ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں کل سے گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔
یہ بات چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران بتائی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بحیرۂ عرب میں سمندری ہوائیں دن میں نہیں چل رہی تھیں، کل سے سمندری ہوائیں بحال ہونے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ سمندری ہوائیں چلنے کے باعث کراچی میں درجۂ حرارت میں کمی متوقع ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کل سے درجۂ حرارت 32 سے 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں مغرب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 4 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے، جن میں نمی کا تناسب 61 فیصد ہے۔