تیلگو سپر اسٹار الو ارجن نے دعویٰ کیا ہے کہ جعلی آئی ڈی والے پرستار غلط بیانی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم پشپا 2 کے پریمیر کے دوران بھگڈر مچنے کے حوالے سے نئے الزامات کے تناظر میں انہوں نے اتوار کو ایک نیا بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اپنے پرستاروں سے پُرسکون اور خاموش رہنے کی اپیل کی۔
اداکار نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لوگوں کو جعلی اکاؤنٹس بنا کر انکے مداحوں کو گمراہ کرنے سے باز رہنے کی تنبیہ کی۔ انکا کہنا تھا کہ اگر کوئی تضحیک آمیز پوسٹ میں ملوث پایا گیا تو اسکے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا۔
اس سے قبل انہوں نے ہفتے کی شام ایک پریس کانفرنس میں پرستاروں پر زور دیا تھا کہ وہ مسائل پیدا کرنے والے رویے سے دور رہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ الو ارجن کو تیلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریوانتھ ریڈی کی جانب سے اس واقعے کے حوالے سے نئے الزامات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ 4 دسمبر کو الو ارجن کی نئی فلم پشپا 2: دی رول کی حیدر آباد کے سندھیا تھیٹر میں پریمیئر تھا جہاں مداحوں نے اپنے پسندیدہ اداکار کی ایک جھلک دیکھنے کی کوشش کی جس کے باعث بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی تھی۔
جس کے بعد الو ارجن کو 13 دسمبر کو گرفتار کیا گیا تاہم اگلے دن تیلنگانہ ہائی کورٹ سے عبوری ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔