جماعت اسلامی کے ترجمان قیصر شریف نے کہا ہے کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان کےلیے انتخاب کا عمل جاری ہے۔
لاہور سے جاری بیان میں جماعت اسلامی کے ترجمان نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی کا ہر 5 سال بعد انتخاب دستوری تقاضا ہے۔ امیر جماعت اسلامی کا انتخاب آئندہ 5 سال کے لیے ہو رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق نو منتخب امیر جماعت اسلامی کی مدت اپریل 2029 تک ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ایک مکمل جمہوری جماعت ہے اور جماعت کے دستور کے مطابق ہر سطح پر باقاعدگی سے انتخابات ہوتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کسی فرد یا خاندان کی نہیں، ہر رکن اور کارکن کی جماعت ہے۔ ملک بھر کے تمام ضلعی دفاتر میں بیلٹ باکس موجود ہیں۔ ضلع کی سطح پر مرکزی انتخابی کمیشن کے نمائندے موجود ہیں۔ ملک بھر سے 46 ہزار اراکین خفیہ رائے شماری کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
ترجمان کے مطابق اضلاع اور صوبوں سے بیلٹ کے بند لفافے پہنچنے کی آخری تاریخ 31 مارچ ہے جبکہ یکم اپریل سے مرکزی دفتر انتخابی کمیشن منصورہ میں گنتی کا عمل شروع ہوگا۔ گنتی مکمل ہونے پر صدر انتخابی کمیشن راشد نسیم نتائج کا اعلان کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ مرکزی مجلس شوریٰ نے اراکین کی رہنمائی کےلیے تین نام تجویز کیے۔ جن میں سراج الحق، لیاقت بلوچ اور حافظ نعیم الرحمان شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اراکین جماعت اسلامی ان 3 کے علاوہ بھی کسی کو ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق اپنی دوسری دفعہ مدت امارات 8 اپریل کو پوری کر رہے ہیں، سراج الحق جماعت اسلامی کے پانچویں امیر ہیں۔
انہوں نے کہا اس سے قبل مولانا سید ابو اعلیٰ مودودی، میاں طفیل محمد، قاضی حسین احمد اور سید منور حسن امیر جماعت اسلامی رہے ہیں۔