار باسط عمران کے ورثاء سے ٹیلی فون پر بات کی۔
صدر عارف علوی نے شہداء اور ان کے خاندانوں کے جذبۂ ایثار پر انہیں سلام پیش کیا اور قوم کی جانب سے شہداء کے خاندانوں کا شکریہ ادا کیا۔
صدرِ مملکت نے شہداء کے لیے بلندیٔ درجات کی بھی دعا کی اور انہوں نے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی اور صبرِ جمیل کی دعا کی۔