• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی بینک کی پاکستان کیلئے 35 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری

—فائل فوٹو
—فائل فوٹو

عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 35 کروڑ ڈالرز قرض کی منظوری دے دی۔

ورلڈ بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے قرض کی منظوری رائز ٹو پروگرام کے تحت دی گئی ہے۔

کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ بینک ناجی بینہسین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ رائز ٹو پروگرام ٹیکس، توانائی، کاروباری وموسمیاتی اصلاحات کا پہلا مرحلہ مکمل کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رائز ٹو پروگرام محصولات بڑھانے کے لیے تیار کیا گیا ہے، یہ پروگرام اخراجات کا ہدف بہتر بنانے، مسابقت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بنایا گیا ہے، پروگرام سے پاکستان کے پاور سیکٹر کے بہتر انتظام میں بھی مدد ملےگی۔

اس حوالے سے عالمی بینک کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے اس قرض کی منظوری کا مقصد مالیاتی انتظام، پائیدار و جامع اقتصادی ترقی کے لیے مسابقت کو فروغ دینا ہے۔

ورلڈ بینک کے مطابق منصوبے کا مقصد مالی مینجمنٹ بہتر بنا کر پائیدار معاشی ترقی کا فروغ ہے، پاکستان کو فوری مالی اور ڈھانچہ جاتی اصلاحات کی ضرورت ہے۔

عالمی بینک کا کہنا ہے کہ اس قرض سے مالی پالیسی میں کوآرڈینیشن اور قرضوں میں شفافیت لائی جائے گی، پراپرٹی کے شعبے میں ٹیکسوں کو مضبوط بنانا پلان کا حصہ ہے۔

ورلڈ بینک نے کہا ہے کہ ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کی لاگت میں کمی اور ڈیجیٹل ادائیگی کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، امپورٹ ٹیرف میں کمی کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔

عالمی بینک کا یہ بھی کہنا ہے کہ پاکستان کے پاس انتخابات کے بعد دیرینہ اسٹرکچرل مسائل حل کرنے کا موقع ہے، یہ موقع گنوا دیا تو پاکستان کے دوبارہ معاشی مسائل میں گرنے کا خدشہ ہے۔

تجارتی خبریں سے مزید