• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحریک انصاف انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا اعلان، بیرسٹر گوہر چیئرمین، عمر ایوب سیکریٹری جنرل منتخب

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیف الیکشن کمشنر رؤف حسن نے انٹرا پارٹی الیکشن کے نتائج کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران رؤف حسن نے بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر گوہر چیئرمین اور عمر ایوب سیکریٹری جنرل منتخب ہوئے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس بار الیکشن کمیشن پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی انتخابات تسلیم کرے گا اور ہمیں انتخابی نشان واپس ملے گا۔

رؤف حسن نے مزید کہا کہ سنی اتحاد کونسل کے ساتھ یہ معاہدہ ہے کہ انتخابی نشان واپس ملنے پر پارلیمانی پارٹی دوبارہ پی ٹی آئی میں شامل ہوجائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کمیشن اور سپریم کورٹ نے دوبار ہمارے انتخابات کو مسترد کیا، الیکشن کمیشن کی گزارشات کی بنیاد پر انٹراپارٹی انتخابات کروائے۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر کا کہنا تھا کہ 4 صوبوں اور اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے انٹراپارٹی انتخابات ہوئے۔ چیئرمین کےلیے 4 پینل سامنے آئے، 3 اسکروٹنی میں فائنل ہوئے۔

رؤف حسن نے مزید کہا کہ ایک نام مسترد کرنے کی وجہ امیدوار کا پی ٹی آئی کے خلاف الیکشن لڑنا تھا۔ پارٹی چیئرمین کےلیے 2 امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لیے۔

انہوں نے کہا کہ بیرسٹر گوہر خان بلامقابلہ چیئرمین تحریک انصاف منتخب ہو گئے، عمر ایوب بھی پارٹی کے بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوئے۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر نے یہ بھی کہا کہ یاسمین راشد پنجاب کی صدارت کےلیے امیدوار تھیں جبکہ خیبر پختونخوا میں بھی علی امین گنڈاپور کا واحد پینل سامنے آیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا اور یاسمین راشد پنجاب کی بلامقابلہ صدر منتخب ہوئیں۔

رؤف حسن نے کہا کہ سندھ میں دو پینل سامنے آئے تو اپیل کے دوران ایک پینل کے خرابیاں تھیں یوں، حلیم عادل شیخ صدر پی ٹی آئی سندھ بلامقابلہ منتخب ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 3 امیدواروں کے پینل سامنے آئے، منیر بلوچ کے مقابلہ میں داود شاہ کا پینل کامیاب ہوا ہے، یوں بلوچستان سے نوجوان قیادت سامنے آئی ہے۔

پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخابات کے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انٹراپارٹی الیکشن میں داؤد شاہ پی ٹی آئی بلوچستان کے صدر منتخب ہوئے، انہوں نے 445 ووٹ حاصل کیے۔

رؤف حسن نے کہا کہ انٹرا پارٹی الیکشن میں ڈاکٹر منیر بلوچ نے 435 اور امین جوگیزئی نے 57 ووٹ حاصل کیے۔

قومی خبریں سے مزید