وزیر اعظم شہباز شریف ایران کے سفارتخانے پہنچے جہاں انہوں نے صدر ابراہیم رئیسی کی طیارہ حادثے میں وفات پر ایرانی سفیر سے اظہار تعزیت کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ صدر ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ کی شہادت کی المناک خبر سے گہرا صدمہ ہوا ہے۔ غم کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں اور ایرانی عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ تمام تر ہمدردیاں اور دعائیں شہداء کے اہل خانہ اور ایرانی عوام کے ساتھ ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی شاندار عالم اور بصیرت رکھنے والے رہنما تھے۔ پاکستان نے ڈاکٹر رئیسی جیسا مخلص اور بھائیوں جیسا دوست کھودیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کی پاک ایران تعلقات اور علاقائی تعاون کی مضبوطی کےلیے خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔ گزشتہ ماہ صدر رئیسی کے دورہ پاکستان نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کیا۔
انہوں نے دعا کی اللّٰہ تعالیٰ مرحومین کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا کرے۔
اس موقع پر ایرانی سفیر کا کہنا تھا کہ اس مشکل وقت میں ہمدردی کےلیے ایران کی حکومت اور عوام کی جانب سے حکومت پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے مشکور ہوں۔
ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور پاکستانی قوم سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ صدر ڈاکٹر رئیسی بھی وزیرِاعظم شہباز شریف کو ایران کا دوست سمجھتے تھے۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم صدر رئیسی کےلیے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔ صدر ابراہیم رئیسی کے پاک ایران تعلقات کی مضبوطی کا ویژن جاری رکھا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایرانی سفارتخانے کی وزیٹر بک میں تعزیتی کلمات بھی درج کیے۔