• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرفراز خان کے رن آؤٹ پر روہیت شرما آگ بگولہ، ویڈیو وائرل


انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوران ڈیبیو کرنے والے بھارتی کھلاڑی سرفراز خان کے رن آؤٹ پر کپتان روہیت شرما آگ بگولہ ہوگئے اور انکے ری ایکشن کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ 

راجکوٹ ٹیسٹ کے پہلے روز بھارت نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جہاں اسکے ابتدائی 3 کھلاڑی صرف 33 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ ایسے میں کپتان روہیت شرما نے رویندرا جڈیجا کے ہمراہ 204 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔ 

روہیت شرما 131 رنز بنا کر پویلین لوٹے تو ڈیبیو کرنے والے سرفراز خان نے جڈیجا کے ساتھ مل کر 77 رنز کی پارٹنرشپ بنائی جس میں سرفراز نے ہی سب سے زیادہ 62 رنز بنائے تھے۔ 

314 کے مجموعے پر جب رویندرا جڈیجا 99 پر بیٹنگ کر رہے تھے تو اس موقع پر انہوں نے سنگل لینے کےلیے شاٹ کھیلا اور بھاگنے کی کوشش کی لیکن فیلڈر کی پھرتی کو دیکھتے ہوئے انہوں نے اپنا فیصلہ واپس لے لیا۔ 

اسی دوران اپنا پہلا میچ کھیلنے والے سرفراز خان، جو نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود تھے، جڈیجا کو دیکھتے ہوئے کریز چھوڑ کر بھاگ نکلے لیکن جڈیجا کو واپس جاتا دیکھ کر انہوں نے بھی واپس کریز پر آنا چاہا لیکن مارک ووڈ کی اسٹمپ پر لگنے والی ڈائریکٹ تھرو نے انکی اننگز کا خاتمہ کردیا۔ 

اس تمام منظر کو دیکھتے ہوئے پویلین میں بیٹھے کپتان روہیت شرما آگ بگولہ ہوگئے اور غصہ میں اپنی کیپ بھی اتار کر زمین پر ماردی، یہ تمام منظر کیمرے کی آنکھ نے ریکارڈ کرلیا۔

بھارت نے راجکوٹ ٹیسٹ میں کھیل کے پہلے دن کے اختتام تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 326 رنز بنالیے، جہاں رویندرا جڈیجا 110 رنز جبکہ کلدیپ یادیو ایک رن بنا کر کریز پر موجود ہیں۔