کراچی میں مبینہ انتخابی دھاندلی کے خلاف احتجاج کے دوران جمعیت علما اسلام کے رہنما راشد سومرو زخمی ہوگئے ہیں۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا ہے کہ احتجاج کے دوران پارٹی رہنما راشد سومرو زخمی ہوئے ہیں، ان پر حملے کے ذمہ دار وزیر اعلیٰ اور آئی جی سندھ ہیں۔
جمعیت علما اسلام کا کہنا ہے کہ پریس کلب جانے سے روکنے پر کارکنان نے شارع فیصل نرسری پر دھرنا دے دیا۔
اس سے قبل کراچی میں نرسری کے مقام پر پولیس اور جمعیت علما اسلام کے مظاہرین آمنے سامنے آگئے تھے، جے یو آئی کارکنان نے کارساز کے مقام سے شارع فیصل کے لیے ٹریفک کھول دی تھی، کارکن کارساز پر سڑک کنارے بیٹھ گئے تھے۔
سندھ اسمبلی کے باہر آج سیاسی جماعتوں کے احتجاج کی کال کے بعد اسمبلی اور اطراف کے علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔
کراچی میں سندھ اسمبلی کے اطراف سیاسی جماعتوں کے ممکنہ احتجاج کے پیش نظر اسمبلی کی طرف آنے والی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئیں۔
جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو سمیت جے یو آئی ف کے کارکنان کو پولیس نے کراچی ٹول پلازہ پر روک دیا تھا۔