بھارتی اداکار رنویر شوری کا کہنا ہے کہ میں معروف ہدایت کار مہیش بھٹ کی بہت عزت کرتا تھا لیکن انہوں نے مجھے بالی ووڈ انڈسٹری میں تنہا کرنے کی کوشش کی اور لوگوں پر دباؤ ڈالا کہ مجھے کاسٹ نہ کیا جائے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حال ہی میں اداکار رنویر شوری نے ہدایت کار مہیش بھٹ اور ان کی بیٹی اداکارہ پوجا بھٹ کے ساتھ ہونے والے جھگڑے کے بارے میں کھل کر گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ جب میں پوجا بھٹ کو ڈیٹ کر رہا تھا تو اس وقت میں مسٹر بھٹ کی بہت عزت کرتا تھا لیکن مجھے وقت کے ساتھ اندازہ ہوا کہ میری دی جانے والی عزت کا ناجائز فائدہ اُٹھایا جارہا ہے، میرے ساتھ دوغلا سلوک ہو رہا ہے۔
انہوں نے بالی ووڈ میں ہونے والی گروپنگ، گینگ اپ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ اداکار سشانت سنگھ راجپوت بھی اسی گینگ اپ کا نشانہ بنا تھا۔ اسے بھی موت سے قبل اسی طرح انڈسٹری میں تنہا کردیا گیا تھا جس طرح ماضی میں مجھے کیا گیا تھا۔
رنویر شوری نے مزید کہا کہ اگر انڈسٹری میں کسی سے گروہ بندی کے بارے میں بات کریں تو وہ اسے آف ریکارڈ تو قبول کریں گے لیکن کیمرے کےسامنے نہیں۔ مجھے اس بارے میں بات کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا، جس طرح سیاست اور کاپریٹ ورلڈ میں گروہ بندی کی جاتی ہے اسی طرح میڈیا میں کی جاتی ہے، یہاں لوگوں کا کیرئیر برباد کر دیا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس سپر اسٹار پریانکا چوپڑا جوناس نے بھی اس حوالے سے اپنی آواز بلند کی تھی اور بتایا تھا کہ کس طرح انڈسٹری کے چند طاقتور افراد کے گروہ نے انہیں بلیک لسٹ کر دیا تھا۔
اداکار نے بتایا کہ میرے ساتھ بھی ایسا ہی ہوا، مجھے انڈسٹری میں تنہا کرنے کی کوشش کی گئی، مجھےسائیڈ سے لگایا گیا، مجھے کاسٹ نہیں کیا جا رہا تھا، میرے حوالے سے منفی خبریں پھیلائی گئیں، جس کی وجہ سے مجھے مختلف پروجیکٹس سے نکال دیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ انڈسٹری کے رویے کی وجہ سے وہ اکیلے پن کا شکار ہوگئے تھے۔
خیال رہے کہ رنویر شوری پہلے بالی ووڈ فنکار نہیں ہیں جنہوں نے انڈسٹری میں گروہ بندی کے حوالے سے گفتگو کی ہو بلکہ اس سے قبل اے آر رحمٰن، کنگنا رناوت، روینہ ٹنڈن، منوج باجپائی، امیت سادھ، اور اوپین پٹیل نے بھی اسی بارے میں کھل کر گفتگو کرچکے ہیں۔