جماعت اسلامی کی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو بلے کا نشان نہ دینے کے فیصلے تنقید سامنے آگئی۔
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے پی ٹی آئی کو بلے کا نشان نہ دیے جانے پر اظہار خیال کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا کہ انتخابی نشان چھیننا لیول پلیئنگ فیلڈ سے محروم کرنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیدواروں، تجویز اور تائید کنندگان کو اغوا کرنا اور کاغذات چھیننا الیکشن نہیں سلیکشن ہوگا، جس کا کوئی اعتبار نہیں ہوگا۔
حافظ نعیم الرحمان نے سوال اٹھایا کہ وصیت کے پرچے پر چلنے والی اور خاندان کی میراث پارٹیوں بلکہ پراپرٹیوں کے لیے کیا حکم ہے سرکار؟
اُن کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے انتخابی نشان سے متعلق فیصلہ لیول پلیئنگ فیلڈ کا جنازہ ہے ذرا دھوم سے نکلے۔