امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ بڑی سیاسی جماعتوں کی قیادت اسرائیل کی مذمت پر تیار نہیں۔
کراچی میں غزہ مارچ سے خطاب میں حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ قوم پہنچان لے نواز شریف ، آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اسرائیل کی مذمت کرنے پر تیار نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل کو قبول نہیں کریں گے، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو مغرب کا ناجائز بچہ کہا تھا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے مزید کہا کہ جنوبی افریقہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کاش یہ قدم کسی مسلم ملک نے اٹھایا ہوتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ساؤتھ افریقا نے بین الاقوامی عدالت میں اسرائیل کے خلاف مقدمہ کیا ہے، ہم اس مقدمے میں ساوتھ افریقا کے ساتھ کھڑے ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ہاں یہ آوازیں اٹھتی ہیں کہ فلسطین مسئلےکا حل دو ریاستی حل ہے،ہم اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر کوئی بھی اسرائیل کی مخالفت نہیں کر رہا، ہم غزہ نہیں پہنچ سکتے لیکن ہم سڑکوں کو پر تو نکل سکتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ 70 فیصد وسائل اسلامی دنیا کے پاس ہیں، یہاں ہم دیکھ رہےہیں سب سیاست میں لگےہوئےہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہم غزہ کو نہیں بھولے ہم انتخابات کے دوران شہدا کو نہیں بھولے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اسرائیل کی ٹیکنالوجی کو حماس نے تباہ و برباد کردیا ہے، 7 اکتوبر کو حماس نے اسرائیل کو شکست دے دی ہے۔