کراچی(جنگ نیوز)اسرائیل کو گزشتہ شب ایران کی جانب سے داغے گئے میزائل اور ڈرونز مار گرانا بہت مہنگا پڑ گیا۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ ایران کے درجنوں میزائلوں اور ڈرونز کو مار گرانے کے لیے اسرائیل کو ایک ارب 35کروڑ ڈالر یعنی 3 کھرب 74ارب پاکستانی روپے سے زیادہ کے اخراجات برداشت کرنے پڑے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق میزائل اور ڈرون حملوں کو ناکام بنانے والے ایک ایرو میزائل کی قیمت 35 لاکھ ڈالر اور میجک وانڈ میزائل کی قیمت 10 لاکھ ڈالر ہے جبکہ حملہ ناکام بنانے کے لیے استعمال ہونے والے طیاروں کا خرچہ بھی کل اخراجات میں شامل ہے۔
خیال رہے کہ ایران نے گزشتہ رات 300سے زیادہ میزائل اور ڈرونز سے اسرائیل پر حملہ کیا تھا جبکہ اسرائیل نے درجنوں ایرانی میزائل اور ڈرون مار گرانے کا دعویٰ کیا تھا۔