آج صبح جدہ کراچی کے بعد مدینہ سے اسلام آباد کی پرواز میں بھی فنی خرابی پیدا ہوگئی، جسے عمان میں ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن کی مدینہ سے اسلام آباد کی پرواز پی کے 714 دو گھنٹے کی تاخیر سے مدینہ سے روانہ ہوئی۔
شیڈول کے مطابق پرواز نے دوپہر ایک بجے اسلام اباد ایئرپورٹ پہنچنا تھا کہ پاکستانی فضائی حدود میں بوئنگ 777 طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر طیارے کو قریب ترین عمان ایئرپورٹ پر اتارا گیا۔ طیارے میں سوار 322 مسافروں کو آف لوڈ کردیا گیا ہے۔ عمان ایئرپورٹ پر انجینئر نے طیارے کا معائنہ کیا۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کے انجینئرز شام 6 بجے عمان پہنچ رہے ہیں جو طیارے کی خرابی دور کریں گے۔
اس سے قبل آج صبح جدہ سے کراچی کےلیے روانہ ہونے والی قومی ایئرلائن پی آئی اے کی پرواز میں فنی خرابی کے باعث طیارہ نے جدہ میں واپس ٹیکنیکل لینڈنگ کی۔